تزئین عمر: تعلیم، خدمت اور قیادت کا حسین امتزاج

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-11-2025
تزئین عمر: تعلیم، خدمت اور قیادت کا حسین امتزاج
تزئین عمر: تعلیم، خدمت اور قیادت کا حسین امتزاج

 



ثانیہ انجم۔ بنگلورو
 تزئین عمر ایک ایسا نام جو محض سماجی خدمت کی تاریخ میں نہیں لکھا جاتا، بلکہ دلوں پر نقش چھوڑ جاتا ہے۔ وہ ایک ایسی خاتون ہیں جنہوں نے حالات کی سختیوں کو اپنی ہمت سے شکست دی، روایتوں کے بند دروازے اپنی بصیرت سے کھولے، اور ہزاروں زندگیوں کو تعلیم، وقار اور امید کا راستہ دکھایا۔ ایک 13 سالہ لڑکی کے طور پر ہندوستان کی وزیرِ اعظم اندرا گاندھی سے ملنے کا لمحہ جس نے ان کے اندر قیادت کی چنگاری روشن کی اور  وہ آج ایک روشنی بن چکی ہے جو پورے معاشرے کو راستہ دکھا رہی ہے۔
اندرا کی جھلک سے بااختیار زندگیوں کی وراثت تک
۔1974 میں ہندوستان کی پارلیمنٹ ہاؤس کے ایوانوں میں، بنگلورو کی ایک 13 سالہ لڑکی کے دل میں ایک ایسا ولولہ جاگا جو پوری زندگی کا رخ بدل دینے والا تھا۔ "درشن" نامی ثقافتی پروگرام میں سینکڑوں طلبہ کے درمیان سے صرف چند خوش نصیبوں کو اس وقت کی وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کا آٹو گراف ملا اور تزئین عمر انہی منتخب چند میں شامل تھیں۔ طاقت اور قیادت کے اس مختصر لمحے نے انہیں ایک اٹل سچ سمجھا دیا۔ قیادت نہ جنس دیکھتی ہے، نہ رکاوٹ، بلکہ صرف جرات مانگتی ہے۔ سالوں بعد، یہی لڑکی ہزاروں خاندانوں خاص طور پر خواتین اور بچوں کی زندگی بدلنے والی رہنما بن چکی تھیں۔ ان کا قائم کردہ ٹرسٹ “ہیومن ٹچ” آج امید، تعلیم اور وقار کا استعارہ ہے۔
بنگلورو کے کُچّی میمن خاندان میں پیدا ہونے والی تزئین  کی تربیت کاروبار اور روایت کے امتزاج میں ہوئی۔ ان کے والد کا ٹیکسٹائل کا کاروبار تھا، جہاں 1980 کی دہائی میں نوجوان لڑکی کا کام کرنا غیر معمولی بلکہ ناپسندیدہ سمجھا جاتا تھا۔ لیکن ان تجربات نے انہیں اعتماد، خودمختاری اور معاشرتی قیود توڑنے کی طاقت دی۔ تعلیم کے میدان میں بھی وہ غیر معمولی تھیں۔ سوفیا اسکول اور ماونٹ کارمل کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا۔
ہیومن ٹچ کی بنیاد
۔1999 میں انہوں نے وہ قدم اٹھایا جس نے ان کی زندگی کو ایک مقصد بخشا۔ ہیومن ٹچ کا آغاز خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے ہوا۔ کیلپرز، اصلاحی سرجریز، اور معاشرتی شمولیت کے مواقع نے اس ادارے کو سینکڑوں خاندانوں کے لیے مسیحا بنا دیا۔ سو سے زیادہ بچوں کی پیدائشی یا معمولی طبی سرجریز اسی ادارے کی بدولت ممکن ہوئیں۔ لیکن تزئین  کا وژن اس سے کہیں بڑا تھا۔ انہوں نے تعلیم، روزگار اور سماجی مساوات کی کمی کو اپنی آنکھوں سے محسوس کیا۔ 2000 میں، انہوں نے بالغ تعلیم کا مرکز قائم کیا، جس نے گوری پلیہ جیسے پسماندہ علاقوں میں خواندگی کی روشنی پہنچائی۔
مدرسہ، اجتماعی شادیاں اور خواتین کی کاروباری تربیت
سال 2004 میں انہوں نے الازہر اسکول قائم کیا۔ اسی سال انہوں نے ایک انقلابی قدم اٹھایا جو تھا اجتماعی شادیوں کا منصوبہ۔ غریب گھرانوں پر شادیوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے یہ شروعات ہوئی، جو اب 21 برسوں میں 1,750 شادیوں تک پہنچ چکی ہے۔ ان شادیوں کے ساتھ ساتھ مشاورت، مساجد کمیٹیوں کی معاونت، اور ازدواجی ہم آہنگی کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
سال 2007 میں انہوں نے لائف لائن فاؤنڈیشن قائم کی، جس نے 2,000 سے زائد مسلمان خواتین کو کاروبار، سلائی، ہنر مندی، اور مالی خواندگی کے ذریعے بااختیار بنایا۔ ایک ایسی برادری میں جہاں خواتین کی کاروباری شرکت کبھی معیوب سمجھی جاتی تھی، یہ ایک انقلاب تھا۔
اگر تزئین  کے تمام کاموں میں کوئی ایک مشترک دھاگہ ہے، تو وہ تعلیم ہے۔ ہیومن ٹچ ہر سال تقریباً 300 طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرتا ہے، خاص طور پر درمیانے طبقے کی لڑکیوں کو۔ ایک خاندان کا قصہ اُن کے دل کے بہت قریب ہے۔ ایک ایسی ماں جسے شوہر نے چھوڑ دیا تھا اور جو تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کی پرورش اکیلے کر رہی تھی۔ ہیومن ٹچ کی مدد سے وہ بیٹا آخرکار طب کی تعلیم مکمل کر کے مکہ میں ڈاکٹر بنا۔ آج وہ نہ صرف اپنے خاندان کی مدد کر رہا ہے بلکہ اسی ادارے کو عطیات بھی دیتا ہے۔ یہ ہے وہ تبدیلی جسے تزئین “مدد لینے والے سے مدد دینے والا” کہتی ہیں۔
ہمدردی کی سرحدیں نہیں ہوتیں
اگرچہ تزئین اپنی کُچّی میمن وراثت پر فخر کرتی ہیں۔ ان کے نانا نے کُچّی میمن ایجوکیشن ٹرسٹ بھی قائم کیا تھالیکن ان کی خدمت ہمیشہ مذہب سے بالاتر رہی ہے۔ ہیومن ٹچ نے بے شمار غیر مسلم خاندانوں کی بھی مدد کی۔ کووڈ -19 کے دوران فلاحی سرگرمیاں مشکل ہوئیں، لیکن ہیومن ٹچ نے پھر بھی ضرورت مندوں کی مدد جاری رکھی۔ ان کی خالہ رابعہ رزاق جو پریسٹیج گروپ کے عرفان رزاق کی والدہ ہیں ۔ ان کی اہم سرپرست تھیں۔ خاندان کی محبت اور اخلاقی حمایت نے تزئین  کے عزم کو مضبوط کیا۔
ہیومن ٹچ کی سیکریٹری ہونے کے ناطے وہ اب ایک فِنشنگ اسکول قائم کرنے جا رہی ہیں، جہاں نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اقدار اور اعتماد بھی سکھایا جائے گا۔ ان کا خواب ہے کہ خواتین اور بچوں کے بارے میں سماج کی سوچ بدلی جائے تبدیلی جو مستقل ہو، عارضی نہیں۔ ان کی خالہ رابعہ رزاق جو پریسٹیج گروپ کے عرفان رزاق کی والدہ ہیں ۔ ان کی اہم سرپرست تھیں۔ خاندان کی محبت اور اخلاقی حمایت نے تزئین  کے عزم کو مضبوط کیا۔
ہیومن ٹچ کی سیکریٹری ہونے کے ناطے وہ اب ایک فِنشنگ اسکول قائم کرنے جا رہی ہیں، جہاں نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اقدار اور اعتماد بھی سکھایا جائے گا۔ ان کا خواب ہے کہ خواتین اور بچوں کے بارے میں سماج کی سوچ بدلی جائے تبدیلی جو مستقل ہو، عارضی نہیں۔
تزئین عمر اپنے سفر کو اعزازات سے نہیں، بلکہ ان چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں سے جانتی ہیں جنہوں نے زندگیوں کا رخ بدلا۔ اندرا گاندھی کا  آٹوگراف پانے والی 13 سالہ لڑکی نے سیکھا کہ قیادت ہمت مانگتی ہے۔ اپنے والد کی دکان میں کام کرنے  والی نوجوان نے جانا کہ کاروبار بھی بااختیار بنا سکتا ہے۔ خصوصی بچوں کا ہاتھ تھامنے والی سماجی کارکن نے سمجھا کہ تبدیلی کی ابتدا ہمدردی سے ہوتی ہے۔
تزئین عمر صرف خدمت نہیں کرتیں وہ خدمت کی تعریف بدل دیتی ہیں۔ وہ صرف راہ نہیں دکھاتیں وہ راستے تراشتی ہیں۔ وہ صرف لوگوں کی مدد نہیں کرتیں وہ ان کی تقدیریں بدل دیتی ہیں۔ 13 سالہ لڑکی سے جو اندرا گاندھی کی جھلک سے متاثر ہوئی تھی، آج وہ خاتون بن چکی ہیں جو اسکولوں کی بنیاد رکھتی ہے، اجتماعی شادیوں سے گھروں کو آباد کرتی ہے، خواتین کو کاروبار سے جوڑتی ہے، اور نسلوں کو تعلیم کی روشنی سے روشن کرتی ہے۔ ان کی زندگی اس حقیقت کی گواہی ہے کہ حقیقی تبدیلی بڑے نعروں سے نہیں بلکہ نرم، مستقل، انسانیت بھرے لمس سے آتی ہے۔ جو ایک وقت میں ایک دل، ایک خاندان، اور ایک خواب کو بدل دیتا ہے۔