طیبہ افروز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2025
پائلٹ کی وردی میں حوصلے کی کہانی: طیبہ افروز
پائلٹ کی وردی میں حوصلے کی کہانی: طیبہ افروز

 



نوشاد اختر، پٹنہ

بہار کی بیٹی طیبہ افروز کی کہانی محض ایک پائلٹ بننے کا سفر نہیں، بلکہ جدوجہد، قربانی اور خوابوں کی بلند پروازی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔'پائلٹ آن موڈ'، 'بورن ٹو فلائی' اور 'ڈریم، اچیو، فلائی' جیسے الفاظ اگرچہ ان کے سوشل میڈیا پروفائل پر دلکش نعرے معلوم ہوتے ہیں، لیکن ان الفاظ کے پیچھے ایک ایسی حقیقت چھپی ہے جس میں زمین بیچنے، سماجی طعنوں کو سہنے اور جسمانی کمزوری پر قابو پانے جیسی مثالیں چھپی ہیں۔

سارن ضلع کے چھوٹے سے گاؤں جلال پور کی رہنے والی طیبہ افروز آج بہار کی پہلی مسلم خاتون کمرشل پائلٹ ہیں۔ یہ کامیابی یوں ہی حاصل نہیں ہوئی۔ان کے والد متیع الحق ایک معمولی کریانہ دکان چلاتے تھے اور ان کی والدہ سمسن نیشہ گھریلو ذمہ داریوں میں مصروف رہتی تھیں۔مگر جب بیٹی نے خواب دیکھا تو وہ دونوں اس خواب کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔

طیبہ نے بچپن میں ہی کہہ دیا تھا کہ وہ پائلٹ بننا چاہتی ہیں۔ گاؤں میں ایسا خواب دیکھنا بھی گناہ سمجھا جاتا تھا، لیکن ان کے والد نے بیٹی کی خواہش کو خواب بننے دیا۔بارہویں کے بعد جب طیبہ نے اپنے پائلٹ بننے کی خواہش ظاہر کی تو خاندان حیران رہ گیا، لیکن ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی اور محنت نے ان کے والد کا اعتماد جیت لیا۔

ایک تقریب میں طیبہ افروز  کو اعزاز سے نوازا گیا


اصل چیلنج تھا، پیسوں کا۔ مہنگی ہوا بازی کی تربیت ان کے بس کی بات نہ تھی۔لیکن ان کے والدین نے فیصلہ کیا کہ بیٹی کے خواب ادھورے نہیں رہنے دیں گے۔انہوں نے اپنی آبائی زمین بیچ کر وہ رقم جمع کی جس سے طیبہ کو بھونیشور کے سرکاری ہوا بازی تربیتی ادارے میں داخلہ دلایا گیا۔یہ سفر آسان نہیں تھا۔ تربیت شروع ہونے کے کچھ ہی دن بعد طیبہ کو پتھری کی شکایت ہو گئی اور طبی بورڈ نے انہیں نا اہل قرار دے دیا۔یہ خبر کسی صدمے سے کم نہ تھی۔ جس زمین کی قیمت پر ایک خواب خریدا گیا تھا، وہ خواب اب ماند پڑتا نظر آ رہا تھا۔

لیکن طیبہ نے ہار نہیں مانی۔انہوں نے آپریشن کروایا، صحت یاب ہوئیں اور دوبارہ تربیت شروع کی۔تقریباً 80 گھنٹے کی پرواز مکمل کرنے کے بعد، ایک اور حادثہ پیش آیا،ایک تربیتی پائلٹ کی موت نے ادارے میں سناٹا پھیلا دیا۔یہ واقعہ طیبہ کے دل پر ایسا اثر ڈال گیا کہ انہوں نے تربیت درمیان میں ہی روک دی۔ایک بار پھر لگا کہ خواب ٹوٹ جائے گا۔

مگر ان کے والد اور خاندان کے حوصلے نے انہیں سنبھالے رکھا۔بینک آف انڈیا سے قرض لیا گیا،ایک ریٹائرڈ ڈی جی پی کی مدد حاصل کی گئی، اور طیبہ نے اندور فلائنگ کلب میں دوبارہ اڑان بھرنے کی تیاری شروع کی۔اس بار انہوں نے باقی 120 گھنٹے کی تربیت مکمل کی اور ڈی جی سی اے سے لائسنس حاصل کیا، وہی لائسنس جو کسی بھی شخص کو کمرشل پائلٹ بننے کی قانونی اجازت دیتا ہے۔ان کی تربیت تقریباً دوتین سال چلی جس میں تھیوری کے امتحانات، سمیولیٹر ڈرلز اور اصل پروازیں شامل تھیں۔

  طیبہ افروز کے والد مطیع الحق اور والدہ شمس النسا ضلع سارن کے ایک چھوٹے سے گاؤں جلال پور میں اپنے گھر پر 


 طیبہ کو ایک تقریب میں 


انہوں نے 200 گھنٹے کی سخت فلائٹ مکمل کی، جس میں موسم کی مار، تکنیکی مشکلات اور ذہنی دباؤ شامل تھے۔طیبہ کہتی ہیں۔100 گھنٹے تنہا اڑنا ضرور ڈراؤنا تھا، مگر خوف نے کبھی میرے دماغ پر قابو نہیں پایا۔"جب وہ فلائٹ کرنے لگیں تو ان کی کہانی خبروں میں چھا گئی۔بہت سے لوگوں نے ان کی تعریف کی، لیکن کچھ کٹر پسند حلقے ان پر تنقید بھی کرنے لگے۔کچھ لوگوں نے کہا کہ ایک مسلمان لڑکی کا پائلٹ کی وردی پہننا "حرام" ہے اور اسے بُرقہ پہننا چاہیے۔ طیبہ نے ان باتوں کا جواب شائستگی اور مضبوطی سے دیا،کاک پٹ میں کوئی ڈریس کوڈ نہیں ہوتا۔ جہاز کو یہ فرق نہیں پڑتا کہ آپ کیا پہنتے ہیں یا کہاں سے آتے ہیں۔"آج طیبہ صرف ایک پائلٹ نہیں، بلکہ ایک تحریک بن چکی ہیں۔وہ ہر اس لڑکی کے لیے مثال ہیں جو یہ سمجھتی ہے کہ خواب صرف وسائل والوں کے ہوتے ہیں۔

وہ بہار کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے نکل کر اس آسمان تک پہنچی ہیں جہاں سے اب وہ دوسروں کو راستہ دکھا رہی ہیں۔ان کی ابتدائی تنخواہ 1.5 لاکھ روپے ماہانہ ہے، لیکن ان کے لیے یہ محض تنخواہ کا معاملہ نہیں ہے۔ان کی اصل کامیابی وہ پہچان ہے جو انہوں نے بنائی ہے۔وہ پہچان جو ہر اس مسلمان لڑکی کو راستہ دکھاتی ہے جسے سماج یہ کہہ کر روکنا چاہتا ہے کہ "یہ تمہارے لیے نہیں ہے۔ طیبہ کا سادہ سا جواب ہے"اس مسلمان لڑکی کو دیکھو، وہ جہاز اُڑا سکتی ہے۔ان کے والد کا اس سفر میں کردار بے مثال ہے۔وہ ،خود کہتے ہیں اگر میں نے زمین بیچی، تو میری بیٹی نے آسمان خرید لیا۔

یہ ایک جملہ ان کی کہانی کا خلاصہ ہے۔وہ ان لاکھوں والدین کے لیے مثال ہیں جو اپنی بیٹیوں کے خوابوں سے ڈرتے ہیں۔اور طیبہ ان لاکھوں بیٹیوں کے لیے تحریک ہیں جو سماجی بندشوں کو توڑنے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔ان کی کہانی یہ سکھاتی ہے کہ آسمان کوئی حد نہیں، بلکہ ایک آغاز ہے۔یہ سفر اس مٹی سے شروع ہوا جہاں آج بھی لڑکیوں کو خواب دیکھنے سے پہلے گھر گرہستی سکھائی جاتی ہے۔لیکن طیبہ افروز نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر حوصلہ ہو، تو کھیت بک سکتا ہے، مگر خواب نہیں۔