زکات براےَ تعلیم- تنویر احمد نے بدلا ہزاروں بچوں کامستقبل
Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 03-11-2025
زکات براےَ تعلیم- تنویر احمد نے بدلا ہزاروں بچوں کامستقبل
زیب اختر / رانچی
سال 2010 میں جب رانچی کے اسلام نگر اور بابا کھتّل جیسے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران مکانات منہدم کیے گئے، تو سینکڑوں خاندان اچانک بے گھر ہوگئے۔ ان میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بچے تھے ۔ بہت سے بچے اپنے امتحانات سے محروم رہ گئے، جب کہ کئی نے ہمیشہ کے لیے اسکول چھوڑ دیا۔
اسی مشکل گھڑی میں ایک اُمید کی کرن ابھری۔ تنویراحمد نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں ان بچوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔ان کے ذہن میں ایک خیال آیا اگر حالات نے ان سے اسکول چھین لیا ہے، تو کیوں نہ ہم تعلیم کو ان کے پاس واپس لے آئیں۔ یہی خیال ایک سفر کی شروعات بنا دوستی سے تعلیم تک کا سفر۔
تنویراحمد کہتے ہیں کہ ہماری مہم کا مقصد رانچی اور جھارکھنڈ کے پسماندہ طبقے کے ان بچوں تک پہنچنا ہے جو تعلیم کے دھارے سے کٹتے جا رہے ہیں۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ تعلیم ہی وہ کنجی ہے جو ان کے مستقبل کو بدل سکتی ہے۔ رانچی کا نام سنتے ہی سرسبز پہاڑیوں اور تیزی سے ترقی کرتے شہر کا تصور ذہن میں آتا ہے، مگر اس کے پیچھے ایک اور حقیقت چھپی ہے ۔ شہر کی بڑی آبادی جھگیوں اور عارضی بستیوں میں زندگی گزار رہی ہے۔
اس چیلنج کا سامنا تنویراحمد نے اکیلے نہیں کیا۔ ان کے ساتھ ہم خیال دوست محمد خلیل، قمر صدیقی، شمیم اختر، محمد جاوید اور مظہر حسین بھی شامل ہوگئے۔ یہ سب بستیوں میں گھر گھر گئے، لوگوں سے دوستی کی، بچوں کو اسکول واپس لانے کی ترغیب دی اور والدین کو یقین دلایا کہ ان کے بچوں کی تعلیم اہم ہے اور وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ مگر صرف سمجھانا کافی نہیں تھا سب سے بڑی رکاوٹ پیسہ تھی۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تنویراحمد اور ان کے ساتھیوں نے ایک انوکھا راستہ نکالا ۔ انہوں نے رمضان کے دوران دی جانے والی زکوٰۃ کا 10 تا 20 فیصد تعلیمِ غریب بچوں پر خرچ کرنے کی مہم شروع کی۔
ابتدائی طور پر انہوں نے 85 بچوں کی ذمہ داری سنبھالی ۔ ان کی فیس، کتابوں اور بنیادی ضرورتوں کا بندوبست کیا۔ مگر چیلنج یہیں ختم نہیں ہوا۔ کئی طلبہ پڑھائی میں کمزور نکلے اور دوبارہ تعلیم چھوڑنے کے خطرے میں آگئے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے تنویراحمد اور ان کی ٹیم نے "ہوم کوچنگ ٹیوشن" کے نام سے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ۔ جھگیوں کے اندر ہی مفت ٹیوشن سینٹر قائم کیے گئے تاکہ بچے پیچھے نہ رہ جائیں۔ نویں سے بارہویں جماعت تک کے لیے الگ الگ بیچز بنائے گئے۔ ان مراکز نے بچوں کو اعتماد واپس دلایا اور انہیں تعلیم کی راہ پر واپس لے آئے۔
آہستہ آہستہ انہوں نے مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام بھی شروع کی تاکہ محنتی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ مالی مدد کے ساتھ ساتھ انہیں کامیابی کی ترغیب دی گئی۔ آج یہ تحریک "فرینڈز آف ویکر سوسائٹی" کے نام سے جانی جاتی ہے۔ گزشتہ 12 سے 13 برسوں میں تنویراحمد اور ان کی ٹیم نے 6000 سے زائد بچوں کو تعلیم کی روشنی دی ۔
ان کا کام صرف تعلیم تک محدود نہیں
ہر سردی میں وہ بچوں کو گرم کپڑے اور سویٹر دیتے ہیں۔ رمضان یا کسی بحران کے دوران غریب خاندانوں میں راشن اور کھانا پہنچاتے ہیں۔ وہ مفت طبی کیمپ بھی لگاتے ہیں اور "ڈور ٹو ڈور ایڈمیشن پروگرام" چلاتے ہیں تاکہ کوئی بچہ اسکول میں داخلے سے محروم نہ رہ جائے۔ اقلیتی طلبہ کے لیے سرکاری اسکالرشپ اسکیموں کے بارے میں آگاہی مہمات بھی چلاتے ہیں۔ ان کی کوششوں سے اسکول چھوڑنے والے بچوں کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جو بچے کبھی غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم ہو رہے تھے، آج ملک کے اعلیٰ انجینئرنگ اور میڈیکل کالجوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس کا سب سے حیرت انگیز پہلو یہ ہے کہ یہ تمام کام کسی بھی سرکاری امداد کے بغیر جاری ہے۔ دس برس سے زائد عرصے سے تنویراحمد اور ان کی ٹیم صرف اعتماد، ایثار، اور سماجی تعاون پر یہ کارنامہ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے تعلیم کو صرف کتابوں کا معاملہ نہیں، بلکہ دوستی اور ایمان کا مشن بنا دیا ہے۔ آج رانچی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تقریباً دو ہزار بچے براہِ راست ان کی کاوشوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کی کہانی اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ جب دوستی، سچائی اور اجتماعی جذبہ یکجا ہو جائیں، تو نہ صرف تعلیم پروان چڑھتی ہے بلکہ خواب بھی حقیقت بن جاتے ہیں۔ تنویراحمد اور ان کی ٹیم نے سچ میں ثابت کر دیا ہے کہ تعلیم ہی اُمید کی سب سے روشن روشنی ہے۔