سری ایم، ایک صوفی جو مذہب سے بالاتر ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-08-2025
سری ایم، ایک صوفی جو مذہب سے بالاتر ہے
سری ایم، ایک صوفی جو مذہب سے بالاتر ہے

 



سری لتھا مینن/ تریچور

سری ممتاز علی، جو اپنے ماننے والوں میں سری ایم کے نام سے مشہور ہیں، کیرالا کے ترواننت پورم میں ایک مسلمان کے گھر پیدا ہوئے اور وہ ایک روحانی استاد ہیں جو مختلف مذاہب اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں ماننے والوں کی رہنمائی کرتے ہیں، جس نے انہیں بیسویں صدی کے اہم روحانی رہنماؤں یا گروؤں میں شمار کیا ہے۔بچپن میں وہ تجسس رکھنے والے تھے اور وجود اور حقیقت کے مختلف نظریات پڑھتے رہتے تھے… چاہے وہ ہندو ہوں یا یونانی یا عیسائینوجوانی میں انہوں نے اپنا گھر چھوڑ دیا کسی ایسے شخص کی تلاش میں جو انہیں اپنے بارے میں اور اس زمین پر اپنے وجود کے بارے میں مزید جاننے میں مدد دے سکے۔

ان کی کتاب Apprenticed to a Himalayan Masterہمالیہ میں ان کے سفر اور بدری ناتھ کے ایک صوفی مہیشورناتھ بابا سے ملاقات کی کہانی بیان کرتی ہے۔یہی سادھو اس وقت ان کے گھر کے پچھواڑے میں نمودار ہوئے تھے جب وہ صرف آٹھ سال کے تھے۔ ان کی پچھواڑے میں ایک کٹھل کے درخت کے نیچے اچانک آمد، ان کا پراسرار پیغام دینا کہ وہ انہیں بعد میں ملیں گے اور پھر ان کا اسی طرح پراسرار طور پر غائب ہو جانا، یہ سب ان کی خودنوشت میں بیان کیا گیا ہے۔

بدری ناتھ میں سری ایم نے خود کو باباجی کے شاگرد کے طور پر پیش کیا اور ان کے ساتھ تین سال گزارے، پہاڑوں میں ان کے ساتھ سفر کیا اور ان سے اعلیٰ حقیقت کے تمام راز سیکھے۔انہیں وہ باتیں یاد آتی تھیں جو انہوں نے کبھی پڑھی بھی نہیں تھیں اور وہ اپنے ان تجربات کو اپنی پچھلی زندگیوں سے جوڑتے ہیں۔سری ایم مختلف مذاہب کے لوگوں کو کریا یوگا اور دیگر طریقہ ہائے مراقبہ میں شامل کرتے ہیں تاکہ ان کی روحانی سفر میں مدد ہو۔وہ لوگوں کو تلقین کرتے ہیں کہ اپنے عقائد پر قائم رہیں اور کہتے ہیں کہ سچائی وہی ہے جس تک ہر مذہب پہنچنے کی کوشش کرتا ہے۔وہ اپنشدوں، بھاگوتھم، گیتا اور دیگر مقدس متون پر خطبات دیتے ہیں اور دنیا کے مختلف حصوں کا سفر کرتے ہیں جب وہ اپنے آشرم، مدناپلے (آندھرا پردیش) میں نہیں ہوتے۔ وہ مدناپلے میں قبائلی بچوں کے لیے ایک فلاحی، مفت اسکول بھی چلاتے ہیں۔

اپنے نام کی وضاحت کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ایم(M)کا مطلب مانو یعنی انسان ہے اور وہ بس ایک انسان ہیں۔ ایم ان کے اصل نام ممتاز علی کے لیے بھی ہے اور مدھو کے لیے بھی، وہ نام جس سے ان کے گرو انہیں پکارتے تھے۔ وہ اپنے آپ کو ایک نو عمر برہمن یوگی کے طور پر یاد کرتے ہیں جس کا نام مدھو تھا اور جو ہمالیہ میں مہاوتار بابا (وہی "امر یوگی" جن کا ذکر پرم ہنس یوگنند کی کتاب میں بھی ہے) کی رہنمائی میں سخت ریاضت کرتا تھا۔

سری ایم، جنہیں حکومت ہند نے پدم بھوشن سے نوازا ہے، نے 2014 میں ایک واک آف ہوپ پیدل یاترا کی قیادت کی جو کنیا کماری سے شروع ہو کر سرینگر میں ختم ہوئی۔راستے میں چھوٹے گاؤں میں رکتے ہوئے وہ دیہاتیوں سے گھل مل جاتے اور انہیں مختصر طور پر گیتا کا بنیادی پیغام سناتے:"کہ الوہی روح ہر انسان میں بستی ہے۔"وہ بار بار گیتا کی ان سطروں  کو دہراتے ہیں جن میں کرشن کے محبوب بھکت کی صفات بیان کی گئی ہیں: یعنی وہ جو اپنی حواس پر قابو رکھے، ہر حال میں پرسکون رہے اور دوسروں کی بھلائی کے لیے جیے۔

اپنے گرو کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ آپ شاید اسے پہچان نہ پائیں لیکن وہ خاموشی سے آپ کی رہنمائی کرتا ہے۔ حقیقی استاد خود بھگوان ہے جو اپنے بھکت کی رہنمائی کے لیے مختلف صورتیں اختیار کرتا ہے۔" وہ لوگوں کو یہ نصیحت بھی کرتے ہیں کہ انہیں ان کی ذات کو زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے بلکہ ان کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔

سری ایم، جو اب 75 برس کے ہیں، دنیا بھر کا سفر کرتے ہیں اور انسانی بھائی چارے اور کائنات کی روحانی یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔ وہ ہر موقع پر یہ منتر دہراتے ہیں۔"اکم ست، وپرا بہودھا وادنتی"یعنی سچائی ایک ہی ہے، اسے دانا مختلف طریقوں سے بیان کرتے ہیں۔ان کے امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام نے ہر مذہب کے ماننے والوں کے دلوں میں گونج پیدا کی ہے۔ وہ خود ہندو اور مسلمان دونوں مذاہب کا امتزاج رکھنے والے اور بے شمار ماننے والوں کے ساتھ کائنات میں روحانی اتحاد کی علامت بن گئے ہیں۔