دانش علی کی تحریر
کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے ایک دور افتادہ کونے میں، جہاں کبھی عسکریت پسندی نے خوابوں پر سایہ ڈال دیا تھا اور تعلیم محض ایک دور کی آرزو بن چکی تھی، وہاں ایک خاتون کی ہمت اور وژن نے ایک بکھرتے ہوئے خیال کو ایک پھلتے پھولتے ادارے میں بدل دیا۔شبنم کوثر، آرمی گڈول اسکول(AGS) بانڈی پورہ کی پرنسپل، نہ صرف اس اسکول کی تقدیر بدلنے میں کامیاب ہوئیں بلکہ ہزاروں دلوں میں امید کی چنگاری روشن کر دی۔صرف چار طلبہ سے شروع ہو کر بھارتی ٹیلنٹ اولمپیاڈ کے باوقار ’’بہترین پرنسپل ایوارڈ‘‘ تک کا سفر، شبنم کی کہانی غیر معمولی عزم و ہمت کی داستان ہے۔
بانڈی پورہ کے گنڈبل کالوسہ گاؤں میں پیدا ہونے والی شبنم کا بچپن کشمیر میں جاری تنازع اور خوف کی تلخ حقیقتوں میں گزرا۔انہوں نے مقامی اداروں سے تعلیم حاصل کی—اور یہی تعلیم بعد میں ان کے لیے سب سے طاقتور ذریعۂ خود مختاری ثابت ہوئی۔2004 میں جب وادی میں شورش نے زندگی کو درہم برہم کر رکھا تھا، تو بھارتی فوج کی 14 راشٹریہ رائفلز نے تعلیم کی قدروں کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے کھڑپورہ بانڈی پورہ میں ایک اسکول قائم کیا۔ یوںAGS بانڈی پورہ کی بنیاد رکھی گئی—شکوہ و جلال میں نہیں، بلکہ امید اور بے بسی کے امتزاج میں۔
شبنم یاد کرتی ہیں کہ ’’میں خود اس وقت طالبہ تھی جب میں نے اخبار میں اشتہار دیکھا۔ میرے اندر سے کوئی آواز آئی کہ مجھے اساتذہ کی اس اسامی کے لیے درخواست دینی چاہیے۔‘‘انہوں نے تحریری امتحان پاس کیا اور استاد کی حیثیت سے اسکول سے جڑ گئیں۔ ایک سینئر امیدوار کو پرنسپل مقرر کیا گیا۔صرف چار طلبہ کے داخلے سے اسکول کا حوصلہ پست تھا۔ بمشکل 20 دن بعد پرنسپل نے استعفیٰ دے دیا۔انہوں نے مجھے چابیاں تھماتے ہوئے کہا، ’چار بچوں سے اسکول نہیں چل سکتا۔ یہ چابیاں انتظامیہ کے حوالے کر دو اور خود کالج لوٹ جاؤ۔ شبنم بتاتی ہیں۔یہ کہانی یہاں ختم بھی ہو سکتی تھی۔ لیکن شبنم کے لیے یہ آغاز تھا۔
ہمت ہارنے کے بجائے وہ اکیلی روز اسکول آتیں۔ نہ کوئی کلاس تھی، نہ عملہ، نہ ڈھانچہ—صرف چند پلاسٹک کی کرسیاں، دو گول میزیں اور ایک بلیک بورڈ۔ پھر بھی انہوں نے وہاں مستقبل دیکھا جہاں اور لوگ ناکامی دیکھتے تھے۔ان کی لگن جلد ہی انتظامیہ کی نظر میں آئی۔ انہیں پرنسپل بنا دیا گیا۔ یہ وہ لمحہ تھا جس سےAGS بانڈی پورہ کی حقیقی تبدیلی شروع ہوئی۔کسی تجربے، وسائل یا سہارے کے بغیر—یہاں تک کہ اپنے خاندان کی حمایت کے بغیر—شبنم نے گھر گھر جا کر والدین کو بچوں کو اسکول بھیجنے کی اپیل شروع کی،لوگ ہنستے تھے۔ کہتے تھے یہ اسکول کیا خاک چلے گا جس کی نہ عمارت ہے، نہ تاریخ، نہ استاد، وہ کہتی ہیں۔ لیکن ان کے حوصلے کو کم کر دینا کسی کے بس میں نہیں تھا۔
اکتوبر 2004 میں بڑی تبدیلی آئی۔ جب 29 بچوں نے داخلہ لیا، تو انہوں نے سالانہ تقریب منعقد کی،و اس طرح کے نوخیز ادارے کے لیے بے مثال بات تھی۔یہ تقریب مقامی کیبل چینل پر نشر ہوئی اور عوامی ردعمل شاندار رہا۔ ’’اگلے سیشن میں تقریباً 200 داخلے ہوئے، وہ مسکراتے ہوئے کہتی ہیں۔ ان کی محنت رنگ لے آئی۔ایک نوجوان خاتون جو فوج کے زیر انتظام اسکول کی سربراہی کر رہی تھیں، وہ بھی ایک قدامت پسند اور تنازعات سے بھرے معاشرے میں،ان پر کئی اطراف سے دباؤ اور تنقید ہوئی۔’’مجھے دھمکایا گیا، ہراساں کیا گیا اور عوامی طور پر بدنام کیا گیا،‘‘ وہ یاد کرتی ہیں۔ ’’میرے والدین بھی ابتدا میں خوف زدہ تھے۔اس مشکل وقت میں ان کا واحد سہارا ان کے ماموں تھے، جو بانڈی پورہ کے معزز استاد تھے۔ ’’وہ ہمیشہ کہتے تھے، ’ایک دن تم اس اسکول کو ضلع کا بہترین ادارہ بنا دو گی‘—اور یہی یقین مجھے زندہ رکھتا تھا۔شبنم کا سب سے اہم فیصلہ لڑکیوں کی تعلیم پر زور دینا تھا۔ ’’اس وقت لوگ اپنی بیٹیوں کو مقامی اسکولوں تک نہیں بھیجتے تھے، باہر کی تقریبات میں شرکت تو دور کی بات ۔
لیکن شبنم نے یہ روایت توڑنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے نہ صرف تعلیمی معیار بلند کیا بلکہ لڑکیوں کو ضلعی، ریاستی اور قومی سطح کی تقریبات میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے۔ ’’آج ہمارے اسکول کی لڑکیاں ہر مقابلے میں سب سے زیادہ تعداد میں شریک ہوتی ہیں،‘‘ وہ فخر سے کہتی ہیں۔AGS بانڈی پورہ کے لیے دن رات محنت کے ساتھ شبنم نے اپنی تعلیم بھی جاری رکھی۔ آج وہ دو پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں اور بی ایڈ کی حامل ہیں۔’’وہ کہتی ہیں کہ تعلیم نے مجھے بااختیار بنایا اور میں یہی طاقت اپنے معاشرے میں لوٹانا چاہتی تھی،اس سال ان کی دو دہائیوں کی جدوجہد کو اس وقت پہچان ملی جب بھارتی ٹیلنٹ اولمپیاڈ نے انہیں ’’بہترین پرنسپل ایوارڈ‘‘ سے نوازا۔بھارت بھر کے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ اسکولوں میں سے صرف 1000 پرنسپلز کو یہ اعزاز ملا۔
شبنم کہتی ہیں کہ یہ محض میری کامیابی نہیں،یہAGS بانڈی پورہ کی، ہر اس لڑکی کی جیت ہے جسے کبھی تعلیم سے محروم رکھا گیا، ہراس والدین کی جیت ہے جنہوں نے خواب دیکھنے کی ہمت کی، ۔یہ ایوارڈ نقد انعام، ٹرافی اور تحفے پر مشتمل ہے، لیکن ان کے لیے اصل اہمیت اس اعتراف کی ہے۔ جو خاتون کبھی چار طلبہ کے ساتھ تنہا اسکول چلاتی تھی، آج اس کے لیے یہ سب خوابوں کی تعبیر ہے۔آجAGS بانڈی پورہ ایک معتبر ادارہ بن چکا ہے۔ طلبہ انعامات جیتتے ہیں، اساتذہ پرجوش ہیں اور کلاس رومز علم و خوشی سے آباد ہیں۔یہ اسکول کشمیر میں تعلیم کے احیا اور حوصلے کی علامت ہے—اور اس کی بنیاد رکھنے والی شبنم کوثر ہیں، جو ہار ماننے کو تیار نہ ہوئیں۔
ان کی کہانی اب نہ صرف بانڈی پورہ یا کشمیر بلکہ پورے ملک کی خواتین کو متاثر کر رہی ہے۔ وہ کئی کانفرنسوں میں مدعو کی جاتی ہیں، اساتذہ کی رہنمائی کرتی ہیں اور نوجوان لڑکیوں کو قیادت کی راہ دکھاتی ہیں۔میں ہمیشہ کہتی ہوں، اگر کوئی آپ پر یقین نہیں کرتا، تو آپ خود پر یقین کریں۔ کیونکہ جب آپ ایمانداری، اخلاص اور وژن کے ساتھ کام کریں گے، دنیا آخرکار آپ کی کوششوں کو تسلیم کرے گی۔آج جب تعلیمی ادارے عمارتوں اور سہولتوں سے پرکھے جاتے ہیں، شبنم کوثر اورAGS بانڈی پورہ کی کہانی یاد دلاتی ہے کہ تعلیم کی اصل روح لگن، ہمت اور انسان دوستی ہے۔ترک شدہ اسکول کی چابیاں تھامنے سے لے کر قومی ایوارڈ تھامنے تک، شبنم کا سفر ثابت کرتا ہے کہ ایک فرد کی ہمت کتنی بڑی تبدیلی لا سکتی ہے۔کشمیر کے دل میں وہ محض ایک پرنسپل نہیں، تبدیلی کی اصل محرک بن چکی ہیں۔