ستار ماسٹر کی رابندر-نذرل اکیڈمی: سب کے لیے اُمید کا چراغ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2025
 ستار ماسٹر کی رابندر- نذرل اکیڈمی: سب کے لیے اُمید کا چراغ
ستار ماسٹر کی رابندر- نذرل اکیڈمی: سب کے لیے اُمید کا چراغ

 



قطب احمد / مرشدآباد

عبدالستار، جو پیار سے "ستّار ماسٹر" کہلاتے ہیں، جَلانگی کے لوگوں کے دلوں میں تعلیم کے فروغ کے باعث بے پناہ عزت و احترام رکھتے ہیں۔ وہ رابندر-نذرل اکیڈمی کے روحِ رواں ہیں، جہاں سات سو طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔جَلانگی-ڈومکل اسٹیٹ ہائی وے سے محض چند سو میٹر کے فاصلے پر یہ ادارہ واقع ہے، جہاں داخل ہوتے ہی رہائشی اور غیر رہائشی طلبہ کی شوخ آوازیں استقبال کرتی ہیں۔

ہمارے دورے کے موقع پر ادارے کے خزانچی لطف الرحمٰن نے پرتپاک استقبال کیا اور کچھ ہی دیر بعد خود عبدالستار بھی آ موجود ہوئے،سادہ مزاج، عینک پہنے ہوئے، اور آنکھوں میں اُمید کی چمک لیے۔ ان کے ساتھ تعلیم کے شیدائی رشیدالاسلام، سیکریٹری عمران علی شیخ، اسسٹنٹ سیکریٹری زہورا خاتون، غلام مرتضیٰ، حسینہ خاتون اور رحمٰن بھی موجود تھے۔ یہی ٹیم اس عظیم کاوش کی اصل بنیاد ہے۔

یہ اکیڈمی 2020 میں قائم ہوئی، اور ابتدا ہی میں والدین کو صاف الفاظ میں بتایا گیا کہ:تعلیم بچے کے ذہن میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا عمل ہے۔ رابندر-نذرل اکیڈمی کا مقصد ہر بچے کو ایک اچھا شہری بنانا ہے،" عبدالستار وضاحت کرتے ہیں۔اس اسکول کی اصل انفرادیت اس کا شمولیاتی نظریہ ہے—کسی ایک برادری کو کوئی خاص رعایت حاصل نہیں، اور ہر طالب علم کو اپنی مذہبی آزادی میسر ہے۔

عبدالستار کا کہنا ہے کہ "ہم انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی کے ذریعے ہم اخلاقی اقدار پروان چڑھاتے ہیں تاکہ بچے ایسے شہری بن سکیں جو قوم کی خدمت کریں۔ ہمارا مقصد صرف ڈاکٹر اور انجینئر تیار کرنا نہیں، بلکہ ایسے منتظم، پالیسی ساز اور قائدین بھی پیدا کرنا ہے جو سماجی، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں قیادت کرسکیں۔"

اکیڈمی کا زور ایسے خود کفیل افراد کی پرورش پر ہے جو سماجی شعور رکھتے ہوں، جذباتی طور پر حساس ہوں اور سچے محبِ وطن ہوں۔ اسی مقصد کے تحت یہاں جدید، سائنسی خطوط پر تیار کردہ تعلیمی طریقے اور مضبوط اخلاقی بنیادیں یکجا کی گئی ہیں تاکہ بچے ایک طرف ذمہ دار شہری اور دوسری طرف باصلاحیت رہنما بن سکیں۔اس ادارے کی ایک بڑی طاقت اس کی ہم آہنگی ہے۔ ستّار ماسٹر کے غیر متزلزل عزم اور فرقہ وارانہ اتحاد کے جذبے کے تحت اسکول ہندو اور مسلم طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ ان کی انسان دوست سوچ نے ہر برادری کے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہے، اور والدین بلا جھجک اپنے بچوں کو اس ادارے کے سپرد کرتے ہیں۔

اسکول مغربی بنگال بورڈ آف پرائمری و سیکنڈری ایجوکیشن کے نصاب پر چلتا ہے اور تربیت یافتہ و مستند اساتذہ تعینات ہیں۔ تدریس کے عمل میں آڈیو-ویژوئل آلات کا استعمال کیا جاتا ہے اور کمزور طلبہ کے لیے خصوصی کلاسز کا اہتمام بھی ہے۔ نصاب میں ہندی اور کمپیوٹر کی تعلیم پر بھی زور ہے۔ کھیل، موسیقی، رقص، کراٹے اور فنونِ لطیفہ کے ذریعے ہمہ جہت تربیت دی جاتی ہے۔لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ ہاسٹل قائم ہیں جہاں معیاری خوراک اور صاف پینے کا پانی مہیا کیا جاتا ہے، جبکہ ڈے اسکالر طلبہ کو بھی اضافی سہولیات میسر ہیں۔ ایک وسیع میدان، جو ستّار خاندان کی ملکیت ہے، کیمپس کی رونق بڑھاتا ہے، اور مرکزی عمارت بھی عبدالستار کی ذاتی زمین پر تعمیر کی گئی ہے۔ اپنی خاندانی جائیداد کو تعلیم کے لیے وقف کرنا دراصل حقیقی قربانی ہے،اپنی دولت اور توانائی کو قوم کے مستقبل کے لیے نچھاور کرنا کوئی معمولی بات نہیں۔

اپنے خواب کا ذکر کرتے ہوئے عبدالستار کہتے ہیں:"میری دیرینہ خواہش تھی کہ ایک ایسا اسکول قائم کروں جو دوسروں سے منفرد ہو۔" 2020 میں ریٹائرمنٹ کے بعد اس کی بنیاد رکھی گئی، اگرچہ وبا کے باعث ایک سال سے زیادہ تاخیر ہوئی۔یہ اکیڈمی، جو محض سماجی خدمت کے جذبے سے چلائی جا رہی ہے، آج 700 طلبہ اور 53 عملے کے ارکان پر مشتمل ہے—یہ سب کچھ ان کی سادگی، محبت اور نرم قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔کبھی سیاست میں سرگرم رہنے والے ستّار ماسٹر نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کے لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔ آج کے دور میں ایسے بااصول شخصیات نایاب ہیں، لیکن انہی کی بدولت تعلیم کے لیے جوش و خروش باقی ہے۔

انہی کوششوں سے انہوں نے صادق خان کی ڈیار (بابوپارا)، جَلانگی میں ربندر-نذرل اکیڈمی قائم کی۔ یہ بنگالی میڈیم اسکول نرسری سے بارہویں جماعت تک چلتا ہے اور رہائشی و غیر رہائشی طلبہ دونوں کی خدمت کرتا ہے۔دو بیٹوں کے والد عبدالستار نے اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کو یقینی بنایا اور ساتھ ہی بے شمار دوسرے بچوں کی پرورش اور تربیت کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔

"سب ہمارے لیے، اور ہر ایک دوسرے کے لیے"—یہی ان کا اصول ہے۔ ان کی جدوجہد زبردست اخلاقی جرات کی عکاسی کرتی ہے۔ کتنے لوگ ہیں جو دوسروں کے بچوں کو اپنے بچوں کی طرح پالیں اور پڑھائیں؟ لیکن ستّار ماسٹر کے لیے یہ فطری عمل ہے، جو ان کی بے غرض زندگی کا حصہ ہے۔ اپنی 60 کی دہائی میں ہونے کے باوجود وہ ہمہ وقت تعلیم کے فروغ میں سرگرم ہیں اور طلبہ کو اپنی اصل اولاد سمجھتے ہیں۔

اگرچہ مسلم سماج تاریخی طور پر تعلیم میں پیچھے رہا ہے، مگر عبدالستار جیسے رہنما روشن راہیں دکھا رہے ہیں۔ ان کا پیغام واضح ہے:ہمیں صرف ڈاکٹر اور انجینئر نہیں، بلکہ ہر سرکاری شعبے میں مسلم نمائندگی چاہیے۔ مواقع بہت ہیں، اور ہمیں ان پر اپنی قابلیت کے بل بوتے پر قابض ہونا ہوگا۔"