سرفراز احمد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2025
ثقافتی بیداری کے علمبردار  سرفراز احمد
ثقافتی بیداری کے علمبردار سرفراز احمد

 



سمیر شیخ

مہاراشٹر کے شہر سولاپورسے تعلق رکھنے والے سرفراز احمد ایک باحوصلہ اور متحرک نوجوان ہیں جنہوں نے مسلمانوں میں ثقافتی شعور کی بیداری کے لیے ایک خاموش مگر مؤثر انقلاب برپا کر رکھا ہے۔ایسے وقت میں جب تاریخی و ثقافتی بیانیے یا تو مسخ کر دیے گئے ہیں یا فراموش، سرفراز تعلیم، تحقیق اور شناخت کی بنیاد پر ایک نئی راہ متعین کر رہے ہیں۔بھارت میں سماجی اور ثقافتی مسائل کی بحث اکثر شمالی ہندوستان تک محدود رہی ہے، جب کہ جنوبی ہند خصوصاً دکن کے مسلمان ورثے کو قومی بیانیے میں شاذ ہی جگہ ملی ہے۔ اس غفلت کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ دکنی مسلمان خود کو ایک تاریخی اور ثقافتی خلا میں محسوس کرتے ہیں، جہاں نہ کوئی واضح شناخت ہے، نہ سیاسی اور سماجی جڑت۔

یہی وہ بنیادی مسئلہ ہے جس پر سرفراز گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے کام کر رہے ہیں۔ ایک وقت میں وہ سیاسی سرگرمیوں میں بھی شامل تھے، مگر پھر ان کے سامنے بنیادی سوالات اٹھنے لگے-
کیا بھارتی مسلمان ثقافتی شعور رکھتے ہیں؟
کیا وہ اپنی شناخت کو خود متعین کرنے کی سیاسی پختگی رکھتے ہیں؟
کیا ہم نے کبھی سنجیدگی سے اپنی تہذیبی، سماجی اور فکری شناخت کو جاننے کی کوشش کی ہے؟ 

 آزادی کے بعد جب ہم تاریخ کے صفحات پلٹتے ہیں تاکہ مسلمانوں کے ثقافتی مقام کو جان سکیں، تو ایک افسوسناک خلا دکھائی دیتا ہے،سرفراز آواز-دی وائس سے گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں۔یہ خلا لاعلمی، کنفیوژن، گمراہ کن اقدار اور انحصار کی ذہنیت سے بھرا ہوا ہے۔انہوں نے اس مسئلے کی جڑ ثقافتی تعلیم کے فقدان میں تلاش کی۔ چنانچہ سرفراز نے کچھ ہم خیال دوستوں کے ساتھ تاریخ کا مطالعہ شروع کیا۔ 2005 میں ایڈوکیٹ سید شاہ غازی الدین کی رہنمائی میں انہوں نے "ادارہ برائے مطالعہ، تحقیق و تاریخِ دکن"کی بنیاد رکھی، ایک تحقیقی مرکز جو دکن میں مسلمانوں کی فراموش شدہ خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے وقف ہے۔ یہی وہ مرحلہ تھا جہاں سے سرفراز کا علمی سفر باضابطہ شروع ہوا۔ انہوں نے تاریخ میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کی اور کئی تحقیقی کتابیں تصنیف کیں۔

"جب انگریزوں نے شمالی ہند کی مسلم سلطنتوں کو ختم کیا، تو علما اور جاگیردار طبقہ دکن کی طرف ہجرت کر گیا،"وہ بتاتے ہیں،اس کے نتیجے میں دکنی شناخت دب گئی۔ دکن کی زبان، ثقافت اور عوام کو سیاسی و تہذیبی طور پر حاشیے پر ڈال دیا گیا۔سرفراز کے مطابق یہ عدم توازن آج بھی برقرار ہے۔دکنی مسلمانوں کی مذہبی و ثقافتی قیادت پر آج بھی شمالی ہند کا غلبہ ہے۔ یہاں تک کہ شمالی ہندوستان کے فرقہ وارانہ تناؤ کو جنوبی مسلمانوں پر بھی مسلط کر دیا گیا ہے۔اس کا تدارک صرف ایک منفرد دکنی ثقافتی سیاست سے ممکن ہے۔سرفراز کی اصل پہچان اس وقت بنی جب انہوں نے ٹیپو سلطان پر پہلا علمی مراٹھی مقالہ "سلطنتِ خداداد"شائع کیا۔ اس کتاب میں ٹیپو کو صرف مذہبی شخصیت کے طور پر نہیں بلکہ ایک عقلمند منتظم اور مصلح کے طور پر پیش کیا گیا — یہ نکتہ دکنی مسلم نوجوانوں کے دل سے لگا جو راستہ تلاش کر رہے تھے۔

یہ کتاب مہاراشٹر میں تاریخی تحریر کے ایک سنگ میل کے طور پر تسلیم کی گئی۔ اس کے بعد سرفراز نے مراٹھی زبان میں متعدد اہم کتب تصنیف کیں:

  • بھارتیہ اتحاس لیکھن آنی وِپرَیاس (بھارتی تاریخ نویسی اور بگاڑ)
  • ٹیپو سلطان: پترسار سنگرہ (خطوط کا مجموعہ)
  • راشٹرواد آنی بھارتیہ مسلمان (قوم پرستی اور بھارتی مسلمان)
  • آصف جاہی

ان کتابوں نے بھارتی مسلمانوں میں تاریخی شعور بیدار کیا، اور ہندو برادری کو اسلام کا ایک مزید متوازن اور گہرائی پر مبنی تناظر فراہم کیا۔سرفراز کے مطابقکہ   میری جدوجہد کا اصل مقصد قوم میں ثقافتی فہم پیدا کرنا ہے۔ سیاسی بصیرت اس کے بعد خود بخود آ جائے گی۔ طاقت کا اصل راستہ شعور سے گزرتا ہے۔فی الحال سرفراز تین نکاتی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔

فہم، اختیار، اور خودمختاری۔

تحقیق، تصنیف اور تعلیمی اقدامات کے ذریعے وہ ایسے علمی مراکز قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں مسلمان اپنی تہذیبی میراث کا ادراک کر سکیں۔وہ گرامشی اور ابن خلدون جیسے مفکرین سے متاثر ہو کر تنبیہ کرتے ہیں۔ثقافتی تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ سیاسی اور سماجی غلامی کا شکار بن جاتا ہے۔ان کی فکر میں تصوف کا بھی مرکزی مقام ہے۔جتنا گہرا رشتہ دکنی مسلمانوں کا تصوف سے ہو گا، اتنے ہی وہ ہندوستانی اور مسلم شناخت کے ساتھ راسخ ہوں گے۔

سرفراز کی کوششیں صرف نظریاتی نہیں، عملی بھی ہیں۔سولاپور کے نزدیک انہوں نے ایک جدید تعلیمی منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس سال ایک نیا اسکول کھولا جا رہا ہے جہاں پانچ زبانوں کی تعلیم کے ساتھ انگریزی میڈیم نصاب پڑھایا جائے گا۔ اس میں موسیقی، فنون اور قیادت کی تربیت بھی دی جائے گی۔

 اسی کیمپس میں کئی تحقیقی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں

  • ایشین سینٹر فار قرآنی اسٹڈیز
  • انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج اسٹڈیز
  • غازی الدین اکیڈمی برائے دکن اسٹڈیز

ایک اشاعتی ادارہ اور تربیتی مرکز بھی فعال ہیں۔
ان کا طویل مدتی خواب ہے کہ ایک "ایشین مائنارٹیز یونیورسٹی" قائم کی جائے، اقلیتوں کی تعلیم اور تحقیق کے لیے وقف۔مگر راہ آسان نہیں۔ زیادہ تر کام ذاتی وسائل سے کیا جا رہا ہے۔ سرفراز اکثر مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہیں تاکہ عوامی عطیات جمع کیے جا سکیں۔

لیکن وہ دل شکستہ نہیں،یہ کام میں اپنے سکون اور خوشی کے لیے کرتا ہوں۔ جب تک میرے اندر بےچینی زندہ ہے، میں کام کرتا رہوں گا۔دارالحکمت بغدادسے متاثر ہو کر وہ اسی موضوع پر ایک کتاب بھی لکھ رہے ہیں۔ ان کے فکری رہنماؤں میں ابن خلدون، علامہ اقبال، مولانا وحید الدین خان، اور جاوید احمد غامدی شامل ہیں۔سرفراز احمدنئی نسل کے ان مسلم مورخین کی نمائندگی کرتے ہیں جو نہ صرف ثقافتی شعور کو زندہ کر رہے ہیں، بلکہ قوموں کے درمیان فکری پل بھی قائم کر رہے ہیں۔

ان کی اسکالرشپ اور زمینی سرگرمیوں نے ایک نیا بیانیہ تخلیق کیا ہے،ایک بیانیہ جو اختیار، بقائے باہمی، اور فکری احیا پر قائم ہے۔سرفراز صرف حال نہیں بدل رہے،وہ ایک زیادہ جامع، روشن اور بامعنی مستقبل کی تعمیر میں مصروف ہیں۔