تحریر: فضل پٹھان
دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی پوری زندگی کسی ایک مقصد کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ ثاقب گورے ان ہی چند افراد میں سے ایک ہیں، جنہوں نے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو تبدیل کر دیا ۔ ان کی بینائی لوٹا کر۔ان کی آنکھوں کے سامنے چھائے اندھیرے کو دور کرکے نئی زندگی دے کر ۔مہاراشٹر کے ثاقب گورے نے اب تک 26 لاکھ سے زائد افراد کا آنکھوں کا معائنہ کروایا، 17 لاکھ سے زیادہ مفت چشمےتقسیم کیے اور 63 ہزار سے زائد موتیے کے مفت آپریشن کروائے ۔ یہ سب کچھ ان لوگوں کے لیے جن کے پاس علاج کا کوئی اور وسیلہ نہیں تھا۔
ثاقب کے مشن کی شروعات ایک جذباتی لمحے سے ہوئی ۔ میں اپنی والدہ کے ساتھ دادی زہرہ بی کے پاس گیا۔ وہ اسی دن انتقال کر گئیں۔ اُن کے چہرے پر ایک مسکراہٹ تھی، وہ دھیمے لہجے میں یاد کرتے ہیں۔زہرہ بی 35 سال تک نابینا رہیں، اُن کی بینائی ایک علاج نہ کیے گئے موتیے کی وجہ سے چھن گئی تھی۔وہ بہت باوقار خاتون تھیں۔ ان کی بے بسی، اور میرا اُن کی مدد نہ کر سکنا، میرے دل میں ایک چنگاری پیدا کرگیا ۔
ثاقب کہتے ہیں کہ میں نے فیصلہ کیا کہ میں نابینا لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا چاہتا ہوں ۔ جب وہ ابھی زندہ ہوں۔صرف ساتویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے ثاقب نے اپنی عملی زندگی کا آغاز ایک ٹرک کلینر کے طور پر کیا۔ یہ وہ وقت تھا جب انہوں نے کمزور بینائی والے افراد کی روزمرہ مشکلات کو قریب سے دیکھا۔
زندگی میں روشنی پیدا کرنے کی مسکراہٹ
جب معاشی حالات کچھ بہتر ہوئے تو 1992 میں انہوں نے پہلا آنکھوں کا کیمپ لگایا۔مگر مسئلہ یہ تھا کہ چشمے کی قیمت صرف 10 روپے تھی، اور پھر بھی اکثر لوگ انہیں خریدنے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔تب مجھے احساس ہوا کہ قیمت ہی اصل رکاوٹ ہے، وہ کہتے ہیں کہ چند دن بعد انہوں نے دوسرا کیمپ لگایا، اس بار چشمے مفت بانٹے۔ نتیجہ حیران کن تھا،275افرادکو چشمے دیے گئے، جن میں سے اکثر برسوں بعد دنیا کو واضح دیکھ پا رہے تھے۔اسی تجربے نے جنم دیا۔ ویژن فرینڈ ۔ ثاقب گورے" تنظیم کا، جو آج تھانے، پالگھر اور رائےگڑھ کے 1,750 دیہاتوں میں غریب دیہی آبادی کو آنکھوں کی دیکھ بھال فراہم کر رہی ہے۔
"یہ سفر صرف آنکھوں کے معائنے تک محدود نہیں رہا،ثاقب کہتے ہیں۔ان کی ٹیم اب موتیے کے مریضوں کو شناخت کرتی ہے، انہیں اسپتال لے جاتی ہے، اور آپریشن کے دوران و بعد میں مکمل دیکھ بھال کرتی ہے۔ سفر، کھانا، قیام، دوائیں ۔ سب کچھ مفت۔جب پٹی کھلتی ہے اور کوئی دوبارہ دیکھ پاتا ہے ۔ آنکھوں میں آنسو، اور وہ گلے لگاتے ہیں ۔ وہی میرا سب سے بڑا انعام ہے۔بھارت میں ہر سال 20 لاکھ سے زائد نئے موتیے کے کیسزسامنے آتے ہیں، جن میں سے 63 فیصدعلاج نہ ہونے کی وجہ سے نابینا ہو جاتے ہیں۔ ملک میں 80 فیصد بصری مسائلکی وجہ صرف موتیا ہے۔دنیا بھر میں 2.5 ارب افرادکسی نہ کسی سطح کی بصری کمی کا شکار ہیں، جن میں سے 1.1 اربکو بنیادی چشمہ بھی میسر نہیں۔ بھارت میں بھی افورڈیبیلٹی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
موتیا کا علاج بہت آسان ہے،"ثاقب سمجھاتے ہیں، "مگر اگر وقت پر نہ ہو تو دیہی علاقوں میں اس کے نتائج بہت المناک ہوتے ہیں۔ان کی ٹیم گھر گھر جا کر گاؤں والوں سے بات کرتی ہے، بھروسہ قائم کرتی ہے۔ہمیں اکثر انکار کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر ہمارا مشن صبر اور مسلسل کوشش مانگتا ہے۔ثاقب گورے کی خدمات کو قومی و عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ 2016 میں مہاراشٹر کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ان کے کیمپ کا دورہ کیا اور ان کی تعریف کی۔
زندگی کا ایک مشن ۔ آنکھوں کی روشنی
حال ہی میں ثاقب کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(WHO)اور انٹرنیشنل ایجنسی فار پریوینشن آف بلائنڈنیس کے نیپال میں ہونے والے اجلاس میں خصوصی مندوب کے طور پر مدعو کیا گیا۔ وہاں انہوں نے 33 روپے میں چشمے بنانے کی اپنی اسکیم۔ "دیوبھاؤ"(یعنی "خدا جیسا بھائی") ۔ پیش کی، جس نے دنیا بھر سے آئے 700 مندوبین کو حیران کر دیا۔انہیں عالمی سطح پر دیے جانے والے صرف ایک "سسٹم لیڈر ایوارڈ"سے نوازا گیا۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھے نہ ایم ایل اے بننا ہے، نہ کوئی بڑی کمپنی چلانی ہے۔
بس جتنا ہو سکے لوگوں کی خدمت کرنی ہے۔ان کا اگلا منصوبہ بدلاپور میں ایک سوشل سینٹر قائم کرنا ہے، جو آنکھوں کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرے گا۔ ساتھ ہی وہ چاہتے ہیں کہ حکومتی نابینائی بچاؤ پروگرامز میں شمولیت حاصل ہو تاکہ لوگ صرف فون کرکے بھی مفت موتیے کے آپریشن کروا سکیں۔"40 فیصد بھارتیوں کو چشمے کی ضرورت ہے،"وہ کہتے ہیں،لیکن اکثر کے لیے یہ بھی بہت مہنگے ہوتے ہیں۔اسی لیے ان کے "ویژن فرینڈ آئی وئیر"اسٹورز ۔ بدلاپور میں 5 شاخیں ۔ صرف 9 روپے سےچشمے مہیا کرتے ہیں۔۔ وہ کہتے ہیں کہ۔۔۔ میرا خواب ہے کہ ہم یہ چشمے اور بھی سستے کریں۔اس کے لیے مجھے کاروبار کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ مفت چشمے دے سکیں۔
آج ان کے بنائے گئے کم قیمت چشمے آسٹریلیا، امریکہ، سری لنکا، برازیل، کینیڈا، جنوبی افریقہ، نیپال اور بھوٹان تک برآمد کیے جا رہے ہیں۔ ان سے حاصل ہونے والی ہر ایک روپیہ آمدنی دوبارہ ادارے میں لگا دی جاتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔بینائی کے اندھیرے سے لڑتے ہوئے بھارت عالمی سطح پر پہچان حاصل کر رہا ہے ۔ اور ثاقب گورے کی کوششیں اس کامیابی کی بنیاد بن چکی ہیں۔ وہ صرف بینائی نہیں لوٹاتے، بلکہ امید، وقار اور موقع بھی واپس لاتے ہیں۔تین دہائیاں گزرنے کے بعد بھی ان کا مشن پوری قوت سے جاری ہے۔ثاقب گورے نے ثابت کر دیا کہ رحم، حوصلہ، اور انتھک محنت کے ساتھ ایک شخص بھی لاکھوں زندگیوں میں روشنی لا سکتا ہے۔