سحر ہاشمی: دماغی صحت کی آگاہی کے لئے سرگرم ایک بائیکر
Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 13-11-2025
سحر ہاشمی: دماغی صحت کی آگاہی کے لئے سرگرم ایک بائیکر
ملک اصغر ہاشمی۔ نئی دہلی
نئی دہلی کی گلیوں سے شروع ہونے والی ایک آواز، آج پورے ہندوستان میں ذہنی صحت کے بارے میں بیداری کی علامت بن چکی ہے۔ 29 سالہ سحر ہاشمی، جو پیشے سے فیشن اسٹائلسٹ ہیں، کبھی خود کلینیکل ڈپریشن اور بارڈر لائن پرسنالٹی ڈس آرڈر سے گزریں، مگر آج وہ اُن لوگوں کے لیے امید کی کرن بن چکی ہیں جو خاموشی میں اپنی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سحر نے نہ صرف اپنی کمزوری کو طاقت میں بدلا بلکہ اسے ایک ایسی تحریک میں بدل دیا جس نے ہزاروں دلوں کو چھو لیا۔
ہندوستان میں آج بھی "ڈپریشن"، "اینزائٹی" یا "پرسنلٹی ڈس آرڈر" جیسے الفاظ شرمندگی یا مذاق کا سبب بن جاتے ہیں۔ سحر ہاشمی کہتی ہیں کہ میں نے فیصلہ کیا کہ کوئی دوسرا انسان اُس تنہائی سے نہ گزرے جس سے میں گزری۔ اگر کوئی میرے ذہنی مسائل پر اُس وقت بات کرتا، شاید میں جلد صحتیاب ہو جاتی۔ اسی احساس کے تحت اپریل 2025 میں سحر نے ایک منفرد مہم شروع کی بریکنگ سٹیگما: ون مائل ایٹ آ ٹائم ۔
اس مہم کے تحت وہ دہلی سے کشمیر تک 2,779 کلومیٹر کا بائیک سفر طے کرنے نکلی۔ یہ سفر صرف فاصلوں کو پار کرنے کا نہیں، بلکہ معاشرے کی خاموشی اور بدنامی کے خلاف ایک جذباتی جدوجہد تھی۔ 20 اپریل کو سحر نے رویئل انفیلڈ بائیک پر سماجی کارکن دیو دیسائی کے ساتھ دہلی سے سفر شروع کیا۔ راستے میں گلوکارہ نازنین شیخ (مہاراشٹر)، فلم ساز سمانیوش شکلہ (مدھیہ پردیش) اور میڈیکل گریجویٹ مہرالدین بھٹ (کشمیر) بھی شامل ہوئے۔ سمانیوش اور مہرالدین نے پورے سفر کو کیمرے میں قید کیا، جس سے ایک مؤثر دستاویزی فلم تیار ہوئی ۔ اس فلم نے سحر کے پیغام کو ہزاروں لوگوں تک پہنچایا۔
اپنے 20 روزہ سفر میں سحر نے 21 شہروں میں 30 سے زائد ورکشاپس کیں ۔ جن میں اننت ناگ، بارہ مولا، چندی گڑھ، لدھیانہ، جموں، سری نگر، روہتک، کپواڑہ اور دیگر شہر شامل تھے۔ ان پروگراموں میں 3,500 سے زیادہ نوجوانوں، طلبہ، دیہاتیوں اور ماہرینِ نفسیات نے شرکت کی۔ سحر نے نہ صرف اپنی کہانی سنائی بلکہ دوسروں کو بھی اپنی بات کہنے کا حوصلہ دیا۔
ان ورکشاپس کا مقصد یہ سمجھانا تھا کہ ذہنی بیماری شرمندگی نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے، اور مدد لینا کمزوری نہیں، ہمت کی علامت ہے۔ سفر آسان نہیں تھا۔ 20 اپریل کو رام بن ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ بند ہوئی، 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گرد حملہ ہوا، اور 2 مئی کو دوبارہ راستہ بند ہوگیا۔ مگر یہ رکاوٹیں سحر اور ان کی ٹیم کے عزم کو توڑ نہ سکیں۔ وہ راجوری، شوپیاں اور پیر پنجال پاس سے گزرتے ہوئے کامیابی سے اپنی منزل پر پہنچ گئیں۔
سحر کی اس مہم نے سوشل میڈیا پر بھی زبردست ردعمل حاصل کیا۔ ہزاروں لوگوں نے ان کے عزم کو سراہا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اپنی ذاتی تکلیف کو عوام کے سامنے لانا جرات مندی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ جبکہ دوسرے نے کہا کہ سفر سے پہلے اور بعد کی سحر میں نمایاں فرق ہے وہ روشنی پھیلا چکی ہیں۔
انٹرنیشنل بک آف ریکارڈز نے سحر کے کارنامے کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں ذہنی صحت پر سب سے زیادہ سیمینار منعقد کرنے" کا اعزاز دیا۔ سی ایس آئی آر – این آئی ایس سی پی آر کے ریٹائرڈ سائنس دان پروفیسر سُرجیت دابس کی رپورٹ کے مطابق، ورکشاپ میں شامل 3,500 افراد میں سے تقریباً 42.30 فیصد ایسے تھے جن کے قریبی کسی نہ کسی ذہنی بیماری سے متاثر تھے۔
سحر اور دیو کی یہ سرگرمیاں کووِڈ وبا کے زمانے سے جاری ہیں۔ اس دوران انہوں نے 90 ماہرینِ نفسیات، کونسلرز اور تھیراپسٹس کی ٹیم بنائی جو مفت آن لائن مشاورت فراہم کرتی تھی۔ آج یہ نیٹ ورک 140 پیشہ ور ماہرین پر مشتمل ہے اور 300 سے زائد افراد کو سہارا دے چکا ہے۔
آج سحر ہاشمی محض ایک فیشن اسٹائلسٹ نہیں بلکہ ذہنی صحت کی نمائندہ اور مہم جو رہنما بن چکی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ اسکولوں اور کالجوں میں ذہنی صحت کی تعلیم کو شامل کیا جائے اور نوجوانوں کو “دماغی صحت کی ابتدائی طبی امداد ” کے طور پر تربیت دی جائے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر ہم ذہنی صحت کے موضوع پر خاموش رہیں، تو یہ خاموشی اندر سے ہمارے معاشرے کو کھا جائے گی۔
سحر کی کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو ذاتی دکھ بھی سماجی تبدیلی کی طاقت بن سکتے ہیں۔ ان کی مہم "بریکنگ سٹیگما: ون مائل ایٹ آ ٹائم" صرف ایک سفر نہیں بلکہ ایک تحریک ہے ان لاکھوں دبے ہوئے لہجوں کی جو آج یہ کہنے کی ہمت پا چکے ہیں; تم اکیلے نہیں ہو۔