میوات کی رخسانہ نے رقم کی تاریخ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-12-2025
میوات کی رخسانہ نے رقم کی تاریخ
میوات کی رخسانہ نے رقم کی تاریخ

 



فردوس خان/ میوات
میوات، ہریانہ کا ایک نہایت پسماندہ علاقہ سمجھا جاتا ہے، مگر یہاں کے بیٹے اور بیٹیاں مختلف میدانوں میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ کر اس علاقے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ آج یہ علاقہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، نوجوانوں کی تحریک کا سرچشمہ بن چکا ہے۔ اس کامیابی کا سہرا یہاں کے محنتی اور باہمت نوجوانوں کے ساتھ ساتھ اُن کے اہلِ خانہ کو بھی جاتا ہے جنہوں نے خود مشکلات برداشت کر کے اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن بنایا۔ ان بیٹے–بیٹیوں نے بھی اپنے گھر والوں کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ میوات کی ایسی ہی کامیاب بیٹیوں میں سے ایک ہیں  ضلع نُوہ کے گاؤں سُناری کی رُخسانہ، جو اب گُڑگاؤں میں مجسٹریٹ ہیں۔
رُخسانہ نے دسویں جماعت تاوڑو کے میوات ماڈل اسکول سے پاس کی۔ بارہویں کی تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے حاصل کی۔ یہی سے انہوں نے بی اے اور ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی۔ پھر دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری لی۔ اسی مقام سے ان کی زندگی نے نئی سمت پکڑی۔
رُخسانہ کا خواب تھا کہ وہ مجسٹریٹ بنیں۔ اس کے لیے انہوں نے انتہائی محنت کی۔ سال 2021–22 میں انہوں نے ہریانہ جوڈیشل سروس کا امتحان دیا مگر کامیابی نہ ملی۔ اس کے بعد انہوں نے اترپردیش جوڈیشل سروس کا امتحان دیا، مگر انٹرویو میں ناکامی ہوئی۔ دو مرتبہ ناکام ہونے کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ پھر انہوں نے مغربی بنگال لوک سیوا کمیشن کی جوڈیشل سروس کا امتحان دیا اور شاندار کامیابی حاصل کی۔ پورے صوبے میں تیسرا مقام حاصل کیا۔ آخرکار وہ جوڈیشل مجسٹریٹ بن گئیں۔ اُن کا خواب حقیقت بن گیا۔ 
ان کی کامیابی نے نہ صرف ان کی زندگی میں خوشیاں بھر دیں بلکہ دوسری لڑکیوں کے لیے بھی ہمت اور حوصلے کی مثال بن گئی۔ میوات ہی نہیں بلکہ ہریانہ اور پورے ملک کی لڑکیوں کے لیے یہ ایک روشن پیغام بن گیا   خاص طور پر اُن لڑکیوں کے لیے جو یہ سمجھتی ہیں کہ ان کی دنیا گھر کی چار دیواری تک محدود ہے۔
جج کے عہدے پر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی کا پورا سہرا میرے گھر والوں کو جاتا ہے، خاص طور پر میرے والد کا بہت بڑا تعاون رہا ہے۔ ساتویں جماعت میں ہی میں نے طے کر لیا تھا کہ جج بننا ہے۔ جب میں نے اپنا خواب بتایا تو والد بہت خوش ہوئے۔ انہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، بہترین اداروں میں داخلہ دلایا اور امتحانات کی تیاری کروائی۔ میری کامیابی میں اُن کی جدوجہد بھی شامل ہے۔
رُخسانہ کہتی ہیں کہ لڑکیوں کو خود مختار ہونا چاہیے، اور خود مختار بننے کے لیے تعلیم سب سے پہلا قدم ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی ضروری ہے۔ تعلیم اور ہنر مل کر انسان کو مضبوط بناتے ہیں۔ ایسا شخص کسی پر بوجھ نہیں ہوتا بلکہ دوسروں کا سہارا بنتا ہے۔ وہ والدین سے اپیل کرتی ہیں کہ اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلائیں، ان کا حوصلہ بڑھائیں۔ رُخسانہ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں ایماندار عدلیہ کی سخت ضرورت ہے۔ میں بھرپور کوشش کروں گی کہ پوری ایمانداری سے ملک کی خدمت کروں۔
رُخسانہ کے والد محمد الیاس، سرو ہریانہ گریامین بینک میں سینیئر مینیجر تھے، اب ریٹائر ہو چکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھے اپنی بیٹی پر فخر ہے۔ اس نے نہ صرف خاندان کی عزت بڑھائی بلکہ ثابت کر دیا کہ ایک چھوٹے سے پسماندہ گاؤں کی بیٹی بھی بلندیاں حاصل کر سکتی ہے۔ ایک مسلم بیٹی کا عدلیہ میں آنا دوسری لڑکیوں کے لیے بہترین مثال ہے۔
وہ بتاتے ہیں کہ اہلیہ بارہویں کے بعد بیٹی کی شادی کر دینا چاہتی تھیں، مگر رُخسانہ آگے پڑھنا چاہتی تھیں، اور انہوں نے بیٹی کا ساتھ دیا۔ اسے اعلیٰ تعلیم کے لیے گھر سے دور جانا پڑا، مگر والد نے پورا تعاون کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رُخسانہ کا ہریانہ میں 15 اکتوبر 2024 کو جج کے عہدے پر انتخاب ہوا اور 10 فروری 2025 سے وہ ضلع گُڑگاؤں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ان کی چھوٹی بہن دلشانہ نے بھی دسویں کی تعلیم میوات ماڈل اسکول تاوڑو سے، بی اے اور ایل ایل بی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اور ایل ایل ایم جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے کیا۔ وہ بھی جوڈیشل سروس کی تیاری کر رہی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ہماچل پردیش جوڈیشل سروس کا انٹرویو دیا تھا مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا، اس لیے وہ ویٹنگ لسٹ میں شامل ہوئیں۔ دونوں بہنیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور علی گڑھ ضلع کی ٹاپر ایتھلیٹ بھی رہی ہیں۔
ان کے والد کہتے ہیں کہ جب نُوہ پہنچنے پر ضلع بار ایسوسی ایشن میں رُخسانہ اور میرا شاندار استقبال ہوا تو وہ لمحے میری زندگی کے یادگار ترین لمحات تھے۔ اس خوشی کو میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ آخر میں وہ والدین کو نصیحت کرتے ہیں کہ اپنے بچوں کو ان کی پسند کا کیریئر چُننے دیں۔ خاص طور پر بیٹیوں کی تعلیم میں کبھی کمی نہ کریں۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ بیٹیوں کی شادی پر خرچ ہوگا اس لیے تعلیم پر خرچ بچا لیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ بچوں کی تعلیم پر خرچ کیا گیا پیسہ بہترین سرمایہ کاری ہے جو زندگی بھر کام آتا ہے۔
رُخسانہ کی یہ داستان صرف ایک لڑکی کے خواب کی تکمیل نہیں، بلکہ اس سوچ کی جیت ہے کہ تعلیم اور حوصلہ انسان کو کہیں سے کہیں پہنچا دیتے ہیں۔ میوات کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے اٹھ کر عدلیہ کی کرسی تک پہنچنے والی رُخسانہ نے ثابت کر دیا کہ راستے چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، ارادے مضبوط ہوں تو کامیابی خود قدم چومتی ہے۔
آج رُخسانہ نہ صرف اپنے والدین کا فخر ہیں بلکہ ہزاروں لڑکیوں کے لیے امید کی وہ روشن شمع ہیں جو اندھیروں میں بھی راستہ دکھاتی ہے۔ ان کی کامیابی یہ پیغام دیتی ہے کہ بیٹیوں کو موقع دیا جائے تو وہ صرف گھر ہی نہیں، پورے ملک کا مستقبل سنوار سکتی ہیں۔