اونیکا مہیشوری
علی گڑھ کی ایک پُرسکون گلی میں، جہاں دوپہر کی دھوپ پرانی دیواروں پر مدھم سنہری پرچھائیاں بناتی ہے، وہیں ایک گھر کے اندر سوئی اور دھاگے سے ایک ایسے فن کو زندہ کیا جاتا ہے، جو مغلیہ دور سے چلا آ رہا ہے، مگراب نئےرنگوں اور نئے حوصلوں کے ساتھ نیا روپ اختیار کر رہاہے۔یہی ہے روبینہ راشد علی کی دنیا۔ ان کا یہ فن اب خاص طور پر خواتین کے لیے روزگار کا سہارا بن چکا ہے۔
پھول-پتی کی کڑھائی ۔ ایک مہارت
پھول-پتی کی کڑھائی ۔ نام جتنا نازک، کام اتنا ہی باریک۔ یہ ایپلیکی ورک علی گڑھ اور رامپور کی ان خواتین کی پہچان رہا ہے جن کی انگلیاں دھاگوں سے نظمیں بُنتی ہیں۔مگر مسئلہ یہ تھا کہ جن ہاتھوں سے یہ خوبصورتی تراشی جاتی تھی،انہیں کبھی اس کا صحیح صلہ نہیں ملا۔روبینہ کہتی ہیں،میں نے دیکھا کہ کس طرح بیچ کے لوگ اس سسٹم پر قابض ہیں، اور اصلی فنکار ۔ یعنی خواتین ۔ صرف پیداوار تک محدود رہ گئی ہیں۔
شروعات کی سوئی
روبینہ راشد علی کا جنم اور پرورش علی گڑھ میں ہوئی۔ ان کے والد ایک معزز تعلیمی شخصیت تھے، والدہ گھریلو زندگی میں مصروف۔ مگر بچپن سے ہی روبینہ کے اندر تخلیقی سوچ کی چنگاری سلگ رہی تھی۔کڑھائی سے ان کا تعارف یوں ہوا ۔ رشتہ داروں کی شادیوں کے جوڑے دیکھتے ہوئے، پڑوس کی خواتین کو کام کرتے دیکھتے ہوئے۔ مگر وہ محض ناظر نہیں بنیں،یہ کڑھائی ان کے اندر کہیں گھر کر گئی۔
2003 میں انہوں نے پھول-پتی کے اس روایتی کام میں اپنی گہری دلچسپی کو پہچانا۔ پھر تعلیم، شادی، بچے اور ملازمت کے بیچ یہ فن ایک کونے میں سمٹ گیا۔مگر 2019 میں، سب کچھ جیسے پھر سے شروع ہوا۔ ایک صبح، جب انہوں نے اپنے تین بچوں کو اسکول بھیج دیا اور خود دفتر جانے کی تیاری کر رہی تھیں، تو پرانے ڈیزائن اسکیچز نکالے۔ وہی پرانے کاغذ جن پر ننھی پنکھڑیوں کی تصاویر تھیں۔ انہیں دیکھا، تھاما... اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔
نوکری اور جنون کا سنگم
روبینہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انتظامی شعبے میں کام کرتی ہیں،اے ایم یو کیمپس میں ہی اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ رہتی ہیں۔
انہوں نے دہلی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایڈورٹائزنگ سے ایڈورٹائزنگ اینڈ کمیونیکیشن میں ماسٹرز کیا، اور شاید یہی وجہ رہی کہ جب انہوں نے پھول-پتی کا کام دوبارہ شروع کیا، تو اس میں پیشکش اور برانڈنگ کی زبردست سمجھ نظر آئی۔انہوں نے ایک کاریگر ٹیم تشکیل دی ۔ ان خواتین کو جو پہلے سے ہی پھول-پتی کا کام کرتی تھیں، مگر کبھی اپنی پہچان نہ بنا سکیں۔کام کو کنٹریکٹ بیس پر تقسیم کیا گیا، آرڈرز آن لائن ملنے لگے، اور سوشل میڈیا ان کے پروڈکٹس کے لیے نیا پلیٹ فارم بن گیا۔ان کی انسٹاگرام پروفائل۔ Bend The Trend With Phoolpatti ۔ اب صرف ایک صفحہ نہیں، بلکہ ایک تحریک ہے۔
فن سے کیریئر تک
پھول-پتی کا کام صرف کڑھائی نہیں ۔ یہ ایک ایسی تکنیک ہے جس میں کپڑے کے چھوٹے ٹکڑوں کو کاٹ کر، موڑ کر، سی کر پھولوں اور پتوں کی شکل دی جاتی ہے۔ پھر یہ شکلیں نفاست سے کپڑوں پر کڑھی جاتی ہیں۔ اس کا حسن اس کی سادگی میں ہے۔یہ ہندوستانی کڑھائی کی طرزوں میں اپنی نوعیت کی منفرد صنف ہے، جو ابھی تک مرکزی دھارے سے تقریباً الگ رہی ہے۔روبینہ اس طرز کو محض روایت سے جکڑ کر نہیں بڑھا رہیں بلکہ اس میں نت نئے تجربے بھی شامل کر رہی ہیں ۔ کروشیا، ٹائی اینڈ ڈائی، موکےش ورک، چکن کاری اور گوٹا پٹی جیسے ہنر پھول-پتی کے ساتھ جوڑ رہی ہیں،اسے چندیری سلک اور کوٹا کاٹن جیسے کپڑوں پر آزما رہی ہیں۔یہی نہیں، وہ اس ہنر کو فیشن سے آگے لے جا کر ہوم ڈیکور اور گفٹنگ میں بھی وسعت دے رہی ہیں۔
نمائشوں سے پہچان تک
دہلی ہاٹ، کولکاتا بازار، بنگلور، راجستھان اور کوٹا جیسے شہروں میں انہوں نے اپنے برانڈ کی نمائش کی ۔ اور ہر جگہ خوب پذیرائی ملی۔
لوگ صرف ڈیزائن نہیں، کہانی خرید رہے تھے۔ ہر کڑھائی، ہر پھول اب ایک کہانی بیان کرتا ہے ۔ کسی خاتون کی، اس کے فن کی، اس کی شناخت کی۔ان کے ساتھ کام کرنے والی ایک کاریگر کہتی ہیں۔پہلے ہم دوسروں کے لیے کام کرتے تھے، نام کسی اور کا ہوتا تھا۔ اب ہمیں معلوم ہے کہ ہمارا کام ہماری شناخت ہے۔
ایک کتاب، ایک دستاویز
روبینہ کی یہ کاوش صرف تجارتی نہیں ۔ یہ ثقافتی احیاء کا بھی حصہ ہے۔پھول-پتی کا کام کے عنوان سے کتاب اس فن پر مبنی پہلا مطبوعہ ہے، جس میں 1970–80 کی دہائی میں صالحہ خان کے ذریعے کاریگر خواتین کے ساتھ کیے گئے کام کی جھلکیاں شامل ہیں۔یہ کتاب محض محققین کے لیے نہیں، بلکہ پالیسی سازوں اور ڈیزائنرز کے لیے بھی ایک قیمتی وسیلہ ہے۔اس کا مقصد صرف فن کو محفوظ کرنا نہیں، بلکہ اس کے ہنرمندوں کو وہ پہچان اور فائدہ دینا ہے جس کے وہ حقدار ہیں۔
بااختیار بنانے کی بُنائی
روبینہ نے پھول-پتی کے ذریعے خواتین کے معاشی اور سماجی بااختیار بنانے کی جو راہ اپنائی ہے، وہ صرف ایک کاروباری ماڈل نہیں، بلکہ ایک سماجی تحریک بن چکی ہے۔اب تک سینکڑوں خواتین کو اس سے باعزت روزگار مل چکا ہے۔وہ نہ صرف انہیں تربیت دیتی ہیں، بلکہ ان کے بچوں کی تعلیم، صحت اور مستقبل کو لے کر بھی منصوبہ بند اقدامات کر رہی ہیں۔
ہنر کی نئی تعریف
آج، جب فیشن کی دنیا مشینی ملبوسات سے بھری ہوئی ہے، تب بھی لوگ ایسے مصنوعات خریدنے کو تیار ہیں جن میں ہاتھ کی محنت اور دل کی گرمی شامل ہو۔پھول-پتی کا کام وہ گرمی لاتا ہے ۔ ایک نرم لیکن مضبوط لمس۔روبینہ کہتی ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ ہنر کو صرف روایت یا محدودیت میں جکڑ کر رکھنا چاہیے،یہ وقت ہے کہ ہم اپنے ہنر کو عالمی سطح پر لے جائیں ۔ بغیر اس کی روح کھوئے۔روبینہ اب پھول-پتی کے کام کو اسکولوں، فیشن اسکولوں اور ڈیزائن اداروں میں پڑھائے جانے کے لیے سرگرم ہیں۔وہ چاہتی ہیں کہ یہ فن نسل در نسل چلے، اور ہر عورت جو اسے کرتی ہے، خود کو صرف کاریگر نہیں، ایک فنکار سمجھے۔علی گڑھ کی گلیوں سے اٹھنے والی پھول-پتی کی یہ بُنائی اب سرحدیں پار کر چکی ہے ۔ اور اس کے ہر ٹانکے میں بستا ہے ایک خواب، ایک عورت کی آواز، اور وہ لمس جو کپڑے کو فن بنا دیتا ہے۔روبینہ راشد علی اس تبدیلی کی علامت ہیں اور کہتی ہیں کہ ۔۔۔۔
ہماری فنکاری ہمارے نام سے پہچانی جائے۔
اور ہمارے نام سے ہمارے معاشرے کی کہانی بدلے۔