رفاہ تسکین کا ناقابل یقین سفر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-11-2025
رفاہ  تسکین کا ناقابل یقین سفر
رفاہ تسکین کا ناقابل یقین سفر

 



ثانیہ انجم۔ بنگلورو
رفتار، حوصلے اور خود اعتمادی کی دنیا میں اگر کسی کم عمر لڑکی نے ناممکن کو ممکن بنایا ہے تو وہ ہے میسور کی 15 سالہ رفاہ تسکین۔ صرف تین سال کی عمر میں اسٹیئرنگ پکڑ کر گاڑی چلانے والی یہ بچی آج پندرہ سال کی عمر میں سات عالمی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ میسور کی گلیوں میں شروع ہونے والا اس کا یہ سفر آج دنیا بھر کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک مثال بن چکا ہے۔ ان کے والد تاج الدین، جو خود سابق ریسنگ ڈرائیور رہے ہیں، انہوں نے اپنی ادھوری خواہش اپنی بیٹی میں پوری ہوتے دیکھی۔ وہ شروع سے اسے گاڑیوں کی تربیت دیتے رہے۔
بچپن ہی سے وہ مختلف گاڑیوں کو حیران کن مہارت کے ساتھ چلاتی رہی۔ تین سال کی عمر میں اپنے والد کی خاص طور پر تیار کردہ گاڑی چلانا، پانچ سال کی عمر میں میسور سے بنگلورو تک گاڑی دوڑانا، اور چھ سال کی عمر میں اسکول پروگراموں میں ڈرفٹس اور اسٹنٹس کرنا۔ یہ سب ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ ان کی بڑی بہن شفا سہر نے ان کی کامیابیاں دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کی لیکن ابتدا میں کم عمری کی وجہ سے اخبارات نے اسے اہمیت نہ دی۔ مگر پھر 2017 میں ایک صحافی نے ان کی کہانی شائع کی اور وہ خبر چند ہی دنوں میں پورے شہر میں مشہور ہو گئی۔
 
ریکارڈز تک کا سفر
رفاہ کے عالمی ریکارڈز کا سفر آسان نہیں تھا۔ دستاویزات جمع ہونے کے باوجود حکومتی محکموں نے ان  کی کم عمری کی وجہ سے زیادہ تر اجازتیں دینے سے انکار کر دیا۔ ان کے خاندان نے وزیروں سے لے کر پولیس کمشنر تک ہر دروازہ کھٹکٹھایا۔ آخرکار سابق ایم ایل اے واسو نے ان کی کوشش کو بھرپور حمایت دی اور اعلان کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اسی حمایت کے بعد انہیں اسکول ٹیسٹ کی اجازت ملی اور 5 نومبر 2017 کو اس نے عیدگاہ گراؤنڈ میں مختلف گاڑیاں چلا کر گولڈن بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرایا۔
اس کامیابی کے بعد رفاہ کو چنّنارا دسّرا میں بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا، جہاں انہوں نے بائیک پر انٹری دے کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ لمحہ ایک بار پھر سوشل میڈیا اور اخبارات کی زینت بنا۔ رفتہ رفتہ ان  کی شہرت نہ صرف میسور بلکہ پورے ملک میں پھیل گئی۔
رفاہ کی کامیابیاں صرف ریسنگ تک محدود نہیں رہیں۔ وہ میسور سٹی کارپوریشن کی صفائی ایمبیسیڈر بھی ہے اور مسلسل پانچ سال سے اس مہم کا حصہ ہے۔ ٹی بی آگاہی کی ریاستی سفیر کے طور پر بھی انہوں  نے اہم کردار ادا کیا۔ 2019 میں ان  کی ملاقات راہل گاندھی اور سونیا گاندھی سے ہوئی، جنہوں نے ان کی صلاحیتوں اور حوصلے کو بے حد سراہا۔ سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد انہیں جکّور ایئروڈروم میں ہوائی جہاز چلانے کی خصوصی اجازت ملی، اور آٹھ سالہ رفاہ نے دو سیٹر طیارہ اڑا کر سب کو حیران کر دیا۔
بعد ازاں بھارت  جوڑو یاترا کے دوران ان کی دوبارہ راہل گاندھی سے ملاقات ہوئی جہاں انہوں  نے اپنی گاڑی کے شاندار ڈرفٹس دکھائے، جنہوں نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔ ان کی شہرت نے بیرونِ ملک بچوں کو بھی متاثر کیا جن میں الینا اور علیزہ شامل ہیں جنہوں نے تھائی لینڈ میں
تائیکوانڈو کے مقابلوں میں میڈلز جیت کر انہیں اپنا رول ماڈل قرار دیا۔
رفاہ کے خواب ابھی ادھورے ہیں۔ وہ ایس ایس ایل سی کے بعد پانچ مزید ریکارڈ توڑنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جیسے بغیر ٹائروں کے گاڑی چلانا، دو پہیوں پر پندرہ کلومیٹر تک گاڑی دوڑانا اور فلمی انداز کے خطرناک اسٹنٹس انجام دینا۔ ان کے والدین چاہتے ہیں کہ وہ فور وہیل ریسنگ میں آگے بڑھے، جبکہ وہ خود بائیک ریسنگ میں مہارت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ان کا سب سے  بڑا خواب مستقبل میں آئی اے ایس افسر بن کر ملک کی خدمت کرنا ہے۔
رفاہ تسکین کی کہانی یہ ثابت کرتی ہے کہ غیر معمولی خواب دیکھنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ ایک ننھی سی بچی سے لے کر عالمی ریکارڈ یافتہ نوجوان تک کا ان  کا سفر محنت، ہمت اور لگن کی روشن مثال ہے۔ وہ آج بھی پوری دنیا کو یہی پیغام دیتی ہیں کہ اگر جذبہ سچا ہو تو راستے خود بننے لگتے ہیں اور جب لوگ کہیں کہ "تم بہت چھوٹی ہو"، تو جواب دو: دیکھتے جاؤ، میں کیا کر سکتی ہوں۔۔۔