Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 02-12-2025
رحمت تاریکیرے- کرناٹک کی ثقافتی بیداری کی بلند آواز
ثانیہ انجم۔ بنگلورو
رحمت تاریكیرے کرناٹک کے اُن مصنف میں سے ہیں جو لفظوں سے زیادہ دلوں کو جوڑنے پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ نہ صرف ایک استاد اور نقاد ہیں بلکہ ایک ایسے سوچنے والے انسان بھی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ حصہ اس بات کو سمجھنے میں گزارا کہ مختلف مذاہب، روایات اور زبانوں کے لوگ آخر کیسے صدیوں سے ایک ساتھ جیتے آرہے ہیں۔
سادہ پس منظر سے نکل کر، انہوں نے اپنے مشاہدے اور محنت سے یہ ثابت کیا کہ علم صرف کتابوں میں نہیں ہوتا بلکہ گلیوں، بستیوں، لوک رسومات، صوفی خانقاہوں اور عام لوگوں کی زندگی میں بھی چھپا ہوتا ہے۔ رحمت تاریكیرے نے یہی سب سیکھا، سمجھا اور اپنی تحریروں میں سمیٹ کر دنیا کے سامنے رکھا۔
رحمت تاریكیرے 26 اگست 1959 کو کرناٹک کے تحصیل تاریكیرے کے قصبے سماتالا میں پیدا ہوئے۔ ایک ایسی بستی جہاں مذہبی و لسانی تنوع روزمرہ زندگی کا حصہ تھا۔ ان کے والد لوہار تھے جبکہ ان کی والدہ عربی کی معلمہ تھیں۔ گھر کا یہ ماحول، محنت، علم، اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کی روزمرہ قربت نے ان کی شخصیت کی پہلی اینٹ رکھی۔
وہ محبت سے یاد کرتے ہیں کہ میں ایسی گلی میں بڑا ہوا جہاں سب مذاہب کے لوگ ساتھ رہتے تھے۔ یہی تجربہ بعد میں ان کی پوری زندگی کے فکری سفر کی بنیاد بنا۔ ان کے والد نے انہیں کنڑ زبان کے سرکاری اسکول میں داخل کروایا، وہ فیصلہ جو آگے چل کر ہندوستانی کنڑ ادب اور ثقافت کے کئی دروازے کھولنے والا تھا۔یہیں سے ان کے بدلاؤ کے سفر کی شروعات ہوئی۔ سال 1992 میں بابری مسجد انہدام نے ہندوستان کے سماجی و فکری منظرنامے کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس واقعے نے نوجوان اسکالر رحمت تاریكیرے کے دل میں بھی گہری خلش پیدا کی۔ وہ سوچنے لگے کہ کیا اس مذہبی بیماری کی کوئی دوا ہے؟ کیا محض عقلیت پسندی اور آئین پسندی اس زخم کو بھر سکتی ہے؟
یہ سوالات ان کی تحقیق کا رخ بدل دیتے ہیں۔ وہ محض کتابی دانش کے بجائے عوامی روایتوں، صوفیانہ تجربات اور لوک عقائد کی جانب متوجہ ہوتے ہیں۔ وہ کرناٹک کے گاؤں گاؤں گھومتے ہیں۔ وہ ایسے شعرا اور لوک گلوکار سے ملتے ہیں جو ایک ہی سانس میں سیتا، رام، حسن، حسین اور فاطمہ کے قصے سناتے ہیں۔
انہی مشاہدات پر انہوں نے اپنے مشہور تحقیقی کام تحریر کیے
کرناٹکا سوفیگالو
ناتھزم آف کرناٹک
شکت ازم آف کرناٹک
محرم آف کرناٹک
ان میں سے چار کو ریاستی ساہتیہ اکیڈمی اعزازات ملے، جبکہ کٹیاں چینہ داری کو قومی ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2010 سے نوازا گیا۔
رحمت تاریكیرے کا علمی سفر بھی کم غیر معمولی نہیں۔ شیموگا کے سہیا دری کالج سے بی اے کرنے کے بعد انہوں نے میسور یونیورسٹی سے ایم اے کیا جہاں وہ فرسٹ رینک کے ساتھ سات گولڈ میڈلز کے حق دار ٹھہرے۔ اس کے بعد انہوں نے پی ایچ ڈی کی اور پھر کنڑ یونیورسٹی ہمپی میں پروفیسر، محقق اور ڈین کے طور پر خدمات انجام دیں۔
مگر وہ محض روایتی استاد نہیں تھے وہ کنڑ ادب کو ایک نئے تناظر میں دیکھتے تھے۔ انہوں نے ادبی تنقید کو ثقافتی مطالعات، مذہبی ہم آہنگی اور لوک روایتوں کے ساتھ جوڑا، اور اپنے شاگردوں کو یہ سکھایا کہ ادب صرف کتابوں میں نہیں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی، رسومات، اور مشترکہ یادداشت میں بھی سانس لیتا ہے۔
رحمت تاریكیرے اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ معاشرے کو بدلنے کے لیے نعرہ نہیں بلکہ ایمان دار علم، مشترکہ روایتوں کی پہچان، اور خاموش فکری جدوجہد کافی ہے۔