ستار خلیفہ جیلانی - مصوّر ی سے امید اور وقار کی عکاسی
Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 05-11-2025
ستار خلیفہ جیلانی - مصوّر ی سے امید اور وقار کی عکاسی
زیب اختر۔ رانثی
جھارکھنڈ کا پلامو پرمڈل طویل عرصے سے غربت، بے روزگاری اور نکسل سرگرمیوں کے باعث سرخیوں میں رہا ہے۔ جنگلات اور پہاڑوں سے گھرا یہ علاقہ اکثر پسماندگی اور محرومی کی تصویر پیش کرتا ہے۔ مگر انہی حالات کے بیچ ایک ایسا شخص کھڑا ہے جس نے اپنے عزم، حوصلے اور خدمت سے لوگوں کی سوچ بدلنے کا بیڑا اٹھایا۔ اس کا نام ہے ستار خلیفہ، جنہیں لوگ محبت سے پینٹر جیلانی کے نام سے جانتے ہیں۔
جدوجہد سے بنی پہچان
جیلانی کا بچپن مشکلات سے بھرا رہا۔ بچپن ہی میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا تھا۔ گھر کی ذمہ داریوں کے ساتھ انہوں نے کسی طرح بی اے تک تعلیم حاصل کی۔ حالات تنگ تھے، مگر ان کا دل کتابوں سے زیادہ انسانوں کی مدد کرنے میں لگتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج وشرا مپور کی ہر گلی میں وہ ایسے شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں جو دوسروں کی پریشانی میں سب سے پہلے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب علاقے میں نکسل اور انتہا پسند تنظیموں کا اثر گہرا تھا، تب بھی وہ بے خوفی سے ڈالٹن گنج کا سفر کرتے تھے۔ وشرا مپور سے پچاس کلومیٹر دور واقع ضلع ہیڈکوارٹر ڈالٹن گنج تک ان کے آنے جانے میں نہ نکسل روکتے تھے، نہ انتہا پسند پوچھ گچھ کرتے تھے۔ یہ اعتماد اور احترام ان کی خدمت کی سچی گواہی ہے۔
پلامو اور گڑھوا اضلاع کے غریب، دلت، مہا دلت اور محروم طبقے کے لوگ انہیں اپنا سہارا سمجھتے ہیں۔ چاہے راشن کارڈ کی پریشانی ہو، پنشن کی جدوجہد یا پانی کی قلت، اسپتال میں علاج کی دشواری ہو ۔ جیلانی ہر جگہ موجود ہوتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ اب تک وہ پانچ سو سے زیادہ لوگوں کے راشن کارڈ بنوا چکے ہیں اور اتنے ہی خاندانوں کو پنشن کی فہرست میں شامل کروا چکے ہیں۔ خود تنگ دستی میں جیتے ہوئے بھی جب وہ کسی بزرگ یا معذور کو پنشن پاتے دیکھتے ہیں تو انہیں یہی اپنی سب سے بڑی کامیابی محسوس ہوتی ہے
۔
سماجی مسائل پر کھلا محاذ
جیلانی بتاتے ہیں کہ کچھ ماہ پہلے نگر پریشد علاقے کے سینکڑوں بزرگوں، بیواؤں اور معذوروں کو چار مہینے تک پنشن نہیں ملی۔ بھوک اور لاچاری سے تنگ لوگ جیلانی کے پاس پہنچے۔ انہوں نے پہلے انتظامیہ سے درخواست کی، مگر جب کوئی سنوائی نہ ہوئی تو وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔ کئی دنوں تک چلا یہ احتجاج آخرکار رنگ لایا اور حکومت کو پنشن کی ادائیگی کرنی پڑی۔ اسی طرح وشرا مپور میں گرمی کے دنوں میں پانی کی قلت سب سے بڑا مسئلہ بن جاتی ہے۔ خراب ہینڈ پمپ اور ادھوری ٹینکر سپلائی سے لوگ پریشان رہتے ہیں۔ جیلانی نے اس معاملے پر کئی بار دھرنا اور احتجاج کیا۔ جہاں ہینڈ پمپ خراب تھے وہاں مرمت کروائی اور جب تک درست نہ ہوئے، تب تک ٹینکر سے پانی کی سپلائی یقینی بنائی۔ ان کی کوششوں سے کئی علاقوں میں پائیدار حل نکلا۔ مستقبل کی ضرورتوں کو سمجھتے ہوئے انہوں نے وزیر اعلیٰ سے وشرا مپور کو اپ منڈل (سب ڈویژن) بنانے کی مانگ بھی کی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے جو نقشہ جھارکھنڈ حکومت کو دیا گیا، وہ خود جیلانی نے تیار کیا تھا۔
پلامو کا راشن نظام طویل عرصے سے سوالوں کے گھیرے میں ہے۔ ڈیلروں کی طرف سے کم راشن دینے کی شکایتیں عام ہیں۔ جیلانی نے اس پر بھی محاذ کھولا۔ بار بار مظاہرے کیے اور کئی غریبوں کو ان کا حق دلایا۔ یہی جرات انہوں نے تب بھی دکھائی جب وشرا مپور اور آس پاس کے سرکاری اسپتالوں میں زچگی کے لیے 4000 روپے تک وصول کیے جا رہے تھے ۔ جو کہ بالکل غیر قانونی تھا۔ جیلانی نے بدعنوان ڈاکٹروں کے خلاف کھل کر جدوجہد کی اور آخرکار فتح حاصل کی۔ نتیجہ یہ ہے کہ آج کسی بھی اسپتال میں ایسی رشوت خوری نہیں ہوتی۔
وزیراعظم آواس یوجنا کے برانڈ ایمبیسیڈر
جیلانی کی پہچان صرف ایک سماجی کارکن کی نہیں۔ وہ ایک پینٹر بھی ہیں، اور جو کچھ وہ کماتے ہیں، اس کا بڑا حصہ لوگوں کی مدد میں خرچ کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میرے لیے فن ایک ذریعہ ہے، اور خدمتِ خلق میرا مقصد۔ ان کے لگاتار سماجی کاموں کا اثر یہ ہوا کہ حکومت نے بھی انہیں سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔ حال ہی میں انہیں وزیراعظم آواس یوجنا کا برانڈ ایمبیسیڈر بنایا گیا تاکہ وہ ان لوگوں کو بیدار کریں جو ابھی تک اس اسکیم کا فائدہ نہیں اٹھا پائے ہیں۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے وشرا م پور کے لیے فخر کی بات ہے۔
عوام اور انتظامیہ کے درمیان پُل
انتخابات کے دوران جب سیاست داں ووٹ مانگنے آتے ہیں، تو جیلانی عوام کو یاد دلاتے ہیں کہ اصل ترقی پنچایت اور وارڈ سطح پر ہونی چاہیے۔ پانی کی قلت اور ہینڈ پمپ کی مرمت جیسے مسائل پر انہوں نے اتنا دباؤ ڈالا کہ آخرکار انتظامیہ کو قدم اٹھانے پڑے۔ جیلانی کی شہرت اب صرف پلامو تک محدود نہیں۔ ان کا مددگار رویہ اور جدوجہد کرنے والی شبیہ انہیں پڑوسی ضلع گڑھوا تک مقبول بنا چکی ہے۔
فن، نغمہ اور تبدیلی کی صدا
ان کی ایک اور پہچان ان کی فنکاری اور نغمہ نگاری ہے۔ وہ اچھے پینٹر ہیں اور ساتھ ہی خود لکھتے اور گاتے بھی ہیں۔ ان کے گیتوں میں سماج کے دکھ، جدوجہد اور تبدیلی کی باتیں ہوتی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میرے پاس بڑی ڈگریاں نہیں، مگر عوام کا درد میری سب سے بڑی کتاب ہے۔ پلامو اور وشرا مپور جیسے علاقے عموماً غربت اور محرومی سے پہچانے جاتے ہیں، مگر پینٹر جیلانی جیسے لوگ ان اندھیروں میں روشنی کی کرن بنتے ہیں۔ وہ ثابت کرتے ہیں کہ تبدیلی صرف حکومت یا لیڈروں سے نہیں آتی، بلکہ ان لوگوں سے آتی ہے جو زمینی سطح پر دل سے کام کرتے ہیں۔