سیاست نہیں، سماجی خدمت: معراج رائین کا پسماندہ مشن
Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 16-11-2025
سیاست نہیں، سماجی خدمت: معراج رائین کا پسماندہ مشن
ملک اصغر ہاشمی۔ نئی دہلی
ہندوستان میں جب پسماندہ مسلمانوں کی بات ہوتی ہے، تو اکثر یہ موضوع سیاسی نعروں، انتخابی وعدوں اور وقتی بحثوں تک محدود رہ جاتا ہے۔ لیکن ایسے وقت میں معراج رائین نے ایک ایسا راستہ اختیار کیا ہے جو روایتی سیاسی نعروں سے بالکل مختلف اور حقیقت پر مبنی ہے۔ وہ صرف حقوق کی بات نہیں کرتے بلکہ تعلیم، صحت، روزگار اور سماجی انصاف کے میدان میں عملی قدم اٹھا کر ایک خاموش مگر مضبوط تبدیلی لا رہے ہیں۔ ان کی محنت نے پسماندہ سماج میں ایک نئی بیداری پیدا کی ہے، جو مستقبل کی نسلوں کے لیے امید اور ترقی کا روشن راستہ ہموار کر رہی ہے۔
معراج رائین کی پسماندہ مسلمانوں کے حالات بدلنے کی کوشش آج ہندوستانی مسلم سماج میں مثبت سماجی تبدیلی کا ذریعہ بن رہی ہے۔ معراج رائین نے "آواز۔دی وائس" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف سیاست ہر مسئلے کا حل نہیں ہو سکتی۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے تقریباً ایک سال قبل “پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن” کی بنیاد رکھی۔ اس فاؤنڈیشن نے قلیل مدت میں پسماندہ سماج کے لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ان میں اعتماد اور نئی امید پیدا کی ہے۔
یہ فاؤنڈیشن محض سیاسی پلیٹ فارم پر پسماندہ مسلمانوں کے حقوق کے نعروں تک
محدود نہیں، بلکہ تعلیم، صحت، معاشی استحکام اور سماجی انصاف جیسے حقیقی مسائل پر براہِ راست کام کر رہی ہے۔ معراج رائین کا کہنا ہے کہ پسماندہ طبقے کی ترقی صرف اسی وقت ممکن ہے جب پوری کمیونٹی ا س میں بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے یہ روایت بھی توڑی ہے کہ پسماندہ تحریک اشراف کے خلاف کوئی جدوجہد ہے۔ ان کی تنظیم میں اشراف طبقے کے لوگ بھی فعال ہیں، جو اتحاد اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ پسماندہ سماج کو صرف ووٹ بینک نہ سمجھا جائے بلکہ اسے خود مختار اور باوقار بنایا جائے۔
معراج رائین کا تعلق بہار کے ضلع ویشالی سے ہے۔ دہلی آ کر انہوں نے اپنی اہلیہ نِکہت پروین کے ساتھ اس فاؤنڈیشن کی شروعات کی۔ وہ ایک فیکٹری چلاتے ہیں جہاں چھوٹے پرزے تیار کیے جاتے ہیں۔ اس کے باوجود وہ خاندان اور سماجی خدمت دونوں کو یکساں طور پر وقت دیتے ہیں۔
وہ ڈاکٹر اعجاز علی کی "آل انڈیا مسلم مورچہ" کے نائب صدر ہیں اور بی جے پی مائناریٹی مورچہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے بھی سرگرم رکن ہیں۔ اس طرح وہ سیاست میں بھی فعال ہیں مگر ان کی اصل توجہ سماجی خدمت پر ہے۔ حالیہ دنوں فاؤنڈیشن نے جمعیت علمائے ہند کے مدنی ہال میں “قومی تعلیمی بیداری کانفرنس” کا انعقاد کیا، جس کا موضوع تھا: "مدارس میں جدید تعلیم"۔
اس موقع پر پانچ مدارس کے بچوں میں کمپیوٹر کٹس تقسیم کی گئیں۔ جمعیت علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے اس اقدام کو سراہا اور ساتھ ہی صحت کے شعبے پر بھی توجہ دینے کی نصیحت کی۔ ان کے مطابق ایک صحت مند شہری ہی ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکتا ہے۔
معراج رائین کا کہنا ہے کہ جدید تعلیم پسماندہ طبقے کی کم شرحِ خواندگی ختم کرنے کا سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ ان کا اگلا منصوبہ ہریانہ کے نوح ضلع کی 350 درسگاہوں کے طلبہ کو کمپیوٹر کٹس فراہم کرنا ہے۔ اگرچہ اب تک انہوں نے دہلی اور ہریانہ میں پروگرام منعقد کئے ہیں، لیکن ان کا وژن پورے ملک کے پسماندہ بچوں کو تکنیکی طور پر مضبوط بنانا ہے۔
فاؤنڈیشن کی خدمات
تعلیمی معاونت: اسکالرشپ، تعلیمی وسائل اور کیریئر گائیڈنس
مالی مدد: نوجوانوں کے اسٹارٹ اپس کے لیے مالی و مشاورتی سپورٹ
قانونی معاونت: سماجی و قانونی مسائل میں مدد
ہنرمندی کی تربیت: ورکشاپس اور ٹریننگ کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھانا
صحت خدمات: میڈیکل سہولتیں اور صحت آگاہی پروگرام
سماجی رابطہ کاری: ہم آہنگی اور ترقی کے لیے مختلف تقریبات
یہ کوششیں ثابت کرتی ہیں کہ یہ ادارہ محض ایک این جی او نہیں بلکہ ایک مضبوط تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ معراج رائین کی ٹیم میں مختلف شعبوں سے وابستہ مرد و خواتین شامل ہیں، جبکہ وہ اور ان کی اہلیہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ہیں۔ گائیڈنس بورڈ میں اکرم حسین قاسمی، مفتی محبوب الرحمن قاسمی (دیوبند)، پروفیسر آفتاب عالم انصاری، ڈاکٹر خدیجہ طاہرہ (دہلی یونیورسٹی)، سماجی کارکن عبدالسلام اور سید فاروق سیار جیسے معتبر نام شامل ہیں۔ معراج رائین کے مطابق پسماندہ طبقے کے حقوق کے لیے رِزرویشن بنیادی ضرورت ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ پسماندہ طبقے کو اپنے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کرنی ہوگی، اور یہ جدوجہد سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی کامیاب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کے دوران مسلمانوں کے ’’سیکشن 314‘‘ سے اخراج کا مسئلہ بھی اٹھایا، جو ان کے وسیع نظریے اور قومی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری فاؤنڈیشن کا مشن ہندوستانی او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی مسلمانوں میں مساوات، خوشحالی اور بھائی چارہ قائم کرنا ہے، اور پورے ہندوستان میں اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانا ہے۔
آج جب پسماندہ طبقے کو اکثر صرف ووٹ بینک سمجھا جاتا ہے، ایسے وقت میں معراج رائین کی پہل ایک روشن مثال بن چکی ہے۔ ان کا مشن ثابت کرتا ہے کہ پسماندہ تحریک اب صرف نعرے یا سیاست نہیں رہی، بلکہ عملی خدمت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ترقی کا بھرپور سفر ہے۔
معراج رائین کی تحریک یہ پیغام دیتی ہے کہ اگر ارادہ مضبوط ہو، سوچ مثبت ہو اور مقصد انسانیت کی فلاح ہو، تو تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے پسماندہ سماج کو صرف جدوجہد کی علامت سے نکال کر ترقی، خود مختاری اور بہتر مستقبل کی مثال بنا دیا ہے۔