امتیاز احمد / گوہاٹی
اگر دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ، مرحوم راماکانت اچریکر کو جنہوں نے عظیم کرکٹر سچن تندولکر کی تربیت کی تھی،یہ اعزاز حاصل ہوا کہ انہوں نے سچن کے بیٹے ارجن کو بھی سکھایا، تو آسام کے اپنے 'اچریکر' نواب علی بھی اس سعادت سے محروم نہیں رہے۔ انہوں نے نہ صرف سابق آسام رنجی کپتان پراگ داس کی تربیت کی بلکہ ان کے بیٹے ریان پراگ کو بھی سنوارا جو آسام کے پہلے کھلاڑی بنے جنہیں ٹیم انڈیا میں شامل ہونے کا موقع ملا۔کرکٹ حلقوں میں محبت سے 'نواب دا' کہلانے والے نواب علی نے اگرچہ اپنی مختصر کرکٹنگ زندگی میں زیادہ سنچریاں یا نصف سنچریاں نہیں بنائیں، لیکن آسام اور ہندوستان کے لیے باصلاحیت کرکٹرز کی 'سنچری' ضرور مکمل کی ہے۔
اپنی زندگی کرکٹ کوچنگ کے لیے وقف کر دینے والے نواب علی، جنہیں اکثر "کرکٹ کا نواب" بھی کہا جاتا ہے، نے 1985 سے آسام کے زیادہ تر فرسٹ کلاس کرکٹرز تیار کیے ہیں۔ رنجی ٹرافی، دیودھر ٹرافی، دلیپ ٹرافی وغیرہ کھیلنے والے 50 سے زیادہ کھلاڑی اور 100 سے زائد قومی عمر گروپ ٹورنامنٹ کے کھلاڑی ان کے تربیتی مرکز سے نکلے ہیں۔ تاہم ان کی حقیقی کامیابی کا لمحہ اس وقت آیا جب ریان پراگ نے ٹیم انڈیا کی نیلی جرسی زیب تن کی۔
نواب علی نے پراگ خاندان کی دو نسلوں کو تیار کیا
نواب دا نے نہ صرف پراگ اور ریان کو تیار کیا بلکہ ان کے تیار کردہ کھلاڑیوں کی دوسری نسل کو بھی سنوار رہے ہیں، جن میں سید زکریا ظفر، نیشانتا بورڈولائی، بشوجیت چودھری، گوتم شرما، جاوید زمان اور دیگر شامل ہیں۔ ہمیشہ تندرست اور پرسکون رہنے والے ساٹھ سالہ نواب دا نے آج تک بیماری کی کوئی شکایت نہیں کی، جب سے انہوں نے یہ عہد کیا تھا کہ آسام سے ایک ایسا کھلاڑی تیار کریں گے جو قومی ٹیم میں جگہ پائے گا۔ 1985 میں گوہاٹی کرکٹ کوچنگ سینٹر کے قیام سے لے کر آج تک وہ کبھی ایک سیشن بھی غیر حاضر نہیں رہے۔
نواب علی نے اپنی کرکٹنگ زندگی کا آغاز 15 برس کی عمر میں اُس وقت کے بی سی سی آئی ایسٹ زون کوچ ایڈول بی آئبارا سے تربیت لے کر 1978 میں کیا اور 1981-82 اور 1983-84 کے سیزن میں سی کے نائیڈو ٹرافی اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ میں آسام کی نمائندگی کی۔ 1984 سے 1986 تک نرالدین ٹرافی سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں گوہاٹی ضلع ٹیم کی نمائندگی کی۔
نواب علی نے آواز۔ دی وائس سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ منظم کرنے اور کوچنگ کا شوق بچپن سے دل میں بسا تھا۔ 1984 میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے کوچ وریندر کمار شرما سے تربیت حاصل کرنے کے بعد نواب علی نے کوچنگ کو اپنا پیشہ بنا لیا۔ جب شرما جی کو گوہاٹی سے دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا تو اسٹیٹ اسپورٹس کونسل آف آسام کے تحت 1985 میں اسٹیڈیم کے ایک گوشے میں کوچنگ سینٹر قائم ہوا۔ میں سب سے سینئر تھا، اس لیے چھوٹے کھلاڑیوں کو میں ہی سکھاتا تھا۔
نواب علی کوچنگ کے دوران
نواب علی نہ صرف ماہر کوچ بلکہ ماہر اسپورٹس آرگنائزر بھی ہیں۔ 1992 سے 2018 تک انہوں نے گوہاٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کی قیادت کی۔ان کا کوچنگ سینٹر، جو بعد میں ان کے ساتھیوں جیسے مرحوم عبدالرّب، رتل داس، اشرف الرحمٰن (راجو) وغیرہ کی مدد سے مکمل کوچنگ سینٹر کی شکل اختیار کر گیا اور گوہاٹی کرکٹ کوچنگ سینٹر کہلایا، آج بھی باصلاحیت کرکٹرز کی آماجگاہ ہے۔ ابتدائی دنوں میں جہاں سابق آسام کپتان راجندر سنگھ، زہیر احمد اور موجودہ آسام کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری دیواجیت سائکیا سمیت 25-30 طلبہ تھے، آج اس سینٹر میں 350 سے زائد کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
نواب دا کے نمایاں شاگردوں میں سید زکریا ظفر، ابو نشیم احمد، پراگ داس، نیشانتا بورڈولائی، خانن سائکیا، ریان پراگ، مرگن تکوکردر، پولاش جیوتی داس، صادق عمران چودھری وغیرہ شامل ہیں۔زکریا نے 2002 میں انڈیا بی کے لیے چیلنجر ٹرافی کھیلی، جبکہ ابو کو اس وقت بدقسمتی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل) میں شامل ہونے کی وجہ سے بی سی سی آئی کی پابندی کا شکار ہو گئے۔ اس کے ساتھ کھیلنے والے ایشانت شرما انڈیا انڈر 19 ٹیم میں شامل ہوئے، لیکن ابو کا خواب ادھورا رہ گیا۔
نواب علی نے کہا کہ مجھے بہت دکھ ہوا جب زکریا، گوتم دتہ اور ہیمنگا برواہ کو ٹیم انڈیا کے لیے نظر انداز کر دیا گیا۔ ابو کی کہانی ہم سب کے لیے صدمہ تھی، وہ وقت ان کے لیے بہت بدنصیب ثابت ہوا،تاہم آج نواب دا کو یقین ہے کہ آسام کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ آئندہ ایسا ناانصافی نہیں ہوگی، کیونکہ ان کے ایک اور شاگرد دیواجیت سائکیا بی سی سی آئی کے سیکرٹری بن چکے ہیں۔ ماضی میں ہمارے کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز بی سی سی آئی سطح پر کھلاڑیوں کے حق میں آواز بلند نہیں کر پاتے تھے،لیکن اب مجھے یقین ہے کہ آسام کو ایسی مایوسی کبھی نہیں دیکھنی پڑے گی۔ دیواجیت سائکیا بہترین منتظم ہیں اور ان کا بی سی سی آئی اور آئی سی سی تک پہنچنا آسام کے کرکٹ کے لیے نعمت ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ ایک دن آئی سی سی کے سربراہ بھی بنیں۔ابو، مرگن، پولاش اور خانن انڈیا انڈر 19 ٹیم میں کھیل چکے ہیں، جبکہ صادق نے 2001 میں انڈیا انڈر 17 ٹیم کی نمائندگی کی۔
نواب علی بچے کو تربیت دیتے ہوئے
نہرُو اسٹیڈیم میں کوچنگ سینٹر چلانے کے بارے میں نواب دا نے کہاکہ چونکہ یہ اسٹیڈیم ہمیشہ سے ملٹی پرپز اسٹیڈیم رہا ہے اور شہر میں واحد ڈھانچہ تھا، ہمیں بہت سے کھیلوں جیسے کرکٹ، فٹبال، ہاکی، ایتھلیٹکس وغیرہ کے درمیان ایڈجسٹمنٹ کرنی پڑتی تھی۔ لیکن ہمیں ہمیشہ اسپورٹس بورڈ آف آسام اور آسام کرکٹ ایسوسی ایشن سمیت سب کا بھرپور تعاون ملا، اور ہم خود بھی چاہتے ہیں کہ دوسرے کھیل بھی ترقی کریں۔صرف گوہاٹی ہی نہیں بلکہ سیواساگر، چارائی دیو، نظیرا، دِبروگڑھ، سلچر، دھوبری جیسے دور دراز علاقوں کے کھلاڑی بھی نواب دا کے زیرِ نگرانی تربیت کے لیے مختصر کیمپس میں آتے ہیں۔