مظفر حسین ۔ سنتھال کی سر زمین پر بھوک کے خلاف جنگ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2025
مظفر حسین ۔ سنتھال کی  سر زمین پر بھوک کے خلاف جنگ
مظفر حسین ۔ سنتھال کی سر زمین پر بھوک کے خلاف جنگ

 



زیب اختر ۔ رانچی

مظفر حسین کا خواب ہے کہ کوئی شخص بھوکا نہ سوئے۔ کیونکہ اس دور دراز علاقے میں غربت ایک جیتی جاگتی حقیقت ہے۔ پاکور، گڈا، صاحب گنج، دمکا، جمتاڑہ اور دیو گھر کے چھ اضلاع اس کی ایک طویل اور تکلیف دہ تاریخ رکھتے ہیں جو اب آہستہ آہستہ بدل رہی ہے۔یہ  سرزمین خود ایک تلخ سچائی کی گواہ ہے، بھوک اتنی ہی حقیقی ہے جتنی کہ اس کی بنجر زمین۔ایک ریسرچ کے مطابق سنتھال کے 82 فیصد لوگ شدید غربت میں زندگی گزار رہے ہیں، جن میں سے اکثر کے پاس اپنی زمین نہیں۔ اسی حقیقت کے درمیان پاکور کے مظفر حسین کھڑے ہیں جنہوں نے بھوک کے خلاف لڑنے کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیا۔

ان کی جدوجہد اُس وقت شروع ہوئی جب 2013 میں حقِ خوراک قانون ابھی نافذ نہیں ہوا تھا۔ آج اگرچہ قانون موجود ہے لیکن اصل کام یہ ہے کہ کھانا حقیقی ضرورت مندوں تک پہنچے۔ یہی کام مظفر نے اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔ان کی کوششوں کے نتیجے میں آج تقریباً 600 سے 700 خاندانوں کے پاس راشن کارڈ ہیں اور وہ باقاعدہ اناج حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن اس کامیابی کے پیچھے بے شمار ان کہی جدوجہدیں چھپی ہیں۔

ان کے اپنے گاؤں نرائن پور میں ایک شخص بھوک سے مر گیا۔ اس کے گھر والوں نے دو دن سے کھانا نہیں کھایا تھا۔ وہ واقعہ مظفر کی زندگی کا موڑ بن گیا۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ بھوک نامی اس ذلت کے خلاف کھڑے ہوں گے۔انہوں نے ایک چھوٹی سی کوشش سے آغاز کیا۔ بھوک سے متاثر خاندانوں کو ہر مہینے 10 کلو چاول دینے کے لیے افسروں پر دباؤ ڈالا۔ اگرچہ حکومت نے بھوک سے ہونے والی اموات کو سرکاری طور پر تسلیم نہیں کیالیکن اسے مجبوراً انتہائی غریبوں کو ترجیح دینی پڑی۔

جب 2013 میں حقِ خوراک قانون نافذ ہوا تو مظفر اور ان کے ساتھیوں کو لگا کہ ان کے ہاتھ میں ایک ہتھیار آ گیا ہے۔ وہ گھر گھر جا کر فارم بھرتے، سپلائی دفاتر کا چکر لگاتے اور راشن کارڈ بنواتے۔ آہستہ آہستہ لوگ اپنے حقوق سمجھنے لگے اور آج ضرورت مند خود مظفر تک پہنچتے ہیں۔لیکن جنگ یہیں ختم نہیں ہوئی۔ مظفر مانتے ہیں کہ آج بھی راشن کارڈ حاصل کرنا مشکل ہے۔ آن لائن پورٹل اکثر بیٹھ جاتا ہے اور گرین کارڈ میں غلطیاں عام ہیں۔ مگر ایک بات ضرور بدلی ہے کہ اب پی ڈی ایس ڈیلر من مانی نہیں کر سکتے۔ مظفر اور ان کی ٹیم شکایت ملتے ہی کارروائی کرتی ہے اور ان کی نگرانی میں حکومت نے ہر پنچایت میں 100 کوئنٹل چاول کا ہنگامی ذخیرہ رکھنا شروع کیا ہے۔

بھوک کے خلاف لڑنے کے بعد مظفر نے ایک اور محاذ کھولا ۔ نقل مکانی کا۔ دو سال کی تحقیق کے بعد انہوں نے پایا کہ مزدور بڑی تعداد میں اس لیے علاقے سے جاتے ہیں کیونکہ مقامی روزگار نہیں ہے۔ ستم ظریفی یہ کہ سرکاری منصوبوں میں بھی مزدور بنگال سے بلائے جاتے تھے۔ مظفر نے ٹھیکیداروں پر دباؤ ڈالنا شروع کیا کہ پہلے مقامی مزدوروں کو رکھا جائے۔ اثر واضح تھا۔ نقل مکانی کم ہوئی اور مقامی مزدوروں کو باہر والوں سے بہتر اجرت ملنے لگی۔

لیکن مزاحمت سخت تھی۔ ٹھیکیداروں نے ان کے خلاف جھوٹے مقدمے دائر کیے۔ مظفر کہتے ہیں بدعنوانی کو ایک دن میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اسے آہستہ آہستہ توڑنا پڑتا ہے ورنہ لڑائی خود کچل دی جائے گی۔آج وہ منریگا کے سماجی آڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جب بھی پکر، گڈا یا صاحب گنج میں کوئی بے ضابطگی سامنے آتی ہے وہ اسے منظر عام پر لاتے ہیں تاکہ مزدوروں کو ان کا حق ملے اور عوامی پیسہ محفوظ رہے۔

وہ حقِ معلومات قانون کا بھی بھرپور استعمال کرتے ہیں، صحت و انسانی حقوق کے مسائل پر کام کرتے ہیں۔ وہ یونائیٹڈ ملی فورم کے ضلع کنوینر اور ریاستی نائب سیکریٹری ہیں۔مظفر حسین کو صرف سماجی کارکن نہیں بلکہ بھوک کے خلاف جنگ لڑنے والے مجاہد کے طور پر جانا جاتا ہے۔ پکر کی گلیوں میں لوگ اکثر کہتے ہیں کہ اگر مظفر نہ ہوتے تو ہمارے بچے بھوکے سو جاتے۔

انہوں نے عربی میں تعلیم حاصل کی اور یوپی کے مئو میں جامعہ مفتاح العلوم سے ایم اے کیا لیکن اپنی تعلیم کو روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ خدمت کا ہتھیار بنایا۔ان کی جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ وہ ایسے سنتھال کا خواب دیکھتے ہیں جہاں ہر گھر میں کھانا اور کام ہو۔ جہاں کوئی مزدور ہجرت پر مجبور نہ ہو اور کوئی بچہ خالی پیٹ نہ سوئے۔ انہیں معلوم ہے کہ راستہ طویل ہے لیکن ان کا یقین ہے کہ جب تک جدوجہد جاری ہے بھوک کو شکست دی جا سکتی ہے۔جب سنتھال کی کہانی لکھی جائے گی ۔ غربت، بھوک اور ہجرت کی کہانی ۔ تو ایک نام اندھیروں میں چمکے گا ۔ مظفر حسین ۔ وہ شخص جس نے بھوک کے خلاف اعلان جنگ کیا اور ثابت کیا کہ تبدیلی ممکن ہے۔