دیب کشور چکرورتی / مرشدآباد
مشتاق حسین نے مغربی بنگال کے ایک چھوٹے سے گاؤں چندرا میں ترقی کی نئی صبح طلوع کی ہے۔ان کے وژن، صنعتی ترقی اور تعلیم کے فروغ کی بدولت یہ گمنام بستی اب سرحدوں سے باہر بھی اپنی شناخت رکھتی ہے۔مرشدآباد ضلع میں بھارت-بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب واقع چندرا طویل عرصے تک دنیا کی نظروں سے اوجھل رہا۔یہ صرف حسین کی فیاضی اور دوراندیشی ہے کہ آج یہ گاؤں ہندوستان کے نقشے پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔ لوگ اکثر سوال کرتے ہیں۔آخر یہ شخص کیسے اس مقام تک پہنچا؟ کون سی طاقتوں نے اس کے بچپن اور خاندانی ورثے کو شکل دی؟
اورنگ آباد، جو چندرا کے گردونواح کا بڑا علاقہ ہے، ہمیشہ تباہی کے سائے میں جیتا رہا۔ مشرق کی طرف بہنے والی پدما اور مغرب کی طرف بہنے والی گنگا، ہر سال اس زمین کو سیلاب اور کٹاؤ سے اجاڑ دیتی ہیں۔ تقسیم ہند کے بعد یہاں ایک منفرد بحران پیدا ہوا۔ بے شمار کسانوں کی کھیتیاں سرحد کے اُس پار بنگلہ دیش میں چلی گئیں، جبکہ ان کے مکانات بھارت میں رہ گئے۔
اسی کٹھن پس منظر میں مشتاق حسین کی پیدائش ہوئی۔ آج وہ مغربی بنگال کے معروف صنعتکار ہیں،اور ایسے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جس کی سات پشتوں تک خوشحالی اور عزت کی روایت رہی ہے۔ شاید ہی کسی نے سوچا ہوگا کہ اس گمنام گاؤں کا ایک لڑکا بنگال کے پسماندہ مسلمانوں کے لیے امید کی کرن بنے گا۔

ریاست کے کامیاب صنعتکاروں میں حسین کا نام منفرد ہے۔ وہ صرف تجارتی کامیابیوں کی وجہ سے نہیں جانے جاتے بلکہ اپنی انسان دوستی کی بدولت بھی ممتاز ہیں۔ بہتوں کے لیے وہ ایک نئی صبح کے نمائندہ ہیں، خاص طور پر مسلم برادری کے لیے۔ مذہبی رجحان رکھنے والے یہ شخص سماج کی خدمت کے لیے وقف ہیں، اور تعلیم ان کے مشن کا مرکز ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ آخر اتنے کامیاب تاجر کو تعلیم کے لیے اتنا کچھ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟ وہ آخر کیوں گاؤں اور ضلعوں میں مشن کے تحت چلنے والے اسکولوں پر اپنے وسائل صرف کرتے ہیں؟
آواز-دی وائس سے گفتگو میں حسین نے بتایا کہ مغربی بنگال کے بے روزگار نوجوانوں کو درپیش سماجی محرومی کا تسلسل ہمیشہ مجھے اندر تک بے چین کرتا رہا ہے۔ میں نے ان کی مایوسی، ان کی روز مرہ کی اذیت اور زندگی کی غیر یقینی کیفیت کو قریب سے محسوس کیا ہے۔وہ مانتے ہیں کہ کوئی ایک فرد ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا نہیں کر سکتا۔ مگر وہ غربت کو اکیلا مجرم ماننے سے انکار کرتے ہیں۔میرا یقین ہے کہ غربت بذاتِ خود پسماندگی کی جڑ نہیں ہے۔ یہ ایک علامت ہو سکتی ہے، مگر اصل مسئلہ تعلیم سے بے رغبتی ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہے۔ یہی بے اعتنائی قوموں کو پیچھے رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ حوصلے اور عزم کی کمی بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

حسین کا ماننا ہے کہ اس کا حل دین کے اندر موجود تعلیم کے جذبے کو از سرِ نو زندہ کرنے میں ہے-اگر ہم اسلام کے روادارانہ رویے، تعلیم پر اس کی تاکید، نبی کریم ﷺ کے اصول، قرآن کی رہنمائی اور اُن ترقی یافتہ معاشروں کی مثال پر غور کریں جنہوں نے علم کو بنیاد بنایا، تو ہمیں احساس ہوگا کہ تعلیمی پلیٹ فارم ہمیشہ ممکن رہا ہے اور آج بھی ممکن ہے۔ ورنہ جو اندھیرے میں ہیں وہ اندھیرے میں رہیں گے، اور جو روشنی میں ہیں وہ بھی ان کے ذریعے پیچھے کھینچ لیے جائیں گے۔ان کے نزدیک، کمیونٹی کی مدد سے قائم ہونے والے رہائشی اسکول اسی وژن کی عکاسی کرتے ہیں-یہ اسکول صرف پڑھانے کے لیے نہیں ہیں۔ یہ ہمارے خواب، ہماری اجتماعی تحریک کا حصہ ہیں،جن کا مقصد علم پھیلانا، اخلاقی کردار بنانا اور خدمت کا جذبہ پروان چڑھانا ہے۔ اسلام نے صدیوں پہلے تعلیمِ عام کی پالیسی دی تھی،اور اسے آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے۔
حسین کے نزدیک ایمان ایک ایسا اخلاقی قطب نما ہے جو انسان کو اپنے پڑوسی کے ساتھ کھڑا ہونے، غریبوں کو سہارا دینے اور جسم و ذہن دونوں کی پرورش کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ اسی جذبے کے ساتھ وہ اور ان کے ساتھی بنگال بھر میں تقریباً پچاس رہائشی تعلیمی ادارے قائم کر چکے ہیں۔ہماری کامیابی ابھی مکمل نہیں ہے، وہ اعتراف کرتے ہیں۔“یہ ابھی جزوی ہے۔ لیکن ایمان، عزم اور اجتماعی کوشش کے ساتھ ہم ایک باشعور اور روشن معاشرے کے خواب کو حقیقت بنا سکتے ہیں۔
