تحریر: فضل پٹھان
مہاراشٹر کے دیہی علاقوں میں دو باحوصلہ سماجی کارکن ۔ منیر شیکلگر اور حضرت علی سونیکر ۔ نے خاموشی سے ایک انقلابی تبدیلی کی بنیاد رکھی ہے۔سیاسی رہنماؤں کی جانب سے مذہبی جذباتی نعروں کو حقیقی مسائل پر ترجیح دینے سے تنگ آ کر، ان دونوں نے مسلمانوں کی روزمرہ مشکلات کو سیاسی بیانیے کے مرکز میں لا کر ایک نئی بحث کا آغاز کیا ہے۔منیر اور حضرت علی کی مہم کا مرکز ’اِگرانی سوشیل فاؤنڈیشن‘ ہے، جس کے ذریعے وہ ستارا، سانگلی اور کولہاپور کے 300 سے زائد دیہات کا دورہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے ان دوروں کے دوران عام مسلمانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل کو قلمبند کیا اور ایک ٹھوس دستاویز کی صورت میں پیش کیا: مسلم ایکسپیکٹیشنز مینیفیسٹو۔یہ منشور صرف انتخابی نعرہ نہیں بلکہ مسلمانوں کو درپیش تعلیمی، معاشی اور سماجی چیلنجز کا عکاس ہے،جیسے معیاری تعلیم تک رسائی، روزگار کے مواقع اور آئینی حقوق کا تحفظ۔۔منیر اور حضرت نے ان ایشوز کو مذہبی بحثوں سے نکال کر قانون سازی کے قابل معاملات میں بدل دیا ہے۔
منیر کہتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی کے لیے تین چیزیں درکار ہیں: تعلیم، روزگار اور حقوق۔ اور یہ سب قانون، پالیسی اور سیاسی نیت سے طے ہوتے ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ پالیسیاں عوام کی ضروریات پر مبنی ہونی چاہئیں، اسی لیے انہوں نے زمینی سطح پر کام کرتے ہوئے سیاسی نمائندوں کو براہ راست عوامی ترجیحات سے روشناس کروایا۔جب انہوں نے یہ منشور مختلف سیاسی امیدواروں کے سامنے پیش کیا، تو بیشتر نے ان کے مسائل کی سنجیدگی اور حقیقت پسندی پر حیرت کا اظہار کیا۔
حضرت علی وضاحت کرتے ہیں کہ دہائیاں گزر گئیں، لیکن مذہبی نعروں کے شور میں تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی موضوعات کو پس پشت ڈال دیا گیا۔ ہمارا مقصد اس سلسلے کو توڑنا ہے۔منشور میں مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جانے والی منفی سوچ اور اس کے نتیجے میں روزگار میں درپیش رکاوٹوں پر بھی بات کی گئی ہے۔اسی لیے بہت سے نوجوان اب کاروبار کی طرف راغب ہو رہے ہیں اور حکومت سے اسٹارٹ اپس کے لیے امداد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔یہ دستاویز حکومتی فلاحی اسکیموں میں شفافیت اور قابلِ رسائی نظام کا مطالبہ بھی کرتی ہے، جن سے اکثر مسلمان لاعلم یا محروم رہتے ہیں۔
مہاراشٹر کی 30 اسمبلی حلقوں میں مسلمان خاصی تعداد میں موجود ہیں، اس کے باوجود اسمبلی میں مسلمانوں کی نمائندگی 10 فیصد سے بھی کم ہے۔منیر مثال دیتے ہیں کہ سانگلی کے ایک تعلقہ کی 42 گاؤں میں سے 28 نے مقامی حکومتوں میں مسلمان نمائندے منتخب کیے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کمیونٹی تیار ہے، بس موقع چاہیے۔اِگرانی فاؤنڈیشن کے تحت منیر اور حضرت نے آئینی آگاہی مہم بھی شروع کی ہے، جو مساوات، بھائی چارہ اور انصاف جیسے اصولوں کی تعلیم دیتی ہے۔وہ نامیاتی زراعت کو فروغ دے رہے ہیں اور اب 800 دیہاتوں سے اعداد و شمار اکٹھے کر کے جامع ترقیاتی رپورٹ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ اسے مولانا آزاد فنانشل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو پیش کیا جا سکے۔
مستقبل کے منصوبوں میں وہ اقلیتی طلبا کے لیے ایک ہاسٹل، یو پی ایس سی اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی کوچنگ اور ایک لائبریری قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔منیر اور حضرت کا کام محض احتجاج نہیں بلکہ ایک مضبوط اور مثبت سیاسی حکمت عملی ہے، جو تعلیم، مکالمے اور خودمختاری پر مبنی ہے۔ان کی کوششوں نے مسلمانوں کو جمہوری عمل پر اعتماد دلایا ہے، اور اس بات پر زور دیا ہے کہ محض ووٹ دینا کافی نہیں، بلکہ آواز بلند کرنا، رضاکارانہ خدمات دینا اور قومی ترقی میں حصہ لینا بھی لازم ہے۔
منیر کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا نوجوان صرف ووٹ نہ دے، بلکہ آواز بلند کرے، رضاکار بنے اور ایک بہتر مستقبل کا تصور کرے ۔ اپنے لیے اور اپنے وطن کے لیے۔ ان کی یہ دیہی سطح کی تحریک ہندوستان بھر کے لیے ایک مثالی ماڈل ہے، جو یہ سکھاتی ہے کہ حقیقی تبدیلی دور افتادہ دیہاتوں سے بھی ممکن ہے ۔ بشرطیکہ نیت اور نظریہ بلند ہو، اور جمہوریت کو ایک مشترکہ قومی ذمہ داری کے طور پر اپنایا جائے۔