میوات سے امریکہ تک: پرویز خان کی کامیابی کی کہانی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
میوات سے امریکہ تک: پرویز خان کی کامیابی کی کہانی
میوات سے امریکہ تک: پرویز خان کی کامیابی کی کہانی

 



فردوس خان/ میوات
غریبی، کم وسائل اور تعلیمی کمی… یہ رکاوٹیں اکثر کسی نوجوان کے خوابوں کو راستے میں ہی توڑ دیتی ہیں، مگر ہریانہ کے میوات سے تعلق رکھنے والے پرویز خان نے ان تمام دیواروں کو گرا کر یہ ثابت کردیا کہ سچی لگن اور مسلسل محنت انسان کو کہاں سے کہاں پہنچا سکتی ہے۔ کسان گھرانے میں پیدا ہونے والا یہ باہمت نوجوان آج نہ صرف امریکہ کی مشہور فلوریڈا یونیورسٹی میں اسپورٹس اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہا ہے بلکہ ایتھلیٹکس کی دنیا میں اپنی برق رفتاری سے ہندوستان کا نام بھی روشن کر رہا ہے۔ پرویز کی کہانی صرف کامیابی کی نہیں، بلکہ امید، حوصلے اور خود پر یقین کی وہ مثال ہے جو ہر نوجوان کو اپنے خواب پیچھا کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
پرویز خان کی پیدائش 26 دسمبر 2004 کو ہریانہ کے ضلع نُوح کے گاؤں چہلکا میں ہوئی۔ اُن کے والد نفیس احمد ایک کسان ہیں جبکہ ان کی والدہ ہمسیرا گھریلو خاتون ہیں۔ ان کے والد کے پاس بہت تھوڑی زرعی زمین ہے، جس سے گھر کا خرچ بھی بڑی مشکل سے چلتا ہے۔ اُن کے خاندان کی معاشی حالت کافی کمزور ہے۔ ان کے والدین پڑھے لکھے نہیں ہیں اور وہ ایسے ماحول سے تعلق رکھتے ہیں جہاں تعلیم کی صورتِ حال بہت بہتر نہیں۔ اس کے باوجود پرویز نے اپنے ہنر کی بدولت اپنی منفرد پہچان بنائی۔ انہوں نے اپنے خاندان، اپنے صوبے ہریانہ اور پورے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ کھیلوں کی دنیا میں وہ ایک معروف نام ہیں۔ بہت کم عمر میں انہوں نے وہ کامیابیاں حاصل کی ہیں جو نوجوانوں کے لیے بڑی مثال ہیں۔ آج والدین بھی اپنے بچوں کو پرویز جیسا باصلاحیت دیکھنا چاہتے ہیں۔
امریکہ میں تعلیم
اگست 2023 میں امریکہ کی فلوریڈا یونیورسٹی نے پرویز خان کو اسپورٹس اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا۔ فلوریڈا یونیورسٹی کے سینئر ایسوسی ایٹ کی جانب سے جاری کردہ دعوتی خط کے مطابق انہیں یہ اسکالرشپ ان کے بہترین ایتھلیٹک ریکارڈ کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ یہ اسکالرشپ چار سال تک ملے گی۔ اس کے تحت امریکہ میں ان کی پوری تعلیم کا خرچ فلوریڈا یونیورسٹی برداشت کرے گی۔ یہ خوشخبری ملتے ہی ان کے گھر میں خوشیوں کی لہر دوڑ گئی۔ اسی ماہ وہ فلوریڈا کے لیے روانہ ہوگئے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پرویز خان نے نُوح کے یاسین میو اسکول سے بارہویں تک تعلیم حاصل کی۔ اب وہ امریکہ کی فلوریڈا یونیورسٹی میں آرٹس میں گریجویشن کر رہے ہیں۔ فلوریڈا یونیورسٹی سے اسکالرشپ ملنے پر پرویز خان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے فخر اور خوشی کی بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں کسی بین الاقوامی یونیورسٹی میں پڑھنے کا موقع ملے گا۔ اب وہ اپنے ہنر کو مزید نکھار سکیں گے۔
اُن کے گاؤں کے لوگ کہتے ہیں کہ ایک غریب خاندان کے لڑکے کو فلوریڈا یونیورسٹی کی اسکالرشپ ملنا کسی خواب سے کم نہیں۔ پرویز کے پاس نہ دولت تھی اور نہ کوئی بڑی پہنچ۔ انہوں نے اپنی محنت اور قابلیت کی بنیاد پر یہ مقام حاصل کیا ہے۔ پورے علاقے میں ان کی کامیابی کی چرچا ہے۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ ان کے بچے بھی پرویز کی طرح اپنے خاندان کا نام روشن کریں۔
کھیلوں میں شاندار کارکردگی
مئی 2024 میں پرویز خان نے امریکہ کے لوزیانا میں ہونے والی کالجیئٹ ایتھلیٹکس ایس ای سی آؤٹ ڈور ٹریک اینڈ فیلڈ چیمپئن شپ 2024 میں زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے 1500 میٹر کی دوڑ 3 منٹ 42.73 سیکنڈ میں مکمل کی۔ اگرچہ ان کی شروعات اچھی نہیں تھی، مگر بعد میں انہوں نے ایسی رفتار پکڑی کہ سبھی  مد مقابل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چیمپئن بن گئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 800 میٹر دوڑ میں بھی حصہ لیا، جس میں وہ تیسرے نمبر پر رہے۔  اس کے علاوہ انہوں نے 800 میٹر دوڑ میں بھی حصہ لیا، جس میں وہ تیسرے نمبر پر رہے۔
ان کی اس دوڑ کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی۔ لوگ حیران تھے کہ اتنے بڑے فرق کے باوجود وہ کس طرح برق رفتاری سے آگے بڑھے اور جیت حاصل کی۔ صنعت کار آنند مہندرا نے ایکس پر ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ خالص جوش اور جذبہ۔۔۔ہر ایک کو آسانی سے پیچھے چھوڑتے ہوئے۔ اس کلپ کو دیکھنے سے پہلے میں نے ان کے بارے میں نہیں سُنا تھا، لیکن اب مجھے امید ہے کہ ان کی صلاحیت اور خود اعتمادی مستقبل میں ہندوستانی ٹریک اینڈ فیلڈ کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔
پرویز خان نے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا کے تعاون سے ہریانہ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے 27 تا 29 جون 2024 پنچکولہ میں منعقدہ 1500 میٹر دوڑ 3 منٹ 42.95 سیکنڈ میں مکمل کرکے سونے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے کرناٹک کے مینگلور میں 4 تا 7 جنوری 2022 تک ہونے والی 81 ویں آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 800 میٹر دوڑ 1 منٹ 52.42 سیکنڈ میں مکمل کرکے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ جبکہ 1500 میٹر میں 3 منٹ 48.39 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرکے کانسی حاصل کی۔ اس سے پہلے 2021 میں انہوں نے وارانگل میں اوپن نیشنل چیمپئن شپ میں 1500 میٹر میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
انہیں ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا نے امریکہ کے اسٹیٹ کولوراڈو میں تقریباً دو ماہ کے بین الاقوامی تربیتی کیمپ میں بھی بھیجا تھا۔ پرویز خان نے شروع میں فوج میں بھرتی ہونے کے لیے دوڑ لگانا شروع کیا تھا۔ وہیں سے انہیں دوڑنے کا شوق پیدا ہوا۔ پھر انہوں نے خود کو مکمل طور پر بطور رَنّر وقف کر دیا۔ سخت محنت اور لگن نے انہیں آج ایک معروف ایتھلیٹ بنا دیا ہے، اور وہ اس وقت ہندوستانی بحریہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پرویز خان کے چچا خالد کہتے ہیں کہ پرویز کبھی اپنی پریکٹس ٹائم سے سمجھوتہ نہیں کرتا۔ اس کی محنت ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ ہوتی ہے۔ وہ جو پیچھے رہ جاتا ہے، اسے نظرانداز کرکے خود کو ہمیشہ آگے بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔ ہمارا ایک ہی خواب ہے   وہ اولمپک میں ملک کے لیے تمغہ جیت کر لائے۔
پرویز خان کے چھوٹے بھائی روحیت خان بھی ایتھلیٹ ہیں۔ انہوں نے 24 ستمبر کو گڑگاؤں میں ہونے والے ہریانہ اسپورٹس مہاکمبھ میں ویٹ لفٹنگ کے 65 کلو زمرے میں 230 کلو وزن اٹھا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ پرویز خان کا سفر ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، راستے چاہے کتنے ہی تنگ کیوں نہ لگیں، مگر محنت، نظم و ضبط اور اپنے خوابوں پر اٹل یقین انسان کو منزل تک ضرور پہنچا دیتا ہے۔ ان  کی کامیابی صرف اس کا فخر نہیں، بلکہ ہر اُس بچے کا حوصلہ ہے جو کم وسائل کے باوجود بڑے خواب دیکھتا ہے۔