مطیر الرحمٰن کی مصنوعی پتی کی انقلاب آفریں ایجاد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2025
مطیر الرحمٰن کی مصنوعی پتی کی  انقلاب آفریں ایجاد
مطیر الرحمٰن کی مصنوعی پتی کی انقلاب آفریں ایجاد

 



دیب کشور چکرورتی/کلکتہ

 ڈاکٹر مطیر الرحمٰن کی کہانی، جو کیمبرج یونیورسٹی کے ایک بنگالی محقق ہیں، جدوجہد، قربانی اور سائنسی کامیابی کی داستان ہے۔آج وہ ’مصنوعی پتی کے خالق‘ کہلاتے ہیں۔ایک ایسی انقلابی ایجاد جس کے ذریعے سورج کی روشنی کو مائع ایندھن میں بدلا جا سکتا ہے اور کاربن کے اخراج کو کم کیا جا سکتا ہے۔اپنے کام کی وضاحت کرتے ہوئے رحمان نے میڈیا کو بتایا کہ پودوں میں فوٹوسنتھیسس کے لیے کاربن ڈائی آکسائیڈ ضروری ہے، لیکن جب یہ حد سے بڑھ جائے تو خطرناک ہو جاتی ہے ، یہ گلوبل وارمنگ کے سب سے بڑے اسباب میں سے ایک ہے۔ انسانیت آج ماحولیاتی بحران اور توانائی کے بحران دونوں سے دوچار ہے۔ فوسل فیول تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔ ہماری تحقیق کا مقصد دونوں چیلنجوں کو ایک ساتھ حل کرنا ہے۔بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ کارنامہ زمین کے نازک ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔ لیکن اس شاندار کامیابی کے پیچھے سختیاں، ثابت قدمی اور نہ جھکنے والی عزم کی ایک طویل داستان چھپی ہے۔

 ڈاکٹر رحمان ایک نچلے متوسط طبقے کے گھرانے میں پیدا ہوئے جہاں سہولت سے زیادہ بقا اہم تھی۔ ان کے والد کبھی کم تنخواہ والے ملازم تو کبھی روزانہ مزدوری کیا کرتے تھے، جبکہ ان کی والدہ گھر سنبھالتی تھیں۔ بچپن میں وہ اکثر ننگے پاؤں اسکول جاتے، دوسروں سے کتابیں ادھار لے کر پڑھتے اور بغیر بجلی کے گھر میں مٹی کے تیل کے چراغ کی مدھم روشنی میں مطالعہ کرتے۔ کئی بار ایسا بھی ہوتا کہ پورے دن میں ایک ہی وقت کھانا میسر آتا۔ان کے گاؤں میں سائنس پڑھنا غیر عملی سمجھا جاتا تھا۔ لوگ کہا کرتے  تھے کہ سائنس پڑھو گے تو بے روزگار ہو جاؤ گے۔اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا ان کے لیے ایک بڑی رکاوٹ تھی، اور تعلیم جاری رکھنے کے لیے انہیں ٹیوشن اور جز وقتی کام کرنے پڑے۔ مالی دباؤ اور سماجی حوصلہ شکنی کے باوجود وہ پیچھے نہیں ہٹے۔

انہوں نے ایک سرکاری یونیورسٹی میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ایک اسکالرشپ حاصل کی جس نے انہیں بیرون ملک تعلیم کا راستہ دکھایا۔ بالآخر وہ تحقیق کے لیے کیمبرج یونیورسٹی میں داخل ہو گئے۔ لیکن بیرون ملک زندگی آسان نہ تھی۔ انہیں نئی زبان، نئے کلچر اور نئے موسم کے ساتھ جدوجہد کرنی پڑی اور کبھی کبھی نسلی تعصب کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ مگر انہوں نے صبر و استقامت سے سب کچھ برداشت کیا۔
تمام مشکلات کے باوجود وہ اپنی تحقیق جاری رکھتے رہے اور بالآخر ایک بڑی کامیابی حاصل کی: “مصنوعی پتی” کی تخلیق، ایک ایسا آلہ جو سورج کی روشنی کو پکڑ کر قابل تجدید ایندھن پیدا کرتا ہے۔ ان کی زندگی اس ابدی حقیقت کی تصدیق کرتی ہے کہ غربت کسی خواب دیکھنے والے کو روک نہیں سکتی۔ ان کی کہانی صرف ایک سائنسی کامیابی کی نہیں بلکہ دنیا بھر کے بے شمار نوجوان خواب دیکھنے والوں کے لیے ایک تحریک ہے۔

آج انسانی تہذیب ایک دوراہے پر کھڑی ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، گلوبل وارمنگ شدت اختیار کر رہی ہے، گرمیوں کا دورانیہ بڑھ رہا ہے، گلیشیئر پگھل رہے ہیں، حیاتیاتی تنوع کم ہو رہا ہے اور ماحولیاتی نظام خطرے میں ہیں۔ ہماری صدی کا سب سے بڑا چیلنج ماحولیاتی تباہی کو روکنا ہے۔ دنیا بھر کے سائنس داں وقت سے دوڑ لگا رہے ہیں، اور انہی میں شامل ہیں بنگالی محقق ڈاکٹر متیار رحمان، جن کا کام نئی امید فراہم کرتا ہے۔کیمبرج میں اپنے ساتھی سائنس داں شبھجیت بھٹاچاریہ کے ساتھ مل کر ڈاکٹر رحمان نے کامیابی سے ایک مصنوعی پتی تیار کی ہے جو صرف سورج کی روشنی، پانی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ذریعے مائع ایندھن اور آکسیجن پیدا کرتی ہے۔ ان کی تحقیق کو نیچر انرجی  میں شائع کیا گیا ہے، جو نیچر کا ایک اہم ذیلی جریدہ ہے۔

بردوان ضلع کے کلنا کے قدامبا گاؤں سے تعلق رکھنے والے اور جادھو پور یونیورسٹی کے سابق طالب علم، ڈاکٹر رحمان اب پروفیسر اروِن ریزنر (کیمبرج کے پروفیسر اور سینٹ جانز کالج کے فیلو) کے تحت کام کر رہے ہیں۔ امبیکا کلنا مہاراجہ ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کیمسٹری میں گریجویشن جادھو پور یونیورسٹی سے کیا، ماسٹرز آئی آئی ٹی مدراس سے، پی ایچ ڈی یونیورسٹی آف برن (سوئٹزرلینڈ) سے، اور بعد میں کیمبرج میں میری کیوری فیلو کے طور پر شامل ہوئے۔ آج وہ وہاں سینیئر سائنس داں کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اپنی ایجاد پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر رحمان نے کہاکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ایندھن میں بدلنے کے لیے عام طور پر بہت زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے، جو زیادہ تر فوسل فیول سے آتی ہے۔ لیکن ہمارا طریقہ صرف سورج کی روشنی استعمال کرتا ہے۔ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی اوسط سطح اب تقریباً 424 پی پی ایم تک پہنچ گئی ہے۔ وہ خبردار کرتے ہیں۔جب تک ہم اس اضافی مقدار کو کم نہیں کریں گے، گلوبل وارمنگ پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ ہمارا حل یہ ہے کہ فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ایندھن میں بدلا جائے، تاکہ فوسل فیول کا متبادل فراہم ہو اور خالص صفر اخراج ممکن ہو۔

یہ آلہ فطرت میں موجود فوٹوسنتھیسس کی نقل کرتا ہے۔ جس طرح پتے سورج کی روشنی، پانی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ سے شکر اور آکسیجن بناتے ہیں، اسی طرح مصنوعی پتی سورج کی روشنی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ ملے ہوئے پانی سے مائع ایندھن، مثلاً ایتھانول اور پروپانول — کے ساتھ آکسیجن تیار کرتی ہے۔

 یہ دو بنیادی حصوں پر مشتمل ہے: ایک طرف سولر سیل اور بائی میٹلک کیٹالسٹ ہوتا ہے جو سورج کی توانائی کو پکڑ کر کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ایندھن کے مالیکیولز میں بدلتا ہے، جبکہ دوسری طرف نینو میٹریلز پانی کو آکسیجن میں تقسیم کرتے ہیں۔ دونوں عمل بیک وقت چلتے ہیں اور نظام کو برقی طور پر متوازن رکھتے ہیں۔ بس اسے کاربن ڈائی آکسائیڈ ملے پانی میں ڈبو دیں اور سورج کی روشنی میں رکھ دیں، یہ فوراً کام شروع کر دیتا ہے۔

 دنیا بھر کی پچھلی کوششوں کے برعکس، جن میں زیادہ بیرونی توانائی کی ضرورت پڑتی تھی (اکثر فوسل فیول پر مبنی)، ڈاکٹر رحمان کا نظام براہِ راست سورج کی توانائی پر چلتا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار سائنس دانوں نے مصنوعی فوٹوسنتھیسس کے ذریعے کثیر کاربن والے مائع ایندھن تیار کیے، جس پر انہیں نیچر میں اشاعت ملی۔ ڈاکٹر رحمان اس مقالے کے پہلے مصنف ہیں، جبکہ پروفیسر ریزنر اس کے پرنسپل انویسٹیگیٹر ہیں۔ایک معمولی بنگالی گاؤں کے اسکول سے لے کر کیمبرج کی ایک انقلابی لیبارٹری تک، متیار رحمان کا سفر ثابت کرتا ہے کہ لگن انسان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ اپنی راہ پر غور کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں۔ہر مرحلے پر  اسکول، کالج، یونیورسٹی، تحقیق  خود کو اچھی طرح تیار کرنا ضروری ہے۔ قدم بہ قدم، کچھ بھی ناممکن نہیں۔