بھکتی چالک : ممبئی
ممبئی کے مضافات میں واقع مصروف علاقے ممبرا میں ایک نوجوان مسلم خاتون ابھر کر سامنے آئی ہیں، جو بہادری سے قیادت کر رہی ہیں۔ روایتی تصورات کو چیلنج کر رہی ہیں، انصاف کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں اور اپنی کمیونٹی کو جراتمندانہ عوامی سرگرمی کے ذریعے بااختیار بنا رہی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ لوگ اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں کہ بنیادی سہولیات کتنی اہم ہوتی ہیں۔ لیکن جب شہریوں کو صاف سڑکیں یا درست نکاسی آب تک میسر نہ ہو، تو ہم کس طرح بااختیاری کی بات کر سکتے ہیں؟"
مرضیہ شانو پٹھان نہ صرف شہری مسائل کو حل کر رہی ہیں، بلکہ وہ اس بات کی نئی تعریف کر رہی ہیں کہ پسماندہ کمیونٹی کی خواتین کے لیے سماجی اور سیاسی قیادت کیسی ہو سکتی ہے۔ابتداء ہی سے مرضیہ مقامی سماجی تحریکوں میں آگے رہی ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں مسلم خواتین نے روایتی طور پر تعلیم، نقل و حرکت اور قیادت میں رکاوٹوں کا سامنا کیا۔
اپنی محنت اور عزم سے انہوں نے ان چیلنجز پر قابو پایا، تعلیم مکمل کی اور عوامی زندگی میں قدم رکھا۔ اب اپنی این جی او ایم ایس پی کیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے مرضیہ ایک ایک اقدام سے دیرپا اثر ڈال رہی ہیں۔ممبرا آبادی کے دباؤ، ناقص شہری ڈھانچے اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل سے نبرد آزما ہے۔ مرضیہ ان مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں ۔ بہتر سڑکوں، صاف پانی، مناسب نکاسی، معیاری صحت اور تعلیم کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔
اپنی تنظیم کے توسط سے وہ نالوں کی صفائی، کچرا مینجمنٹ جیسے مسائل پر مہم چلاتی ہیں اور مقامی انتظامیہ پر دباؤ ڈالتی ہیں کہ شہریوں کے مسائل حل کیے جائیں۔ وہ صرف بات نہیں کرتیں، عمل میں خود شامل ہوتی ہیں۔2012 میں جب پاکستان میں ملالہ یوسفزئی کو لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت پر گولی ماری گئی، اسی برس ہندوستان کے ایک کونے میں، 12 سالہ مرضیہ پٹھان نے ممبرا کی سڑکوں پر لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں جلوس نکالا۔ وہ لمحہ ان کے لیے اور ان کی کمیونٹی کے لیے ایک موڑ ثابت ہوا۔تب سے وہ سماجی اصلاح کی صف اول میں ہیں۔
مرضیہ کے والد اشرف (شانو) پٹھان تھانے میونسپل کارپوریشن میں ایک سرگرم علاقائی سیاست دان ہیں۔ والد اور بیٹی کی جوڑی نے علاقے کے سنگین مسائل جیسے پانی کی کمی، کوڑا کرکٹ، صحت اور خواتین کے خلاف جرائم کے حل کے لیے طویل عرصے سے کام کیا۔لیکن مرضیہ محض اپنے والد کے نقش قدم پر چلنے پر مطمئن نہیں ہیں۔ وہ اپنی الگ راہ بنا رہی ہیں۔ نوجوانوں کی شمولیت، خواتین کی بااختیاری اور آئینی شعور پر ان کی توجہ نے ممبرا کی شہری سیاست میں نئی جان ڈال دی ہے۔
وہ اسکولوں میں ورکشاپس منعقد کرتی ہیں تاکہ طلبہ کو ان کے آئینی حقوق سے آگاہ کیا جا سکے۔ وہ بزرگوں کے لیے ماہانہ آنکھوں کے کیمپ بھی منعقد کرتی ہیں تاکہ مفت موتیا کے آپریشن کی سہولت مل سکے۔دو سال قبل رمضان کے دوران ٹریفک منظم کرتی مرضیہ کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ وہ حجاب میں نظر آئیں، رات گئے تک ممبرا-کوسا مارکیٹ کی گنجان ٹریفک کو قابو میں رکھے ہوئ وہ بتاتی ہیں کہ محمد علی روڈ کے بعد ممبرا مہاراشٹر کی سب سے بڑی رمضان مارکیٹ لگتی ہے۔ دور دراز سے خواتین خریداری کے لیے آتی ہیں۔ ہم ممبرا کی خواتین نے خود ان کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری اٹھائی۔یہ لمحہ محض علامتی نہیں بلکہ فیصلہ کن تھا۔ اس نے قیادت کی ایک نئی شکل دکھائی: نظر آنے والی، عوامی اور ےبے
مرضیہ کا سیاست میں آنا طاقت کی خاطر نہیں بلکہ مقصد کی خاطر ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ جب میں لوگوں سے ملتی ہوں یا ان کے مسائل سنتی ہوں، میں خود کو سیاستدان نہیں بلکہ ایک شہری سمجھتی ہوں جو دوسروں کے لیے کھڑا ہے۔والد کی عوامی خدمت سے متاثر ہو کر مرضیہ نے ابتدا میں سرکاری افسر بننے کا ارادہ کیا اور اعلیٰ امتحانات کی تیاری کے لیے پونے چلی گئیں۔ لیکن کووڈ-19 کے دوران وہ واپس ممبرا آئیں۔ والد کو بحران میں خدمت کرتے دیکھ کر انہوں نے سماجی خدمت کو پوری طرح اپنا لیا۔
وہ کہتی ہیں مزید خواتین کو سیاست میں آنا چاہیے لیکن یہ آسان نہیں ہے۔پدری سوچ اور قدامت پسندی رکاوٹیں کھڑی کرتی ہیں۔ لیکن جو خواتین ڈٹی رہتی ہیں اور اپنی جگہ بناتی ہیں، وہ روایت بدل سکتی ہیں۔میں ہر اس عورت کی معترف ہوں جو کسی بھی شعبے میں اپنی پہچان بناتی ہے۔ اس کے لیے ہمت اور استقلال درکار ہوتا ہے۔"
2009 کی سچر کمیٹی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مرضیہ کہتی ہیں،مسلم علاقوں کی پسماندگی آج بھی برقرار ہے۔ اس رپورٹ کے بعد زیادہ فرق نہیں آیا۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان خلیجوں کو اجاگر کریں۔چاہے وہ احتجاجی مظاہرے ہوں، درخواستیں ہوں یا حکام سے براہ راست رابطہ، مرضیہ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ تعلیم، صفائی اور خواتین کی حفاظت جیسے مسائل ایجنڈے پر سب سے اوپر رہیں۔ ان کی کوششوں سے ممبرا میں کئی دیرینہ شہری مسائل حل ہو چکے ہیں۔اگرچہ مرضیہ ایک سیاسی خاندان میں پیدا ہوئیں، لیکن انہوں نے محض اس میراث پر انحصار نہیں کیا۔ بلکہ عوام کے ساتھ زمینی سطح پر کام کرنے کا مشکل راستہ اپنایا۔
ان کی جرات، وژن اور مسلسل کمیونٹی شمولیت نے انہیں خاص طور پر نوجوان مسلم خواتین اور لڑکیوں کے لیے رول ماڈل بنا دیا ہے، جو شاذ و نادر ہی خود کو عوامی زندگی میں نمائندگی کرتا دیکھتی ہیں۔مرضیہ پٹھان محض ایک کارکن نہیں بلکہ اس بات کی علامت ہیں کہ ہندوستان میں نوجوان قیادت کیسی ہو سکتی ہے: اصولوں پر مبنی، عوام کو اولین ترجیح دینے والی اور بے خوف۔ آئینی قدروں، شہری شمولیت اور کمیونٹی کی قیادت سے وہ نہ صرف ممبرا بلکہ خواتین کے حقوق، اقلیتی نمائندگی اور جمہوریت کے مباحث کو نئی جہت دے رہی ہیں۔ان کی خاموش عزم اور بے باک عمل سے ثابت ہوتا ہے کہ اصل قیادت دفتر یا خبروں میں نہیں بلکہ سڑکوں، اسکولوں اور عوام کے دلوں میں جنم لیتی ہے۔