فرحان اسرائیلی/جئے پور
فن کی حفاظت(Art Conservation) ایک ایسا شعبہ ہے جو نہ صرف تاریخ کو محفوظ رکھتا ہے بلکہ نسلوں کو اپنی وراثت سے جوڑتا ہے۔ میمونہ نرگس اس میدان میں ایک اہم نام ہے، جنہوں نے ہندوستان کی پہلی مسلم خاتون آرٹ کنزرویٹر کے طور پر اپنی الگ پہچان قائم کی ہے۔ان کی کہانی صرف پیشہ ورانہ کامیابی کی نہیں بلکہ شوق، جدوجہد اور عزم کی ہے، جس نے تاریخ کے بکھرے ہوئے ٹکڑوں کو دوبارہ زندہ کیا۔بچپن سے ہی انہیں فنونِ لطیفہ سے شوق تھا، جو آگے چل کر ان کی زندگی کا مقصد اور پیشہ بن گیا۔ اسکول کی تعلیم کے بعد جب انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(AMU) سے فائن آرٹس پڑھنا شروع کیا تو ان کے اندر کا فنکار نکھرنے لگا۔ لیکن ایم ایف اے(MFA) میں داخلہ مشکل تھا، اس لیے انہوں نے میوزیالوجی(Museology) کا ایک سالہ ڈپلومہ منتخب کیا ، جو ان کی زندگی کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔
یہ کورس انہیں دہلی کے نیشنل میوزیم لے گیا، جہاں انہیں تین ماہ کی تربیت کا موقع ملا۔ میمونہ کہتی ہیں کہ یہ تجربہ ان کے لیے ایک نئی دنیا میں داخل ہونے جیسا تھا، انہیں صرف کتابوں سے آگے بڑھ کر تاریخ کو چھونے کا موقع ملا ۔2002 میں انہوں نے جئے پور کے تاریخی جے گڑھ قلعے میں کیوریٹر کے طور پر کام شروع کیا اور وہیں سے ان کا آرٹ کنزرویشن کا سفر آگے بڑھا۔یہ راستہ آسان نہ تھا۔ جب وہ دہلی میوزیالوجی اور کنزرویشن پڑھنے گئیں تو لوگوں نے طعنے دیے کہ سب کا خواب اے ایم یو آنے کا ہوتا ہے اور تم وہاں سے دہلی جا رہی ہو؟ اُس وقت میوزیالوجی اور آرٹ کنزرویشن جیسے مضامین سماج کے لیے بالکل اجنبی تھے لیکن ان کے والدین نے اپنی بیٹی کے خوابوں پر یقین کیا۔ یہاں تک کہ امتحان دینے کے لیے جب وہ دہلی گئیں تو والدہ ان کے ساتھ گئیں۔
آگے کا راستہ بھی چیلنجوں سے بھرا تھا۔ وہ حجاب پہنتی تھیں، کلائنٹس ان کی صلاحیتوں پر شک کرتے تھے۔ کئی بار منصوبے اور بجٹ کی منظوری کے باوجود کلائنٹ صرف اس لیے رابطہ ختم کر دیتے کہ وہ حجاب میں ہیں۔فری لانس منصوبوں میں کئی بار انہیں پیسے تک نہیں ملے۔ جب گھر والوں نے شکایت کرنے کو کہا تو میمونہ نے جواب دیاکہ یہ میرے لیے سبق ہے، نقصان نہیں۔میمونہ نرگس کا اصل کمال ان کے منصوبوں میں جھلکتا ہے۔
جیسلمیر کے لودروا جین مندر کا 400 سالہ لکڑی کا رتھ دیمک کی وجہ سے مٹی میں تبدیل ہو گیا تھا، جسے انہوں نے کسی بڑھئی کی مدد کے بغیر روایتی مواد استعمال کر کے دوبارہ تعمیر کیا، اور وہ رتھ آج بھی استعمال میں ہے۔انہوں نے اجمیر کے اکبر قلعے میں چھٹی سے تیرہویں صدی کی ٹوٹی ہوئی مورتیاں اس طرح جوڑیں کہ جوڑ بالکل نظر نہ آئے۔ کوٹا میوزیم میں 400 سال پرانی سونے اور سیاہی سے لکھی گئی سنسکرت کی پرانی مخطوطات کے ٹکڑوں کو جوڑ کر اسے دوبارہ زندگی دی۔ان کا سب سے مشکل کام جھالاواڑ کے گڑھ پیلس کی 11 کمروں کی چھتوں پر بنی رنگین تصویروں کی بحالی تھی۔ انہوں نے تین کمروں کی چھتوں کو ایک بھی ٹکڑا نکالے بغیر اور کسی نقصان کے بغیر محفوظ کیا۔
ان کے کام نے جئے پور اور بمبئی ہوائی اڈوں پر بھی سب کی توجہ حاصل کی۔ بمبئی ایئرپورٹ پر انہوں نے مراٹھا تاریخ پر بنی 5000 مربع فٹ کی کینوس پینٹنگ سے شکنیں اور بلبلے ختم کر کے اسے دوبارہ نیا کر دیا۔راشٹرپتی بھون میں انٹرن شپ کے دوران انہوں نے لکڑی کے دروازوں پر بنی تاریخی تصویریں بچائیں۔ نیشنل میوزیم میں انہوں نے بابرنامہ، اکبرنامہ، شاہجہان نامہ اور جہانگیرنامہ جیسی تاریخی کتابوں کو محفوظ کیا۔ انہوں نے بادشاہوں اور مہاراجاؤں کے کپڑوں اور البرٹ ہال کی ایک بوسیدہ پچوائی پینٹنگ کو بھی نئی زندگی دی۔
تاریخ کے ساتھ ساتھ میمونہ ماحول کے لیے بھی حساس ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ سیمنٹ کی عمر صرف 30 سال ہے جبکہ روایتی ہندوستانی پلستر، جو سرخی اور چونے سے بنتا ہے، ہزاروں سال قائم رہتا ہے۔ یہ ماحول دوست، سستا اور پائیدار ہے۔ دہرہ دون میں انہوں نے 400 سالہ حویلی کے نقشے پر عمارت تعمیر کی اور گڑگاؤں میں ایک جدید فارم ہاؤس بھی بنایا،دونوں میں روایتی مواد استعمال کیا۔اعزازات کی بات کی جائے تو میمونہ تین قومی اور 28 ریاستی ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ انہیں ہریانہ کے کُرکشیترا، جموں یونیورسٹی اور جموں فکّی جیسے اداروں سے بھی اعزازات ملے ہیں۔ ان کا خواب ہے کہ مدھیہ پردیش میں مٹی اور روایتی طرز پر ایک ہیریٹیج ریزورٹ تعمیر کریں اور متھرا کے 500 سالہ پرانے مندر کی دوبارہ تزئین کریں۔
وہ چاہتی ہیں کہ ہندوستان اپنی ثقافتی جڑوں، روایتی تعمیراتی مواد اور فن کو دوبارہ اپنائے۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنی زندگی کا سفر ایک کتاب میں قلم بند کریں تاکہ آئندہ نسل کو یہ معلوم ہو کہ جذبے، محنت اور استقامت سے کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔میمونہ نرگس آج بھی مزدوروں کے ساتھ میدان میں کھڑی رہتی ہیں، خود چونا گوندھتی ہیں، دیواروں پر پلستر کرتی ہیں۔ ان کی انکساری ہی ان کی اصل طاقت ہے۔ وہ فخر سے کہتی ہیں۔
میں ملک کی واحد شیعہ مسلم خاتون آرٹ کنزرویٹر ہوں، اور یہی میری پہچان ہے۔ میمونہ کا تعلق اتر پردیش کے مرادآباد ضلع کے چھوٹے سے قصبے بھجؤئی سے ہے۔ ان کی پرورش سادہ ماحول میں ہوئی مگر خواب بڑے تھے۔ ان کے والد یوپی پولیس میں تھے اور خاندان نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔ آج وہ جئے پور میں مقیم ہیں۔ان کی کہانی یہ بتاتی ہے کہ ایک عورت، چاہے اس کا پس منظر کچھ بھی ہو؛ اگر اس میں شوق، ہمت اور صلاحیت ہے تو وہ تاریخ بنا سکتی ہے اور سماج کو نئی سمت دے سکتی ہے۔ میمونہ نرگس صرف ایک نام نہیں بلکہ ثقافت، لگن اور بااختیاری کی علامت بن چکی ہیں۔