قدسیہ نذیر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-12-2025
قدسیہ نذیر کا رکاوٹوں سے ریکارڈ تک کا سفر
قدسیہ نذیر کا رکاوٹوں سے ریکارڈ تک کا سفر

 



ثانیہ انجم۔ بنگلورو
قدسیہ نذیر، جو  بنگارپیٹ، کولار (کرناٹک) کے ایک قدامت پسند مسلم گھرانے میں 25 جنوری 1987 کو پیدا ہوئی، آج ہندوستان کی ’’آئرن لیڈی‘‘ کے طور پر دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہیں۔ ایک ایسی شخصیت جو ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ویٹ لفٹر بھی ہیں، انٹرنیشنل ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن بھی  اور خواتین کے بااختیار ہونے کی جیتی جاگتی مثال بھی۔ والدکے سائے کے بغیر بچپن، سیزیرین ڈلیوری کے بعد 300 کلو اٹھانے کا کارنامہ، اور عالمی سطح پر کامیابیوں کی لمبی فہرست  یہ سب ان کے اس عقیدے کا عکس ہے کہ زندگی کی منزل محنت اور عزم سے خود لکھنی ہوتی ہے۔
قدسیہ کے بچپن میں دو سال کی عمر میں اُن کے والد محمد قاسم جو خود ایک پہلوان تھے  ان کا انتقال ہوگیا، جو ان کے ذہنی اور جذباتی وجود پر گہرا اثر چھوڑ گیا۔ والد کی عدم موجودگی اور ایک سادہ لوح، دنیا داری سے دور ماں کی پرورش نے ان میں ایک خاموش مگر مضبوط خواہش پیدا کی کہ وہ زندگی میں کچھ مختلف اور نمایاں کریں۔ اسی لیے وہ اکثر کہتی ہیں کہ اگر والد زندہ ہوتے، تو وہ شاید آئی اے ایس افسر یا اولمپین بنتیں۔
اس ماحول میں رہتے ہوئے، جہاں صنفی امتیاز عام بات تھی، قدسیہ نے کئی گھریلو اور معاشرتی دباؤ جھیلے۔ مگر وہ ٹوٹیں نہیں بلکہ مضبوط ہوتی گئیں۔ وہ کہتی ہیں کہ مشکلات انسان کو مٹا دینے کے لیے نہیں آتیں، بلکہ اسے اوپر اٹھانے کے لیے آتی ہیں۔ نماز فجر سے پہلے اٹھ کر دن کا آغاز کرنے والی قدسیہ، عقیدے اور محنت کو ایک ساتھ جوڑتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ہر انسان کو خود اپنی ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔
جب قدسیہ سیزیرین کے بعد وزن کم کرنے کے لیے برقعہ میں واک کرنے گئیں، تو بنگارپیٹ کے محافظہ کار ماحول میں لوگوں نے ان کا مذاق اُڑایا۔ مردوں کو عورت کا کھیلوں میں قدم رکھنا نہ صرف معیوب، بلکہ "حرام" تک محسوس ہوتا تھا۔ مگر لوگوں کی طنز سے دبنے کے بجائے قدسیہ مزید مضبوط ہو گئیں۔ انہوں نے ایس پی دیویہ گویپناتھ سے شکایت درج کی، جس کے بعد دو برقعہ پوش خواتین اور 20 کانسٹیبل ان کے ساتھ کھڑے کیے گئے۔ اس واقعے نے ان لوگوں کو یہ سکھایا کہ عورت کمزور نہیں صرف اسے موقع کی ضرورت ہوتی ہے۔
سیزیرین ڈلیوری کے بعد وزن بڑھ گیا تھا، ڈپریشن بھی، مگر قدسیہ نے مایوسی کے بجائے ہمت کا راستہ چُنا۔ وہ کہتی ہیں کہ ماں بننے کے بعد عورت کی طاقت بڑھتی ہے، کم نہیں ہوتی۔ 2013 میں جم جوائن کرتے ہی انہیں احساس ہوا کہ وزن اٹھانے سے جسم کے ساتھ ذہن بھی ہلکا ہوتا ہے۔ جہاں لوگ 5 کلو سے شروعات کرتے ہیں، وہ 10 کلو باآسانی اٹھا لیتی تھیں۔
۔ 300 کلو کے ریکارڈ اور عالمی کامیابیاں
ایک دن قدسیہ نے 110 کلو ڈیڈ لفٹ کی، جس پر ایک دوست نے مشورہ دیا کہ انہیں پاور لفٹنگ میں مقابلہ کرنا چاہیے۔ یہی لمحہ ان کے سفر کا ٹرننگ پوائنٹ بنا۔ 2022 میں کوچ محمد امان اللہ نے انہیں مفت تربیت دینا شروع کی، اور ان کی محنت نے انہیں تیزی سے آگے بڑھا دیا۔ کے ایس آر ٹی سی میں نوکری کے باوجود قدسیہ کی ٹریننگ روزانہ 5 سے 8 صبح، اور پھر رات دیر تک جاری رہتی تھی۔ نہ شورٹ کٹس، نہ اسٹیرائڈز صرف قدرتی غذا، نظم و ضبط، اور ٹیکنیک پر مضبوط گرفت کے ساتھ۔
۔ 6 دسمبر 2022 کو قدسیہ نے دنیا میں پہلی بار سیزیرین کے بعد 300 کلو وزن اٹھا کر ریکارڈ قائم کیا۔ 110 کلو اسکواٹ، 120 کلو ڈیڈ لفٹ، 70 کلو بینچ پریس  یہ کارنامہ دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا اور اس نے ثابت کر دیا کہ ماں ہونا طاقت کی علامت ہے، کمزوری کی نہیں۔ ان کا سفر ضلع اور ریاستی سطح سے شروع ہوا اور جلد ہی وہ بین الاقوامی مقابلوں میں نظر آنے لگیں۔
مئی 2023 میں جنوبی کوریا میں ایشیا پیسیفک ماسٹرز گیمز میں انہوں نے تین طلائی تمغے جیتے، اور یوں وہ ہندوستان کی پہلی مسلم خاتون بن گئیں جنہوں نے بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ مقابلے میں میڈل جیتا۔ 2023 میں ایتھنز میں سلور، پھر فن لینڈ، جرمنی، اور آسٹریلیا میں چیمپئن شپ جہاں انہوں نے 35+ کیٹیگری میں گولڈ جیت کر دنیا کو حیران کر دیا۔ وہ ہمیشہ کہتی ہیں کہ میں اپنے ملک اور اپنی قوم کا نام روشن کروں گی۔
قدسیہ یقین رکھتی ہیں کہ تعلیم ہر مسئلے کا حل اور  خاتون کی مالی خود مختاری کی بنیاد ہے۔ ان کے مطابق ہر خاتون کو زندگی میں کم از کم ایک کھیل ضرور اپنانا چاہیے، کیونکہ کھیل خواتین کو مضبوط، خود مختار اور باشعور بناتا ہے۔ سوشل میڈیا، یوٹیوب، اخبارات اور پروگراموں میں ان کی موجودگی نے انہیں دنیا بھر کی خواتین کے لیے  رول ماڈل بنا دیا ہے۔
انہیں ’’آئرن لیڈی آف انڈیا‘‘، ’’پاور وومن‘‘، ’’اسپورٹس اچیور‘‘ جیسے اعزاز ملے، اور ہارورڈ یونیورسٹی تک مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے خواتین کے بااختیار ہونے پر خطاب کیا۔ آج بھی وہ ویٹ لفٹنگ کے ساتھ ساتھ سماجی سرگرمیوں میں فعال ہیں، بین الاقوامی فورمز میں عہدے رکھتی ہیں، اور کھیل و تعلیم کے ذریعے خواتین کو مضبوط بنانے کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بنگارپیٹ کی ایک والد کے سائے سے محروم بچی سے لے کر عالمی چیمپئن تک  قدسیہ نذیر کی پوری زندگی اس بات کی مثال ہے کہ مشکلات انسان کو توڑتی نہیں، بلکہ اگر انسان چاہے تو انہی مشکلات سے اپنی طاقت تراش لیتا ہے۔ ان کا سفر جاری ہے، اور یہ ’’آئرن لیڈی‘‘ ابھی بہت کچھ کرنے والی ہیں۔۔۔