عمران نہار: بنگال کی ناپید ہوتی کہاوتوں اور پریوں کی کہانیوں کی محافظ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2025
عمران نہار: بنگال کی ناپید ہوتی کہاوتوں اور پریوں کی کہانیوں کی محافظ
عمران نہار: بنگال کی ناپید ہوتی کہاوتوں اور پریوں کی کہانیوں کی محافظ

 



دبکیشور چکربورتی / کولکاتہ

عمران نہار کا انوکھا  شوق ہے ،شوق بھی ایسا جو بچوں کے ادب کو بچانے کا مشن ہے ، وہ بنگالی پریوں کی کہانیاں کو زندہ  رکھنا چاہتی ہیں ،جس کے لیے وہ  تیزی سے غائب ہوتی کہاوتوں کو محفوظ کررہی ہیں ۔ایک وقت تھا جب بڑے مشترکہ  خاندانوں میں بارہ گھر اور تیرہ آنگن ہوتے تھے۔ ایسے خاندان میں بچپن گزارنا کسی نعمت سے کم نہ تھا۔دادیاں اور چچیاں بچوں کو اپنے گرد بٹھا کر پریوں کی کہانیاں سنایا کرتی تھیں۔ وہ اپنے آپ میں ایک عہد تھا۔ لیکن 1980 کی دہائی کے بعد جب مشترکہ خاندانی نظام ٹوٹنے لگا تو صدیوں پرانی یہ کہانیاں بھی ختم ہونے لگیں۔

دنیا کی بے اعتنائی اور ادب و زبانی روایات میں عدم دلچسپی کے باعث ہزاروں بنگالی کہاوتیں غائب ہو گئیں۔ اس وسیع خزانے کا ایک چھوٹا سا حصہ تو صرف گرامر کی کتابوں میں درج ہوا، باقی سب زبانی روایات میں ہی محدود رہے۔شاعرہ اور محققہ عمران نہار نے بیش بہا محنت سے تین ہزار سے زائد تقریباً ناپید ہو چکی کہاوتیں اور پانچ سو سے زیادہ پریوں کی کہانیاں جمع کیں اور اس طرح صدیوں پرانی زبانی کہانی سنانے کی روایت کو بحال کیا۔

اگرچہ ان کی پیدائش ایک مسلم گھرانے میں ہوئی، لیکن ان کی پرورش کلکتہ سے تقریباً پینتالیس کلومیٹر دور ضلع ہگلی کے پانڈوا بلاک کے رانگادھ گاؤں میں ایک ثقافتی طور پر زرخیز ماحول میں ہوئی۔بچپن ہی سے انہیں لکھنے کا شوق تھا۔ "آواز – دی وائس" سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یاد کیا کہ میری پھوپھی حمیدہ انیسہ کو سو برس قبل برطانوی حکومت نے وظیفہ دیا تھا۔ بچپن میں میں ان سے پریوں کی کہانیاں سنا کرتی تھی۔ وہ پیغمبروں کی زندگی کے قصے زبانی سنایا کرتی تھیں۔ان کی والدہ انورہ خاتون نہایت مذہبی خاتون تھیں مگر ادب اور ثقافت سے گہری وابستگی رکھتی تھیں۔ ماں اور پھوپھی کے خوابوں نے ہی عمران کو کہاوتیں جمع کرنے کی ترغیب دی۔

عمران کی جمع کردہ کہانیاں مختلف پورٹلز اور اخبارات میں قسط وار شائع ہو رہی ہیں۔ ان کی دو شعری مجموعے بھی منظرِ عام پر آ چکے ہیں، جن کا بنیادی موضوع خواتین کے حقوق ہے۔ وہ خواتین کی سماجی و معاشی آزادی پر گہرا یقین رکھتی ہیں۔ایک خوشحال کسان گھرانے کی گھریلو خاتون ہونے کے باوجود عمران نہار کہتی ہیں کہ قدیم بنگالی پریوں کی کہانیاں محض تفریح نہیں تھیں بلکہ ان میں عورتوں کی فکری اصلاح اور بیداری کے پیغام چھپے ہوتے تھے۔

انہوں نے دیہی کہاوتوں کو خزانے کی طرح محفوظ کیا ہے۔ آج ان کے پاس تین ہزار سے زائد کہاوتوں کا ذخیرہ ہے۔ دشواریوں کے باوجود وہ انہیں آئندہ نسلوں کے لیے شائع کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کی بیٹی انویشہ نرگس بھی ان کے خواب کی تکمیل میں ہاتھ بٹا رہی ہیں۔

ان کی پہلی شعری کتاب چاندےر چتھی (چاند کا خط) قارئین کو بہت پسند آئی۔ دوسری کتاب ایک ندی جل، ایک آکاش آلو (ایک دریا پانی، ایک آسمان روشنی) نے بھی دل جیت لیے۔ ان کی تحریریں خواتین کے سماجی حقوق پر مرکوز ہیں اور مسلم کمیونٹی میں خاصی مقبولیت پا رہی ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ میں صرف اپنے یا اپنے خاندان کی عورتوں کے بارے میں نہیں سوچتی، بلکہ ہر طبقے کی عورتوں کے لیے تعلیم اور خود مختاری کے خواب دیکھتی ہوں۔ عورت کے ہاتھ میں قلم دینا ہی میرا مقصد ہے۔اگرچہ وہ خواتین کے حقوق کی پرزور حامی ہیں لیکن خود کو نسائیت پسند (فیمنسٹ) نہیں بلکہ "ہیومنِسٹ" کہتی ہیں۔ تاہم وہ مانتی ہیں کہ عورتوں کی اپنی ایک دنیا ہے۔ وہ اکثر ایک نظم نصف آسمان کے یہ مصرعے دہراتی ہیں۔زنجیروں میں جکڑی لڑکی کو آزاد کرو؛ کھرپی اور چمچے کے بجائے اس کے ہاتھ میں قلم دو۔

عمران نہار کا اصل دکھ چھوٹے کسانوں اور غریب دیہی عوام کی بدحالی ہے۔ ان کے گاؤں کے قریب بہنے والی گھیاگی ندی جو کبھی کھیتی کا سہارا تھی، اب سوکھ کر مویشی باندھنے کی رسی بن گئی ہے۔ وہ افسوس کرتی ہیں ،میڈیا کو کسانوں کی ان مشکلات سے کوئی غرض نہیں۔ پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کی آواز تو دہلی تک پہنچ جاتی ہے، مگر گنگا کے کنارے رہنے والے بنگالی کسانوں کی حالتِ زار پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔ان کے بقول کسان قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ سود ہی انہیں تباہ کر دیتا ہے۔ بہت سے کسان سو دنوں کے مزدوری اسکیم کے تحت اب خود کھیتوں کے مالک کے بجائے مزدور بن چکے ہیں۔اس کٹھن جدوجہد میں ان کے شریکِ حیات عبدالحانن بھی ان کے سب سے بڑے حوصلہ افزا ہیں۔