دبکیشور چکرورتی
حلیمہ خاتون کی زندگی اس خاموش لیکن ناقابل تسخیرطاقت کی گواہی دیتی ہے جو وہ خواتین رکھتی ہیں جو زمانے کی مخالف ہوا کے سامنے ڈٹ جاتی ہیں۔ہنگل گنج کے سندربن علاقے کے ایک چھوٹے سے گاؤں، شمالی محمودپور میں پیدا ہونے والی حلیمہ غربت کے سائے میں پلی بڑھی۔ ان کے والدین بیڑی بنا کر گھر کا خرچ چلاتے تھے، ان کی انگلیاں مسلسل محنت سے کھردری ہو گئی تھیں۔ ایسے ماحول میں، جہاں لڑکیوں کواسکول بھیجنا تو دور، کالج کا سوچنا بھی مشکل تھا، حلیمہ کے والدین نے ان کی تعلیم پر زور دیا۔ یہ فیصلہ نہ صرف ان کی زندگی کو بدلنے والا تھا بلکہ ایک تحریک کو جنم دینے والا بھی ثابت ہوا۔
حلیمہ اپنے گاؤں کی پہلی لڑکی تھیں جنہیں کلکتہ یونیورسٹی میں داخلہ ملا۔ ان کا یہ سفر آسان نہ تھا۔ گاؤں والوں نے ان کے شہر جا کر پڑھنے پر سخت تنقید کی۔ وہ یاد کرتی ہیں: "جب میں یونیورسٹی گئی تو یہ ایک بغاوت جیسا تھا۔ تنقید کڑی تھی مگر ناگزیر۔ میں پہلی لڑکی تھی جس نے یہ قدم اٹھایا۔" لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری، بلکہ یہ مخالفت ان کے عزم کو اور مضبوط کرتی گئی۔
طالب علمی کے زمانے ہی میں وہ اپنے اردگرد خواتین کی مشکلات دیکھنے لگیں—ان کی خاموشی، بے بسی اور بنیادی حقوق سے محرومی۔ انہوں نے سندربن کی ماہی گیر برادری کی خواتین کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کی باتیں سنیں، ان کے مسائل کو اجاگر کیا، اور آہستہ آہستہ انہیں اپنی آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ یہ چھوٹے چھوٹے قدم بعد میں ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کر گئے، جس نے صدیوں پرانے پدرشاہی نظام کو چیلنج کیا۔
سال2009 میں انہیں ایک موقع ملا جب وہ ایکشن ایڈ انڈیا سے جڑ گئیں۔ شمالی 24 پرگنہ کے پسماندہ علاقوں میں کام کرتے ہوئے انہوں نے خواتین کو غربت اور خوف کے جال میں پھنسا ہوا پایا۔ زیادہ تر خواتین کے پاس ووٹر آئی ڈی یا راشن کارڈ تک نہیں تھا۔ لڑکیاں شاذ و نادر ہی اسکول جاتی تھیں۔ طاقتور مرد پدرشاہی روایت کے نام پر خواتین کو دبائے رکھتے تھے۔
حلیمہ اور ان کی ساتھیوں نے میٹنگز اور تربیتی نشستیں منعقد کرنا شروع کیں، ایک گاؤں کی خواتین کو دوسرے گاؤں کی خواتین سے جوڑ کر یکجہتی کی زنجیر بنائی۔ رفتہ رفتہ تبدیلی نے جنم لینا شروع کیا۔یہ کوشش آگے چل کر حسن آباد-ہنگل گنج مسلم مہیلا سنگھ کی شکل میں ڈھل گئی، جو آج 15 گرام پنچایتوں میں دو ہزار سے زائد خواتین کو جوڑنے والا پلیٹ فارم ہے۔
اس تنظیم نے اب تک دو سو سے زائد آر ٹی آئی درخواستیں دائر کیں، جن کے نتیجے میں 550 لڑکیوں کو اسکالرشپ ملی۔ انہوں نے سو سے زائد کم عمری کی شادیوں کو رکنے میں کامیابی حاصل کی اور متعدد بچیوں کو اسمگلنگ سے بچایا۔ بیڑی مزدوروں کے حقوق کے لیے بھی ان کی جدوجہد جاری ہے، اور ان کی کوششوں سے سات سو سے زائد مزدوروں کو شناختی کارڈ ملے ہیں۔
حلیمہ کی سب سے نمایاں جدوجہد کم عمری کی شادیوں کے خلاف ہے۔ غربت کے باعث خاندان اپنی بیٹیوں کی شادیاں کم عمری میں کر دیتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ زندگی اور زیادہ کٹھن بنا دیتی ہے۔ حلیمہ کئی بار پولیس کے ساتھ شادیوں میں پہنچیں اور رسومات کو شروع ہونے سے پہلے ہی رکوا دیا۔ ان کی اس بے خوفی نے انہیں "دبنگ" کا لقب دیا—ایسی نڈر خاتون جو ناانصافی کے آگے جھکنے کو تیار نہیں۔
لیکن ان کی بہادری کے پیچھے ایک تھکن بھرا دکھ بھی ہے۔ وہ ہنگل گنج کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، لیکن اعتراف کرتی ہیں کہ ان کا یہ ڈیلٹا اب بھی غربت اور جہالت کے اندھیروں میں جکڑا ہوا ہے۔ وہ کہتی ہیں: "میں برسوں سے جدوجہد کر رہی ہوں۔ ہم اجتماعی طور پر کام کرتے ہیں، اپنی پوری توانائی لگا دیتے ہیں۔ لیکن مسائل بہت بڑے ہیں۔ اپنی محدود صلاحیتوں میں ہم جتنا کر سکتے ہیں کرتے ہیں۔ میں نے کبھی ہارنا نہیں سیکھا۔"
ان کی سرگرمیوں میں خطرہ بھی کم نہ تھا۔ کٹر سوچ رکھنےوالوں نے انہیں خواتین کو بگاڑنے والی قرار دیا، دھمکیاں دیں، حتیٰ کہ جنسی تشدد کی وارننگ بھی دی گئی۔ لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹیں۔ وقت کے ساتھ مخالفین کے رویے بھی بدلنے لگے۔ وہ کہتی ہیں: "اب وہ مجھے ٹی وی پروگراموں میں دیکھتے ہیں، ہمارے کام کے بارے میں اخباروں میں پڑھتے ہیں، تبدیلی کی کہانیاں سنتے ہیں۔ آہستہ آہستہ ان کی سوچ بدل رہی ہے۔حلیمہ کی کہانی خاموشی کے خلاف بغاوت، خوف کے آگے نہ جھکنے والی ہمت، اور اس تبدیلی کی ہے جو ایک عورت کے حوصلے سے کئی زندگیاں بدل دیتی ہے۔ وہ ثابت کرتی ہیں کہ بھارت کے سب سے دور افتادہ کونوں میں بھی ایک عورت کا عزم تاریخ کا دھارا موڑ سکتا ہے۔