ہادیہ حکیم: جن کے لیے فٹ بال ’بائیں ہاتھ ‘ کا کھیل بن گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
ہادیہ حکیم: جن کے لیے فٹ بال ’بائیں ہاتھ ‘ کا کھیل بن گیا
ہادیہ حکیم: جن کے لیے فٹ بال ’بائیں ہاتھ ‘ کا کھیل بن گیا

 



سری لتھا مینن/ تریچور

سوشل میڈیا پر ایک حجابی لڑکی توجہ کا مرکز بنتی ہے،جس میں وہ دبئی کے برج خلیفہ کے پس منظر میں فنکارانہ انداز میں فٹبال کو گھماتی نظر آتی ہیں۔ جس کا نام ہادیہ حکیم  ہے ،جو کیرالہ کی ایک پروفیشنل فری اسٹائل فٹبالر ہیں، جو بیک وقت ایک فنکار اور کھلاڑی کا امتزاج ہیں۔یہی وجہ ہے کہ فٹ بال کے ساتھ کبھی کبھی اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے  انہیں کسی اور کی ضرورت نہیں پڑتی ہے بلکہ وہ فٹ بال کے ساتھ اپنے کنٹرول کا ایسا نمونہ پیش کرتی ہیں کہ ہر کوئی دنگ رہ جاتا ہے

کیرالہ کے کوژیکوڈ سے تعلق رکھنے والی ہادیہ کی فری اسٹائلنگ سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ 12 برس کی تھیں۔ وہ قطر میں اسکول کے دنوں میں فٹبال کھیلا کرتی تھیں۔ جب ان کا خاندان کیرالہ واپس آیا تو ہادیہ فٹبال کھیلنے کی شدید خواہش رکھتی تھیں۔ لیکن ان کے گھر یا اسکول کے قریب کوئی لڑکیوں کی فٹبال ٹیم نہیں تھی۔ ہادیہ نے ہار نہیں مانی، کیونکہ وہ فٹبال سے حد درجے وابستہ تھیں۔ انہوں نے یوٹیوب پر فری اسٹائلنگ کے ٹیوٹوریلز دیکھے اور برسوں کی محنت اور لگن کے ساتھ خود کو اپنے گھر کے اندر ہی سکھایا۔ بعد میں انہوں نے اپنے فری اسٹائل کی ویڈیوز یوٹیوب پر ڈالنا شروع کیا جس نے ہزاروں ناظرین کو متوجہ کیا۔ نوجوانوں نے ان کی پیروی شروع کی اور وہ ایک انفلونسر کے طور پر مقبول ہو گئیں۔ ان کی ویڈیوز 2022 میں قطر میں فیفا کے منتظمین کی نظر میں آئیں اور انہیں ورلڈ کپ میں بطور انفلونسر مدعو کیا گیا۔

انہیں 40 ہزار تماشائیوں کے سامنے بریک کے دوران پرفارم کرنے کا بھی موقع ملا۔ فری اسٹائل فٹبال اگرچہ جنوبی ایشیا کے کچھ روایتی کھیلوں سے جڑا ہے لیکن اسے جادوئی کرتبوں میں بھی دکھایا گیا اور بعد میں مارادونا جیسے مشہور فٹبالرز نے بھی اسے اپنایا۔ آج یہ کھیل اپنی عالمی سطح پر پہچان کے باعث چیمپئن شپ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ہادیہ حکیم کہتی ہیں کہ اب تک کا ان کا سفر نہایت اطمینان بخش رہا ہے۔اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر وہ لکھتی ہیں کہ "فری اسٹائل فٹبال کے سفر نے مجھے ایتھلیٹزم، فن اور اثر و رسوخ کو یکجا کرنے کا موقع دیا ہے، تاکہ میں ایک پرفارمنس آرٹسٹ، ایتھلیٹ اور کنٹینٹ کری ایٹر کے طور پر مختلف کردار ادا کر سکوں۔

برج خلیفہ کے سامنے اپنی پرفارمنس دکھاتے ہوئے وہ خوشی سے کہتی ہیں کہ اس پوسٹ کو اب تک ایک ملین لائکس مل چکے ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ وہ اس کھیل کی شکر گزار ہیں جس نے انہیں عالمی ناظرین سے جڑنے اور فٹبال، فری اسٹائل فٹبال اور اسپورٹس میڈیا کے پروفیشنلز سے تعلق قائم کرنے کا موقع دیا۔ان کی سب سے بڑی کامیابی دوحہ کے اسٹیڈیم میں اس وقت سامنے آئی جب 2023 کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران بین الاقوامی تماشائیوں کے سامنے انہوں نے پرفارم کیا۔کوژیکوڈ سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وہ آج کل اپنی پرفارمنس اور سوشل میڈیا کنٹینٹ کری ایٹر کے کردار میں مصروف ہیں۔

ان کی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ہے: "میں طاقت، مقصد اور فٹبال ساتھ لیے چلتی ہوں۔ یہ صرف میرے لیے نہیں؛ یہ ہر اس لڑکی کے لیے ہے جو مجھے دیکھ رہی ہے۔ان کی بیشتر انسٹاگرام پوسٹس میں ہیش ٹیگ "ویمن امپاورمنٹ" اور "ویمن ان اسپورٹس" ہوتا ہے، گویا یہ ان کے فری اسٹائل فٹبال کے پرجوش سفر کا ایک ذیلی عنوان ہو۔ اس نے انہیں شناخت دی ہے، اور اسی شناخت کے ساتھ انہیں آزادی ملی ہے، آسمان تلے اپنی جگہ ملی ہے۔ہادیہ نے اپنی آزادی اور انفرادیت کا اظہار کرنے کی کوشش کی ہے اور اپنی روایات یا ثقافت کو کبھی رکاوٹ نہیں بننے دیا۔

ان کی ایک پوسٹ میں، جس پر لکھا تھا "آپ کا لباس جبر ہے، وہ اس خیال کا مذاق اڑاتے ہوئے حجاب پہن کر بڑی سہولت سے فری اسٹائل کرتی ہیں۔ حجاب ڈے مناتے ہوئے وہ پوسٹ کرتی ہیں: "حجاب خوبصورت ہے، اسے محبت سے پہنیں، فخر سے پہنیں"، ویڈیو میں وہ ہمیشہ کی طرح اسکارف پہنے کھیل رہی ہوتی ہیں۔وہ زیادہ تر ڈھیلا ڈھالا ٹاپ، پتلون اور اسکارف پہن کر کھیلتی ہیں۔ اور کبھی کبھار وہ ایسے کپڑوں کی تشہیر بھی کرتی ہیں کہ  "اپنی فٹبال فین شپ کے لیے بہترین لباس مل گیا!"

اب وہ مستقل طور پر متحدہ عرب امارات منتقل ہو گئی ہیں جہاں وہ اپنے شوق کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ اب شادی شدہ ہیں اور ایک مزاحیہ اعلان میں کہتی ہیں: "زندگی جگل کرنے کے لیے کوئی مل گیا۔۔

لیکن ان کی ہر پوسٹ کا بنیادی پیغام یہی ہے:
"
وہ تبدیلی بنو جو تم دیکھنا چاہتے ہو۔"