دانش علی / جموں
کہتے ہیں کامیابی صرف اس بارے میں نہیں کہ انسان کیا حاصل کرتا ہے، بلکہ اس بارے میں بھی ہے کہ راستے میں کون سی رکاوٹیں عبور کی جاتی ہیں۔ یہ سوچ غلام نبی تنترے کی زندگی کی کہانی میں پوری شدت سے جھلکتی ہے ۔ ایک ماہر تعلیم، کھیل کے شوقین اور سماجی کارکن۔
تنترے کی پرورش سادگی، ایمانداری اور خدمت کے ماحول میں ہوئی۔ اپنی ابتدائی تعلیم آیتھ ملہ اور ہائر سیکنڈری اسکولنگ بانڈی پورہ میں مکمل کرنے کے بعد انہوں نے سوپور سے ہیومینیٹیز میں ڈگری حاصل کی۔بعد ازاں انہوں نے کشمیر یونیورسٹی سے مینجمنٹ میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کیا، جس نے ان کے پیشہ ورانہ سفر کی راہیں ہموار کیں۔26 سال کی عمر میں تنترے نے بطور سرکاری کنٹریکٹر کام شروع کیا، یہ پیشہ انہوں نے 2003 تک جاری رکھا۔ لیکن جیسا کہ وہ اکثر یاد کرتے ہیں، ان کے اندر کچھ ہمیشہ تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی کی طرف مائل رہتا تھا۔اسی خواہش پر لبیک کہتے ہوئے انہوں نے بانڈی پورہ میں بی ایڈ کالج قائم کیا ۔ جو ان کی زندگی اور اس خطے کے بے شمار نوجوان طلبہ کی زندگیوں میں ایک سنگ میل ثابت ہوا۔
یہ کالج محض ڈگریاں فراہم نہیں کرتا تھا؛ اس نے شمالی کشمیر اور دیگر علاقوں کے سیکڑوں طلبہ کو سمت دی، انہیں خود کفیل بننے کی صلاحیت اور اعتماد عطا کیا۔نبی ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے اور بانڈی پورہ کے دور دراز گاؤں آجر سے اٹھ کر جموں و کشمیر کی تعلیمی اور سماجی دنیا میں ایک معتبر نام بن گئے۔جامع ترقی پر یقین رکھنے والے تنترے نے کھیل کے شعبے میں بھی اپنی توانائیاں صرف کیں۔ 2014 میں وہ بھارتی مارشل آرٹس ٹیم کے رکن تھے جس نے ایران میں بین الاقوامی ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کی۔ان کا جذبہ انہیں کئی قائدانہ عہدوں تک لے گیا، جن میں کک باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سینئر نائب صدر اور جموں و کشمیر رگبی ایسوسی ایشن کے ریاستی نائب صدر شامل ہیں۔
انہوں نے بانڈی پورہ میں کئی قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے اور بیرون ریاست سے آنے والے کھلاڑیوں کے قیام کا انتظام بھی کیا۔ انہی کی سرپرستی میں نوجوان تجمل اسلام، جو آج کک باکسنگ کی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ہیں، نے اپنا سفر شروع کیا۔2015 میں تنترے نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چوہڑہ، جموں میں ڈون انٹرنیشنل اسکول قائم کیا۔ جدید تعلیم کو بھارتی اقدار سے ہم آہنگ کرنے کا جو خواب انہوں نے دیکھا تھا، آج وہ اسکول خطے کے اعلیٰ ترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔
بطور چیئرمین، تنترے اس امر کو یقینی بناتے ہیں کہ اسکول صرف تعلیم تک محدود نہ رہے۔ جامع کلاس رومز، ذہنی صحت پر خصوصی توجہ، آلودگی سے پاک ماحول اور اختراعی تعلیمی مواقع ۔ ڈون انٹرنیشنل اسکول میں یہ سب کچھ ان کے وژن کی جھلک پیش کرتا ہے جس کا مقصد ہمدرد اور باصلاحیت شہری تیار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک اسکول نہیں بنانا چاہتے تھے بلکہ ایسا ادارہ تخلیق کرنا تھا جہاں عمدگی اور اقدار ساتھ چلیں-
سالہا سال سے تنترے کی کاوشوں کو بھرپور سراہا گیا ہے۔ انہیں کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ راشٹریہ گورو ایوارڈ، انٹرنیشنل ایجوکیشن اینڈ لیڈرشپ ایوارڈ، سائبر میڈیا گلوبل اچیورز ایوارڈ جو متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفیر نے پیش کیا۔انہیں سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے جموں و کشمیر میں تعلیم کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز بھی ملا۔2023 میں انہیں یونیورسٹی آف ساؤتھ امریکہ کی طرف سے لٹریچر میں اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا گیا ۔ ایک نادر اعزاز جو تعلیم اور سماجی خدمات میں ان کی کاوشوں کا اعتراف ہے۔
کووڈ-19 وبا کے دوران تنترے نے بانڈی پورہ میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے آگے بڑھ کر غریبوں کو ضروری امداد فراہم کی۔ کشمیر میں تباہ کن سیلاب کے دوران بھی انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔تمام اعزازات کے باوجود تنترے اپنے اصل سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ وہ آج بھی اپنے آبائی گاؤں آجر میں مستحق خاندانوں کی مدد کرتے ہیں، دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کی سرپرستی کرتے ہیں اور ڈون انٹرنیشنل اسکول جموں کے ذریعے تعلیمی شعبے میں نت نئی جدتیں لاتے رہتے ہیں۔
ان کی زندگی محض ذاتی کامیابی کی کہانی نہیں ہے۔ یہ اس حقیقت کا عکس ہے کہ یقین، مقصد اور عمل اگر یکجا ہو جائیں تو معاشرے میں بامعنی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔جب جموں و کشمیر تعلیم اور مواقع کے ذریعے بہتر مستقبل کی تعمیر کے سفر پر گامزن ہے، تو غلام نبی تنترے کی زندگی کا سفر ایک روشن مثال بن کر سامنے آتا ہے کہ کیسے ایک فرد تبدیلی کی طاقت بن سکتا ہے۔ہر اس طالب علم میں جو خواب دیکھنے کی جرات کرتا ہے، ہر اس استاد میں جو ڈٹا رہتا ہے، اور ہر اس بچے میں جو امید کے ساتھ ڈون انٹرنیشنل اسکول میں قدم رکھتا ہے ۔ غلام نبی تنترے کی روح کی گونج سنائی دیتی ہے۔