ادیبہ علی: وہیل چیئر سے شوٹنگ اسٹار تک کا سفر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-11-2025
ادیبہ علی: وہیل چیئر سے شوٹنگ اسٹار تک کا سفر
ادیبہ علی: وہیل چیئر سے شوٹنگ اسٹار تک کا سفر

 



اونیکا مہیشوری۔ نئی دہلی
 دہلی کی تنگ گلیوں میں بسے نظام الدین بستی سے اُبھرتی ایک ایسی کہانی سامنے آتی ہے جو ہمت، حوصلے اور خود اعتمادی کی نئی تعریف لکھتی ہے۔ یہ کہانی ہے 19 سالہ ادیبہ علی کی۔ ایک ایسی نوجوان پیرا ایتھلیٹ کی، جس نے وہ کیا جو عام انسان صرف خواب میں سوچتے ہیں۔ وہیل چیئر پر بیٹھ کر زندگی کا مقابلہ کرنا آسان نہیں، مگر ادیبہ نے دکھا دیا کہ حادثات انسان کو روک تو سکتے ہیں، ہرا نہیں سکتے۔ یہ کہانی محض میڈلز کی نہیں، بلکہ شکستِ حالات کی ہے۔ دسمبر 2023 میں بھوپال کے مدھیہ پردیش اسٹیٹ شوٹنگ اکیڈمی میں منعقدہ 26ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں ادیبہ نے سب کو حیران کر دیا۔
انہوں نے دو طلائی تمغے جیت کر نئی تاریخ رقم کی 50 میٹر پسٹل  مکسڈ ایس ایچ 1 جونیئر میں 467پوائنٹس کے ساتھ گولڈ، 10 میٹر ایئر پسٹل  جونیئر خواتین  ایس ایچ 1 میں بھی گولڈ۔ ادیبہ کی کامیابی صرف دو تمغوں کی کہانی نہیں، یہ اُس حوصلے کی داستان ہے جس نے معذوری کو رکاوٹ نہیں بلکہ نئی پہچان بنایا۔
لیکن جہاں کامیابی چمکتی ہے، وہاں جدوجہد کے زخم بھی گہرے ہوتے ہیں۔ پانچ سال پہلے ایک المناک حادثے نے ان کی زندگی کا رخ ہمیشہ کے لیے بدل دیا تھا۔ چوتھی منزل کے اپنے گھر کی بالکونی سے نیچے جھانکتے ہوئے وہ اچانک پھسل گئیں اور سیدھا نیچے جاگریں۔ اس خوفناک حادثے نے ان کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی اور ٹانگوں کی حس مکمل ختم ہو گئی۔ اُن کی ماں، ریشمہ علی، آج بھی یہ لمحہ یاد کر کے آبدیدہ ہو جاتی ہیں۔ ادیبہ ڈیڑھ سال تک بستر سے اٹھ نہیں سکتی تھی۔ وہ ٹوٹ چکی تھی، جیسے زندگی کی تمام خوشی ختم ہو گئی ہو۔ جو لڑکی کھیلوں میں سرگرم تھی، وہ وہیل چیئر تک محدود ہو گئی ۔ یہ منظر خاندان کے ہر فرد کے لیے دل خراش تھا۔
مگر ادیبہ نے ہار نہیں مانی۔
بستر پر لیٹے لیٹے اس نے مصوری اور کتابوں کو اپنا سہارا بنایا، اور اپنی اداسی کو حوصلے میں بدلنے لگی۔ بارہویں جماعت کے امتحان بھی نہایت عمدہ نمبروں سے پاس کیے۔ ان  کی لگن بتا رہی تھی کہ حادثہ ان  کی زندگی کا انجام نہیں۔ ایک دن ٹی وی پر انہوں نے اَوَنی لیکھرا کو دیکھا ہندوستان کی پہلی خاتون جس نے پیرا اولمپکس میں شوٹنگ کا گولڈ جیتا تھا۔ یہ لمحہ ادیبہ کی زندگی کا ٹرننگ  پوائنٹ تھا۔
اسی وقت انہوں  نے خود سے کہا کہ اگر وہ کر سکتی ہیں، تو میں کیوں نہیں؟ یہ سوال ان کے لیے نئی زندگی کا فیصلہ بن گیا۔انہیں معلوم تھا کہ ماضی میں رہ کر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ چونکہ پہلے وہ باسکٹ بال اور فٹبال کھیلتی تھی، انہوں  نے سوچا کہ اب ایسا کھیل تلاش کرنا ہوگا جو ان کی جسمانی حالت کے باوجود ممکن ہو اور وہ تھی پیرا شوٹنگ۔
اس سفر میں انہیں دو رہنما ملے۔کوچ سبھاش رانا اور روہت سر۔ ریشمہ علی بتاتی ہیں کہ  سبھاش رانا نے اس میں وہ صلاحیت دیکھ لی جو دوسروں کو نظر نہ آئی۔ ادیبہ نے ہمت سے پسٹل اٹھائی، روزانہ سخت مشق کی، اور مستقل مزاجی سے اپنے کوچز کی رہنمائی میں آگے بڑھتی گئیں۔ اب ان  کی روزانہ کی ٹریننگ آٹھ گھنٹے ہوتی ہے۔ وہ مقابلے سے پہلے 10 مہینے مسلسل پریکٹس کرتی رہیں، اور ضلع، ریجنل اور پیرا نیشنل مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔
ادیبہ کے والد ان  کے سب سے بڑے سپورٹر ہیں۔ وہ ہمیشہ کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہیں اور کرکٹ سے ان کی محبت مشہور ہے۔ ادیبہ کہتی ہے کہ جیسے تعلیم ضروری ہے، ویسے ہی کھیل بھی ضروری ہے۔ پیرا اولمپک گولڈ میڈلسٹ اونی لیکھرا آج بھی اُن کی آئیڈیل ہیں، جن کے ویڈیوز دیکھ کر انہوں نے شوٹنگ کو اپنا مستقبل بنایا۔
وہ کہتی ہیں کہ اگر میں ایک دن بھی پریکٹس نہ کروں تو مجھے لگتا ہے زندگی میں کچھ کمی رہ گئی ہے۔ ادیبہ کا پیغام بہت واضح ہے کہ سب سے ضروری ہے خود پر یقین رکھنا۔ اگر آپ خود ہمت چھوڑ دیں تو کوئی دوسرا کیوں ساتھ دے گا؟ چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، اگر ارادہ پکا ہو تو سب ممکن ہے۔ ریشمہ علی اب چاہتی ہیں کہ وہ اور اُن کی بیٹی دوسروں کی رہنمائی کریں۔
وہ کہتی ہیں کہ ادیبہ نے ہمیں فخر کا موقع دیا ہے۔ اب ہم دوسروں کے لیے موٹیویشنل کیمپس کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوگ سمجھ سکیں کہ معذوری انجام نہیں نئی شروعات ہے۔ وہیل چیئر سے شوٹنگ اسٹار بننے تک کا سفر یہ صرف ادیبہ کی کہانی نہیں، بلکہ امید اور ہمت کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ نظام الدین بستی کی یہ عام سی لڑکی آج دہلی کی پہچان بن چکی ہے، اور اس کا اگلا خواب ہے کہ وہ اپنے کھیل کو مزید نکھارے تاکہ ایک دن ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل جیت سکے۔ ادیبہ کہتی ہیں کہ میں بہت محنت کرنا چاہتی ہوں… بہت زیادہ۔
ادیبہ علی کی جدوجہد، اُن کی ہمت، اُن کا اعتماد یہ سب آج کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ جسمانی کمزوری انسان کے حوصلے کو شکست نہیں دے سکتی جب اُس کے دل میں آگے بڑھنے کا جذبہ زندہ ہو۔ یہ کہانی صرف ایک پیرا ایتھلیٹ کی کامیابی نہیں، بلکہ اُس یقین کا ثبوت ہے کہ انسان چاہے تو اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔ ادیبہ نہ صرف نظام الدین بستی کی، بلکہ پورے ہندوستان کی فخر ہیں اور اُن کی اُڑان ابھی باقی ہے۔