بھکتی چالک ۔ پونے
پونے : قمرالدین مسجد کے باہر پیش آنے والے ایک واقعے نے فرح کو اتنا متاثر کیا کہ اُنہوں نے ایک ایسی تحریک کی بنیاد رکھی جس نے مسلم معاشرے میں مثبت تبدیلی کو جنم دیا۔ایک برسات والے دن، رمضان 2019 میں جب مانسون زوروں پر تھا، فرح ، ان کے شوہر انور اور بیٹی مکمل طور پر بھیگ گئے۔ وہ مسجد کی طرف اس امید میں بڑھے کہ وہاں انہیں پناہ مل جائے گی۔جب انور جلدی سے مسجد میں داخل ہوئے تاکہ عصر کی نماز وقت پر ادا کر سکیں، فرح اور ان کی بیٹی بھی ان کے پیچھے داخل ہونے لگیں۔ مگر یہ جان کر وہ حیران رہ گئیں کہ ماں اور بیٹی کا مسجد میں داخلہ ممکن نہیں۔
اسی لمحے، موسلا دھار بارش اور اس ان کہی محرومی کے احساس میں فرح کے دل میں ایک سوال نے جنم لیا، ایک ایسا سوال جو تبدیلی کی مضبوط تحریک کا باعث بنا۔ کیا خواتین کو اللہ کے گھر میں آنے سے روکا جا سکتا ہے؟فرح کا یہ سادہ سا سوال کہ خواتین کو مسجد میں جانے کی اجازت کیوں نہیں، انہیں مسلسل بے چین کرتا رہا۔ اپنے شوہر انور شیخ کی حمایت سے، جو سماجی اور مذہبی انصاف کی اس جدوجہد میں ان کے ہم سفر ہیں، فرح نے ہندوستان کی ان بیش تر مساجد کی رائج روایتوں کو چیلنج کرنے کا پختہ ارادہ کیا جن میں خواتین کا داخلہ ممنوع تھا۔فرحور انور کی شراکت داری نئی نسل کی روح کی عکاس ہے جو سماجی شعور کو بدلنے کی کوشش میں سرگرم ہے۔
پونے کے ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی فرح ، جہاں وہ ایک مقامی کریانہ اسٹور بھی سنبھالتی ہیں، مہاراشٹر میں مختلف سماجی، مذہبی اور ثقافتی مسائل پر مسلسل اپنی مضبوط آواز بن چکی ہیں اور ترقی پسند تبدیلی کے لیے اپنے عزم کا ثبوت دیتی رہی ہیں۔قرآن و حدیث کا مطالعہ کرنے پر انہیں اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ خواتین کے مسجد میں داخلے پر واضح پابندی ہو۔ اس تحقیق نے ان کی ہمت کو مزید تقویت بخشی کہ وہ اس جاگیردارانہ سوچ کو چیلنج کریں۔اگرچہ شروع میں انہیں مذہبی اداروں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، خط و کتابت کے جواب نہ ملے اور مسجد کمیٹیوں نے داخلے سے انکار کیا، پھر بھی ایک تبدیلی کی علمبردار کے طور پر ان کی ہمت کم نہ ہوئی۔
ان کی کوششیں بالآخر اس معاملے کو سپریم کورٹ تک لے گئیں، جہاں انہوں نے آئینی برابری اور اسلامی تعلیمات کی اصل روح کی بنیاد پر مقدمہ لڑا۔اس اہم موڑ کو یاد کرتے ہوئے فرح نے سوال اٹھایا کہ ’’کیا مسجد اللہ کا گھر نہیں؟ کیا اللہ نے کہا کہ صرف مرد ہی مسجد آئیں گے اور خواتین اس کے گھر میں نہیں جا سکتیں؟
بالآخر برسوں کی جدوجہد کے بعد ان کی کوششوں کو بڑی کامیابی ملی۔ مسلم پرسنل لا بورڈ نے مسلم خواتین کے مسجد میں نماز پڑھنے کے حق کو تسلیم کیا اور زیادہ جامع عمل کی راہ ہموار کی۔آج مہاراشٹر میں، اس مسجد سمیت جہاں فرح کو داخلے سے روکا گیا تھا، خواتین نے اپنی عبادت کے حق کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ صرف ممبئی میں ہی تقریباً پندرہ مساجد، جن میں مشہور محمد علی روڈ کی جامع مسجد بھی شامل ہے، خواتین کو خوش آمدید کہتی ہیں۔فرح کی جدوجہد آسان نہ تھی۔ انہیں معاشرتی مخالفت کا بھی سامنا رہا۔ ابتدائی ردعمل کو یاد کرتے ہوئے وہ بتاتی ہیں، شروع میں لوگ ہمیں دھمکیاں دیتے تھے کہ یہ نہ کرو، گناہ ہو جائے گا۔ لیکن ہم ڈٹے رہے۔ان کی ثابت قدمی متزلزل نہ ہوئی۔ انہوں نے اس بات کو سمجھا کہ یہ لڑائی صرف مذہبی مقامات کی نہیں بلکہ تمام طبقات کی خواتین کے بنیادی حقوق کی ہے۔
جیسا کہ وہ خود کہتی ہیں، ’’یہ معاملہ خواتین کے حقوق کا ہے۔ یہ صرف ایک مذہب تک محدود نہیں بلکہ تمام مذاہب اور ذاتوں کی خواتین کے حقوق کی سمت رہنمائی کرتا ہے۔
ان کی متاثر کن جدوجہد اور نظریات کو کتاب Echoes of Equality: Farah Shaikh's Journey میں محفوظ کیا گیا ہے، جس میں خواتین کے بااختیار بنانے اور سماجی اصلاحات میں ان کے نمایاں کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان کی موثر سماجی خدمات کے اعتراف میں دہلی کی ایک ممتاز یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے بھی نوازا۔
فرح شیخ کی کہانی ثابت کرتی ہے کہ اگر کوئی شخص انصاف اور برابری کے لیے سچے دل سے جدوجہد کرے تو تبدیلی ممکن ہے۔ اپنے شوہر انور کی بھرپور حمایت سے وہ آج بھی ترقی پسند تبدیلی کی مضبوط آواز بنی ہوئی ہیں اور مہاراشٹر سمیت ہر جگہ خواتین کے حقوق اور ان کی عزت و وقار کے لیے سرگرم ہیں۔اپنے عزم کو بیان کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں کہ اسلامی دین نے عورت کو مرد کے برابر بہت سے حقوق دیے ہیں، چاہے وہ سماجی ہوں، معاشی ہوں یا ذاتی۔ اس لیے خواتین کو یہ حقوق ملنے چاہئیں اور وہ ان سے باخبر بھی ہوں۔ اسی لیے میری یہ لڑائی جاری ہے۔فرح اور ان کا ’’فرح چیریٹیبل ٹرسٹ‘‘ مہاراشٹر کی سماجی، تعلیمی، سیاسی اور مذہبی بحثوں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔
ان کی جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم، آگاہی اور مکالمے کے ذریعے معاشرتی تبدیلی ممکن ہے۔فرح اور ان کا ٹرسٹ مہاراشٹر اور بھارت کے اہم مسائل پر نہ صرف آواز بلند کرتا ہے بلکہ قانونی اور سماجی طریقوں سے عملی جدوجہد بھی کرتا ہے۔چاہے وقف اصلاحات کے لیے سپریم کورٹ کی لڑائی ہو یا قدرتی آفات میں سب مذاہب کے متاثرین کی مدد اور بحالی، وہ ہر محاذ پر سرگرم رہتی ہیں۔جہاں بڑے بڑے مسلم رہنما بولنے سے گریز کرتے ہیں، وہاں فرح نہ صرف اپنی آواز اٹھاتی ہیں بلکہ تبدیلی کے لیے سڑکوں پر بھی نکل آتی ہیں۔ یہی بے خوفی انہیں ایک سچا تبدیلی لانے والا بنا دیتی ہے۔ان کی انتھک محنت اور عزم کے اعتراف میں Awaz The Voice دل کی گہرائیوں سے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہے اور ان کی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رہنے کی دعا کرتا ہے۔