ساجد حسین

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-10-2025
تعلیمی انقلاب:  ساجد حسین  بدل رہے ہیں بچوں کا مستقبل
تعلیمی انقلاب: ساجد حسین بدل رہے ہیں بچوں کا مستقبل

 



زیب اختر ۔ رانچی 

رام گڑھ ضلع کے چتراپور گاؤں سے اٹھنے والی ایک سوچ آج پورے ملک میں تعلیم کی سمت بدل رہی ہے۔اس سوچ کے پیچھے ہیں ڈاکٹر ساجد حسین جنہوں نے اپنی سائنس کے میدان کو چھوڑ کر بچوں کے مستقبل کے لیے ایک نئی راہ ہموار کی۔ان کی پہل ’’سکولوجیم‘‘ آج ہزاروں بچوں اور سیکڑوں اساتذہ کے لیے امید کی کرن بن چکی ہے۔ساجد حسین کا تعلق چتراپور گاؤں سے ہے جو نیمرا سے تقریباً 30 کلومیٹر پہلے واقع ہے۔یہیں انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔وہ بتاتے ہیں کہ ان کے اسکول میں ایک کلاس میں 100 سے زیادہ بچے پڑھتے تھے، مگر بہت کم ہی آگے بڑھ پائے۔یہ تجربہ ان کے ذہن پر گہرے نقش چھوڑ گیا۔

بنگلور کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس سے ماسٹرز کرنے اور جرمنی سے پی ایچ ڈی حاصل کرنے کے بعد انہیں نیشنل ایرو اسپیس لیبارٹری میں سائنس داں کی نوکری ملی۔لیکن ملک اور بیرون ملک کے بڑے اداروں میں کام کرنے کے تجربے نے انہیں یہ احساس دلایا کہ دیہی بچے ذہین ہونے کے باوجود اس لیے پیچھے رہ جاتے ہیں کیونکہ ان کے پاس معیاری تعلیمی وسائل نہیں ہیں۔ساجد نے فیصلہ کیا کہ وہ گاؤں واپس جائیں گے اور تعلیم کی روش بدلیں گے۔2012 میں انہوں نے نوکری چھوڑ دی اور چتراپور لوٹ آئے۔

یہیں سے ’’سکولوجیم‘‘ کی بنیاد رکھی گئی، جس کا نام خود ان کے تصور کو ظاہر کرتا ہے یعنی اسکول اور جمنازیم کا امتزاج ۔ ساجد کہتے ہیں کہ جس طرح جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے ورزش ضروری ہے، اسی طرح دماغ کو فعال رکھنے کے لیے عملی مشق ضروری ہے۔یہاں بچے صرف کتابوں تک محدود نہیں ہیں۔کبھی لیموں، کریلا یا ہلدی کا ذائقہ چکھ کر وہ تیزاب اور اساس کو سمجھتے ہیں اور کبھی گھر سے لائی ہوئی اناج اور سبزیوں کے ذریعے غذائیت کا علم حاصل کرتے ہیں۔یہ تعلیم لمس، خوشبو اور تجربے کے ذریعے ہوتی ہے، بالکل ویسے جیسے رابندر ناتھ ٹیگور نے شانتی نکیتن میں تصور کیا تھا۔

ساجد کے لیے سب سے بڑی چنوتی اساتذہ کی سوچ بدلنا تھی۔زیادہ تر دیہی اساتذہ پرانے طریقوں کے عادی تھے اور انہیں عملی تجربے پر مبنی ماڈل کے مطابق ڈھالنے میں مہینوں لگ جاتے تھے۔اسی لیے ’’سکولوجیم‘‘ نہ صرف بچوں کو تعلیم دیتا ہے بلکہ اساتذہ کو بھی تربیت دیتا ہے۔ان کا طریقۂ تعلیم ’’میکر اورینٹڈ پیڈاگوجی‘‘ کہلاتا ہے جس میں بچوں کی مسئلہ حل کرنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا جاتا ہے۔ساجد کا ماننا ہے کہ آنے والے 20 سالوں میں کام کا ماحول بدل جائے گا اور مصنوعی ذہانت و روبوٹکس کے اس دور میں وہی بچے آگے نکلیں گے جو مسئلہ حل کرنے کی مہارت رکھتے ہوں گے۔

آج ان کا ماڈل صرف جھارکھنڈ تک محدود نہیں رہا۔کرناٹک سے اروناچل پردیش تک کئی اسکول اسے اپنا چکے ہیں۔جمشیدپور کا ڈی بی ایم ایس اسکول اور اروناچل پردیش کا سینی ک اسکول بھی ’’سکولوجیم‘‘ ماڈیول پر کام کر رہے ہیں۔نیتی آیوگ اور جھارکھنڈ حکومت بھی اس ماڈل کو بڑے پیمانے پر نافذ کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ساجد کا کہنا ہے کہ آج کے تعلیمی نظام میں بمشکل 20 فیصد بچے روزگار تک پہنچ پاتے ہیں اور ان میں سے صرف 5 سے 10 فیصد کو اچھی نوکری ملتی ہے۔یہ صورتحال بدلنا ضروری ہے خاص طور پر جھارکھنڈ کے 76 فیصد دیہی بچوں کے لیے۔

ساجد کی جدت صرف تعلیمی ماڈل تک محدود نہیں رہی۔2017 میں انہوں نے ایک اور مشن شروع کیا: چھوٹے بچوں کے لیے جدید نصابی کتابیں تیار کرنا۔سات سال کی محنت کے بعد 2024 میں ’’سکولوجیم بکس‘‘ کے تحت 48 جدید کنڈرگارٹن کتابیں سامنے آئیں جو میکر بیسڈ لرننگ اور تجرباتی تعلیم پر مبنی ہیں۔انہیں تیار کرنے میں عظیم پریم جی یونیورسٹی، ڈی پی ایس رانچی اور جھارکھنڈ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے تعاون کیا۔


رانچی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر اے اے خان کہتے ہیں: ’’یہ کتابیں ابتدائی تعلیم میں نئی گہرائی اور تازگی لاتی ہیں۔یہ بچوں میں سرگرم اور خوشگوار سیکھنے کی رغبت پیدا کرتی ہیں۔2025–26 کے تعلیمی سیشن سے جمشیدپور کے ڈی بی ایم ایس کدما اسکول اور دیگر ادارے ان کتابوں کو اپنانے جا رہے ہیں۔اب تک اس ماڈل سے 85 گاؤں کے 26,000 سے زیادہ بچے جڑ چکے ہیں۔ جنہیں 621 اساتذہ اور 177 تربیت یافتہ فیسلیٹیٹرز تعلیم دے رہے ہیں۔

ماہانہ فیس صرف 500 روپے ہے اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے یہ مکمل معاف کی جاتی ہے۔گاؤں میں تبدیلی واضح ہے۔وہ بچے جو پہلے پڑھائی چھوڑ دیتے تھے، اب عملی تجربات اور تخلیقی تعلیم کے ذریعے دلچسپی سے کلاس میں شریک ہیں۔والدین بتاتے ہیں کہ پہلے بچے صرف رٹنے پر توجہ دیتے تھے، مگر اب وہ گھر آ کر سوال کرتے ہیں اور چیزوں کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔یہی اصل تعلیم کی پہچان ہے۔ساجد کا اگلا خواب ایسا اسکول ہے جہاں نہ موٹی کتابیں ہوں نہ کنکریٹ کی دیواریں۔


جہاں بچے زندگی سے سیکھیں، کھیتوں، باغوں، بازاروں اور روزمرہ کے تجربات سے۔وہ کہتے ہیں،ہم بچوں کو نوکری تلاش کرنے والا نہیں بلکہ نوکری دینے والا بنانا چاہتے ہیں۔رام گڑھ کا یہ چھوٹا سا چتراپور آج تعلیم کے نئے تجربات کا مرکز بن چکا ہے۔یہاں سے اٹھنے والی ایک سوچ نے ہزاروں بچوں کا مستقبل بدل دیا ہے۔ڈاکٹر ساجد حسین نے ثابت کر دیا کہ اگر وژن اور جذبہ ہو تو گاؤں کا بیٹا بھی تعلیم کی دنیا میں انقلاب لا سکتا ہے۔