Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 01-11-2025
ڈاکٹر شاہنواز قریشی نے روشن کیے تعلیم کے چراغ
زیب اختر ۔رانچی
رانچی میں واقع قریشی محلہ، کبھی غربت، جہالت اور محرومی کی ایک تصویر ہوا کرتا تھا۔ تنگ و تاریک گلیوں میں بچوں کے ہاتھوں میں قلم کے بجائے مزدوری کے لئے اینٹیں ہوا کرتی تھی۔ مگر انہی گلیوں سے ایک ایسا شخص ابھرا، جس نے اندھیروں کو چیلنج کیا اور روشنی کا سفر شروع کیا۔ وہ نام ہے ڈاکٹر شاہنواز قریشی، ایک ایسا نام جو آج تعلیم، خدمت اور استقامت کی علامت بن چکا ہے۔
رانچی کے قریشی محلے میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر شاہنواز قریشی کا بچپن محرومیوں اور مشکلات کے سائے میں گزرا۔ ان کا تعلیمی سفر آسان نہ تھا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب محض 27 روپے فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے انہیں اسکول سے نکال دیا گیا۔ مگر ان کی والدہ آمنہ خاتون نے ہمت نہ ہاری، اور ایک سال بعد شاہنواز دوبارہ اسکول لوٹ آئے۔ چوتھی جماعت میں ہی انہیں کم عمر بچوں کو پڑھانے کی ذمہ داری دی گئی، جس کے عوض 35 روپے ماہانہ ملتے تھے۔ یہی وہ لمحہ تھا جب انہوں نے طے کر لیا کہ زندگی کا مقصد صرف تعلیم نہیں، بلکہ تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔ نوجوانی میں ہی انہوں نے سماجی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ وائی ایم سی اے سے وابستگی نے انہیں قیادت سکھائی۔ وہ اسلام نگر سینٹر کے انچارج بنے، بعد میں یونیورسٹی وائی ایم سی اے کے صدر کے طور پر طلبہ میں بیداری پیدا کی۔ جھارکھنڈ یوتھ ایسوسی ایشن کے ذریعے 120 سے زائد طالبات کو اسکالرشپ دلوانے میں ان کا نمایاں کردار رہا۔
سال 1993 میں نیشنل لٹریسی مشن سے جڑنے کے بعد انہوں نے اپنے محلے میں رات کا اسکول یعنیٰ نئٹ اسکول شروع کیا، جہاں دن بھر مزدوری کرنے والے لوگ شام میں تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔ چراغوں کی مدھم روشنی میں علم کی یہ شمع آہستہ آہستہ پورے علاقے میں بیداری کا پیغام بن گئی۔ 1982 میں مسجد کے قریب قائم ہونے والی قریش اکیڈمی جب زوال کا شکار ہوئی، تو ڈاکٹر قریشی نے سیکریٹری کی حیثیت سے اس کی ذمہ داری سنبھالی۔ ان کی کوششوں سے یہ مڈل اسکول سے ہائی اسکول بن گیا۔ انہوں نے والدین کو قائل کیا کہ بیٹیوں کی تعلیم ہی ان کا اصل سرمایہ ہے، اور جلد ہی لڑکیاں دوبارہ اسکول آنے لگیں۔ ان کے وژن کے نتیجے میں آج قریش اکیڈمی میں ایک ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن میں اکثریت لڑکیوں کی ہے۔ انہوں نے اسکول میں حوصلہ افزائی کے لیے ہفتہ وار نشستیں شروع کیں جن میں کرکٹر صبا کریم، مزاحیہ فنکار احسان قریشی، صحافی وجے پاتھک اور ماہر تعلیم ڈاکٹر جاوید احمد جیسے معزز شخصیات شامل ہوئیں۔ ان نشستوں نے طلبہ میں خواب دیکھنے اور محنت کرنے کا جذبہ پیدا کیا۔ اسکول نے میٹرک میں 100 فیصد کامیابی کا ریکارڈ قائم کیا۔ سوبودھ کانت سہائے کی مدد سے آڈیٹوریم بنا، ڈاکٹر جاوید قدوس کی کاوش سے سائنس لیب قائم ہوئی، جبکہ روٹری کلب رانچی ساؤتھ نے بیت الخلاء تعمیر کرائے۔
سال 1997 میں مالی تنگی اور لکھنے کے شوق نے انہیں صحافت کے میدان میں پہنچایا۔ انہوں نے ونانچل پرہری سے آغاز کیا اور بعد میں پربھات خبر میں سینئر سب ایڈیٹر کے طور پر بارہ سال خدمات انجام دیں۔ 2010 میں انہوں نے محکمہ
تعلیم جھارکھنڈ میں شمولیت اختیار کی۔ جے سی ای آر ٹی میں سماجی علوم کی نو درسی کتابیں تحریر کیں، جو آج بھی ریاست کے سرکاری اسکولوں میں پڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ورلڈ بینک کے منصوبوں “تیجسونی” اور “سمپورنہ” میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ علم اور تحقیق کے سفر میں وہ یہیں نہیں رکے۔ انہوں نے جھارکھنڈ میں کھیلوں کی تاریخ پر پی ایچ ڈی مکمل کی، اور اپنی کتاب “ویمنز ہاکی اِن جھارکھنڈ” شائع کی، جس کا اجرا ایف آئی ایچ کے صدر طیّب اکرام نے کیا۔ اب ان کی نئی کتاب “تصوف اور ہندوستان میں ہندو-مسلم اتحاد” منظر عام پر آنے والی ہے۔ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ جھارکھنڈ، محکمہ تعلیم و خواندگی، روٹری کلب رانچی ساؤتھ، مسلم پروفیشنلز ایسوسی ایشن، صدبھاؤنا منچ اور دینک جاگرن آئند نیکسٹ سمیت کئی اداروں نے انہیں اعزازات سے نوازا ہے۔
ڈاکٹر شاہنواز قریشی کا سفر اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ عظمت دولت یا عہدے سے نہیں، بلکہ استقامت اور خدمت سے حاصل ہوتی ہے۔ ایک ایسا شخص جو کبھی 27 روپے فیس ادا نہ کر سکا، آج ہزاروں بچوں کے لیے تعلیم کا دروازہ کھول چکا ہے۔ ان کی زندگی یہ پیغام دیتی ہے کہ اگر نیت خالص ہو اور ارادہ مضبوط، تو کوئی غربت، کوئی دیوار انسان کو اس کے مقصد سے نہیں روک سکتی۔