تحریر: ابھیشیک کمار سنگھ
کوئی رکاوٹ خوابوں کی تعبیر کو نہیں روک سکتی ۔۔ یہ قول ڈاکٹر ممتاز نیر کی زندگی کی اصل تصویر ہے۔ یہ ایک ایسے نوجوان کی داستان ہے جو غربت، مشکلات اور محرومیوں کے باوجود اپنی محنت، قربانی اور عزم سے دنیا کے صفِ اول کے سائنسدانوں میں شمار ہونے لگا۔ڈاکٹر ممتاز نیر کا تعلق بہار کے ضلع کشن گنج کے ایک دور دراز گاؤں سے ہے۔ ان کے بچپن کے دن سخت مالی تنگی میں گزرے۔ ان کے والد کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ صرف آٹھ برس کے تھے۔ ان کی والدہ نے محدود وسائل میں بچوں کی پرورش کی، جبکہ ان کے بڑے بھائی زین العابدین نے اپنی تعلیم ترک کر کے محنت مزدوری شروع کی تاکہ چھوٹے بھائیوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رہ سکے۔
اسی قربانی کی بدولت ممتاز نیر نے تعلیم کو اپنا ہدف بنایا اور محنت کے ذریعے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتے گئے۔ اگرچہ انہوں نے کئی میڈیکل انٹری امتحانات دیے، لیکن کامیابی نہ ملی، اور جن کورسز میں داخلہ ملا، ان کی فیس اتنی زیادہ تھی کہ داخلہ لینا ممکن نہ تھا۔ تاہم، وہ مایوس نہیں ہوئے اور دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں نئے شروع ہونے والے بی ایس سی بایو ٹیکنالوجی کورس میں داخلہ لیا، جو ان کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوا۔
بعد میں انہیں اقلیتی امور کی وزارت اور مرکزی وقف بورڈ کی دو سالہ اسکالرشپ ملی۔ پھر جامعہ ہمدراد یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی، جہاں انہیں "تسمیہ میرٹ اسکالرشپ" ملی۔ ان کی علمی کارکردگی نے انہیں پونے کے نیشنل سینٹر فار سیل سائنس(NCCS) میں پی ایچ ڈی کے لیے منتخب کروایا، جہاں انہوں نے نامور سائنسدان ڈاکٹر بھاسکر ساہا کی رہنمائی میں ریسرچ کی، جنہیں شانتی سروپ بھٹناگر ایوارڈ مل چکا ہے۔
ڈاکٹر نیر کی تحقیق قدرتی قاتل خلیوں(Natural Killer Cells) کے ذریعے فلیوی وائرسز جیسے زیکا، ڈینگی، ہیپاٹائٹس سی، اور ایبولا کے خلاف مدافعتی نظام کے ردِعمل پر مرکوز تھی۔ ان کی یہ تحقیق وائرولوجی اور امیونولوجی میں ایک سنگِ میل ہے۔آج وہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف ساؤتھمپٹن میں ایک معتبر پوسٹ ڈاکٹری ریسرچ فیلوشپ کے تحت کام کر رہے ہیں۔ ان کی ٹیم کی جدید تحقیق سے عالمی سطح پر ویکسین ریسرچ میں نئی امیدیں جاگی ہیں، خاص طور پر ان وائرسز کے خلاف جو دنیا کے کئی خطوں میں جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر نیر کا ماننا ہے کہ مستقبل کی ویکسینز میں انسانی مدافعتی نظام کو خلیاتی سطح پر متحرک کرنا سب سے مؤثر حکمت عملی ہوگی۔تحقیق کے ساتھ ساتھ وہ سماجی اور تعلیمی موضوعات پر بھی سنجیدہ رائے رکھتے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے دیہی اور شہری تعلیم کے درمیان گہرے فرق کی نشاندہی کی اور کہا، “دیہی علاقوں کی تعلیمی پسماندگی کی وجہ سے بے شمار قابل لوگ ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔
انہوں نے مسلم کمیونٹی کی تعلیمی پسماندگی پر بھی بات کی اور کہا کہ، “غریب والدین اکثر وقتی فائدے کے لیے بچوں کو مزدوری پر لگا دیتے ہیں، اگر میرے والدین نے ایسا کیا ہوتا تو شاید آج میں کسی ورکشاپ میں کام کر رہا ہوتا۔وہ ہندوستان کی مذہبی اور ثقافتی گوناگونی کو طاقت سمجھتے ہیں نہ کہ کمزوری۔ ان کے مطابق، جب ہم سائنسی سوچ اپنائیں گے، بھیڑ چال سے باہر آئیں گے، تب ہی حقیقی ترقی ممکن ہو سکے گی۔مستقبل میں ڈاکٹر نیر بھارت واپس آ کر دیہی علاقوں میں ویکسین تحقیق اور صحت کی تعلیم کے میدان میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ایک ایسا بھارت دیکھنا چاہتے ہیں جو صرف ٹیکنالوجی کا صارف نہ ہو، بلکہ تحقیق اور اختراع میں عالمی رہنما بنے۔
ڈاکٹر ممتاز نیر کی زندگی ایک شعلہ ہے جو اُن نوجوانوں کے لیے روشنی ہے جو غربت، سماجی رکاوٹوں اور نظامی نابرابری کے باوجود کچھ بڑا کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ ان کا سفر صرف سائنسی کامیابیوں تک محدود نہیں، بلکہ وہ سوشل بیداری، انسانی ہمدردی اور انصاف کی علامت بھی ہیں۔بہار کے ایک گمنام گاؤں سے عالمی سائنسی برادری میں مقام بنانے والے ڈاکٹر ممتاز نیر ان سب کے لیے مشعل راہ ہیں جو خواب دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں اور ان کو حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ بھی۔