تحریر: فرحان اسرائیلی / جے پور
مسنی، ضلع ہنومان گڑھ (راجستھان) کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں، جہاں دن کھیتوں میں محنت مزدوری اور راتیں ستاروں کو تکتے گزرتی تھیں، وہیں پیدا ہونے والے عارف خان نے ایک ایسی بلندی حاصل کی ہے جو ہزاروں نوجوانوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ ان کی کہانی اس حقیقت کی زندہ مثال ہے کہ عزم، محنت اور درست رہنمائی سے سب سے دور خواب بھی حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔
آج ڈاکٹر عارف خان صرف ایک سائنس داں نہیں بلکہ تبدیلی کے علمبردار ہیں۔ ان کی تحقیق، ایجادات اور تصنیفات نے حیاتیات اور صحت کے شعبے میں نئے امکانات روشن کیے ہیں، انہوں نے آواز–دی وائس سے گفتگو میں کہا کہ ۔تحقیق میں صبر درکار ہوتا ہے، سو میں سے شاید صرف پانچ تجربات کامیاب ہوں، لیکن وہ پانچ دنیا بدل سکتے ہیں،30 سے زائد تحقیقی مضامین اور دو کتابوں کے مصنف، ڈاکٹر عارف کا کیریئر ثابت قدمی اور جدت پسندی کا آئینہ دار ہے۔
ابتدائی زندگی اور تعلیم
34 سالہ عارف ایک ایسے گھرانے میں پلے بڑھے جس میں تعلیم کو اولین درجہ دیا جاتا تھا۔ والد ایڈووکیٹ فرید خان چاہتے تھے کہ بیٹے کو ڈاکٹر بنتے دیکھیں۔ یہی خواب والدہ حجن آمنہ بی بی (مرحومہ) اور دادا حاجی یوسف خان کا بھی تھا۔ مسنی جیسے گاؤں میں محدود تعلیمی سہولتوں کے باوجود عارف کی سائنس سے دلچسپی دن بہ دن بڑھتی گئی۔چودھری منی رام میموریل سینئر سیکنڈری اسکول، ہنومان گڑھ سے تعلیم کا آغاز کیا اور ہمیشہ بہترین طلبہ میں شمار ہوئے۔ بعد میں ڈی اے وی اسکول، سری گنگانگر میں پڑھائی کے دوران ایکسیلنس اسٹوڈنٹ ایوارڈ جیتا۔ پھر انہوں نے مہاراجا گنگا سنگھ یونیورسٹی، بیكانیر سے حیاتیات میں گریجویشن کیا اور سوامی کیشوانند راجستھان ایگریکلچرل یونیورسٹی سے بایو ٹیکنالوجی میں ایم ایس سی۔ ان کی ذہانت نے انہیں نیٹ (NET) اور سیٹ(SET) جیسے قومی امتحانات کامیابی سے پاس کرنے میں مدد دی۔
تحقیقی کارنامے
جے پور کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف ویٹرنری ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں پی ایچ ڈی کے دوران انہوں نے دودھ سے منتقل ہونے والے جراثیم پر انقلابی تحقیق کی۔راجستھان میں جہاں زیادہ تر لوگ کچا دودھ پینے کے عادی ہیں، ڈاکٹر عارف نے یہ دریافت کیا کہ بیمار جانوروں کے جراثیم دودھ میں شامل ہو کر سنگین امراض پیدا کر سکتے ہیں۔ ان کی تحقیق نے دو بڑے خطرات کو بے نقاب کیا - جینیاتی عناصر جو جراثیم کو مزید خطرناک بنا دیتے ہیں۔
ریسرچ کے عملی چیلنجز نے انہیں اختراعی راستے نکالنے پر مجبور کیا۔ دودھ کے نمونوں کو لیبارٹری تک پہنچانے میں 24 گھنٹے لگ جاتے تھے جس سے وہ خراب ہو جاتے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ڈاکٹر عارف نے پورٹیبل فوڈ مائیکرو بایولوجی اینالائزر ایجاد کیا جو موقع پر ہی دو گھنٹوں میں دودھ کا تجزیہ کر لیتا ہے۔ اس ایجاد کو پیٹنٹ ملا اور اس نے وقت، پیسہ اور محنت تینوں بچائے۔ مگر اپنی اصول پسندی پر قائم رہتے ہوئے انہوں نے اس سے ہونے والی ممکنہ آمدنی حکومت ہند کو منتقل کر دی۔
موجودہ خدمات اور ایجادات
فی الحال ڈاکٹر عارف وزارت تعلیم، کوراج (اجمیر) میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ انٹیگریٹڈ بایولوجی لیبارٹری کی قیادت کرتے ہیں اور نوجوان اسکالروں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ ان کا تحقیقی دائرہ بایو ٹیکنالوجی، مائیکرو بایولوجی اور بایو کیمسٹری پر محیط ہے۔ وہ ایک اور جان بچانے والی مشین اینٹی بایوٹک سنسٹیویٹی اینالائزر پر کام کر رہے ہیں، جو موجودہ 48 گھنٹے کے بجائے صرف 4 سے 6 گھنٹے میں یہ بتا سکے گی کہ کسی انفیکشن پر کون سی دوا مؤثر ہوگی۔
ذاتی محرک اور تصنیفات
2021 میں والدہ کے کینسر سے انتقال نے ان پر گہرا اثر ڈالا۔ ان کی یاد میں ڈاکٹر عارف نے “Cancer: From Cell to Cure”نامی کتاب لکھی جو اب فلیپ کارٹ اور ایمیزون پر دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے نوجوان محققین کے لیے ایک رہنما کتاب بھی تحریر کی۔ ان کی خدمات کو کئی اعزازات ملے، جن میں 2018 میں این آئی ٹی جے پور کا ینگ سائنس دان ایوارڈ بھی شامل ہے۔ وہ امریکن سوسائٹی فار مائیکرو بایولوجی کے رکن بھی ہیں۔
حوصلہ افزائی اور رہنمائی
ڈاکٹر عارف ہمیشہ اپنے اساتذہ اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جن میں ڈاکٹر گووند سنگھ، پروفیسر آنند بھالیراؤ، پروفیسر ارشاد علی خان اور ڈاکٹر ایل کے شرما شامل ہیں۔ وہ اپنے بھائی ایڈووکیٹ امداد خان کی غیر متزلزل سپورٹ کا بھی ذکر کرتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ عارف نے صرف 15 سال کی عمر میں بارہویں کلاس مکمل کر لی تھی، جس کے باعث وہ میڈیکل انٹری امتحان کے اہل نہ ہو سکے۔ اس وقت کا یہ "ناکامی" دراصل ایک نیا راستہ ثابت ہوئی، اور انہوں نے ریسرچ کی طرف قدم بڑھایا اور بالآخر “ڈاکٹر” کہلائے، یوں اپنے والدین اور دادا کا خواب ایک منفرد انداز میں پورا کیا۔
پیغام اور وژن
راجستھان کے تحقیقی ماحول پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف کہتے ہیں کہ محدود بھرتیاں اور سہولتیں رکاوٹ ہیں، لیکن مقامی مسائل بھی عالمی سطح کے حل پیدا کر سکتے ہیں۔ وہ نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہیں کہ وہ صرف طب تک محدود نہ رہیں بلکہ بایو ٹیکنالوجی، مائیکرو بایولوجی اور ایگریکلچرل سائنسز جیسے شعبوں پر بھی توجہ دیں، جہاں مواقع بے شمار ہیں۔
مسنی کے ایک عام سے لڑکے سے لے کر ایک ایسے سائنس داں تک کا یہ سفر جس کی ایجادات زندگیاں بچا رہی ہیں، ڈاکٹر عارف خان کا سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ جب حوصلہ اور مقصد ایک ہو جائے تو آنے والی نسلوں کے لیے راستے روشن ہو جاتے ہیں۔