بہارالاسلام، بنگال میں سماجی خدمات کا روشن ستارہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2025
بہارالاسلام، بنگال میں سماجی خدمات کا روشن  ستارہ
بہارالاسلام، بنگال میں سماجی خدمات کا روشن ستارہ

 



دیب کشور چکرورتی / کولکاتا

بہارالاسلام کی زندگی میں پہلی بار مدد کا جو تجربہ ہوا، وہی ان کی پوری زندگی کی راہ متعین کرنے والا بن گیا۔ایک دن انہوں نے ایک بزرگ خاتون کو بھاری سامان اٹھانے میں دشواری کا سامنا کرتے دیکھا۔ بلا جھجک وہ سامان انہوں نے اٹھایا اور خاتون کے گھر تک پہنچایا۔یہ سادہ سا عمل ہی ان کے بقول ان کی "ایثار کی لت" کا بیج بنا۔ آج تک وہ جذبہ اتنا ہی مضبوط ہے۔ اس دوران بہارالاسلام ایسے شخص بن گئے جو ہمیشہ ذاتی مفاد پر انسانیت کو ترجیح دیتے ہیں اور اخلاص و جرات کے ساتھ سماجی خدمت کو اپنائے ہوئے ہیں۔ بالی پور (ہوگلی ضلع) کے ایک لڑکے سے لے کر آج وہ پورے مغربی بنگال میں ایک مانا ہوا اور محترم چہرہ ہیں۔

ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے الفاظ سے متاثر ہوکر کہ ۔۔۔ خواب وہ نہیں جو نیند میں دکھائی دے، خواب وہ ہے جو آپ کو جاگتے ہوئے دیکھیں ۔۔ بہارالاسلام نے اپنا سب سے بڑا خواب پورا کرنے کی جدوجہد کی: ایک مشَن اسکول کا قیام۔ 45بیگھہ زمین پہلے ہی محفوظ کی جا چکی ہے، جن میں ایک بیگھہ خود بہارالاسلام نے عطیہ کیا۔ 

کاروبار سے خدمت تک

2016میں بہارالاسلام کولکاتا میں ایک کامیاب کاروبار چلا رہے تھے، لیکن ان کا جھکاؤ سماجی خدمت کی طرف بڑھتا گیا۔ ابتدا میں انہوں نے بنگال پیپلز فورم بنایا، جو محض دو ماہ میں بعد سربوجن جاگرن گن کلیان منچ بن گیا  جو عام طور پر سجاگ منچ کے نام سے جانا جاتا ہے۔وہ اس تنظیم کے قیام کا سہرا مشہور سماجی کارکن، صنعتکار، شاعر اور ادیب شیخ آفتاب الدین سرکار کے سر باندھتے ہیں، جو ابتدا سے صدر ہیں اور جنہوں نے اس تنظیم کا نام بھی تجویز کیا۔ بہارالاسلام کہتے ہیں: “سماجی تنظیمیں پہلے سے بہت ہیں، تو پھر ایک اور کیوں؟ جواب سادہ ہے—انسانی دکھ اور ناانصافی ہمارے دل کو چیر دیتی ہے۔ ہم نے سوچا کہ ہمیں کچھ نہ کچھ ضرور کرنا چاہیے، چاہے کتنا ہی چھوٹا ہو۔ ہم نے اپنی ہی وسائل سے آغاز کیا، اور شاید اسی وجہ سے لوگ ہم پر بھروسہ کرتے ہیں اور محبت کرتے ہیں۔

مشکلات اور حوصلہ

ناانصافی کے خلاف ان کی آواز نے انہیں مقامی سیاسی غنڈوں کے نشانے پر رکھا، جس کی وجہ سے انہیں ہگلی چھوڑ کر کولکاتا آنا پڑا۔ والد کے تعاون اور اپنی محنت سے انہوں نے بک بائنڈنگ اور پرنٹنگ کا کاروبار شروع کیا اور رام موہن ہائی اسکول سے ہائر سیکنڈری تک تعلیم بھی جاری رکھی۔ اصل موڑ تب آیا جب وہ شیخ افتاب الدین "چاچا" کی رہنمائی سے جڑ گئے۔جلد ہی ان کی بہن، بچپن کے دوست اور دوسرے ہم خیال افراد بھی ساتھ آ گئے اور سجاگ منچ کی سرگرمیاں بڑھتی گئیں۔ بہارالاسلام کی قیادت میں گروپ نے جنگل محل (پورولیہ) میں افطار اور گرم کپڑوں کی تقسیم کی، کووِڈ-۱۹لاک ڈاؤن کے دوران ریلیف پہنچایا، اور 300خاندانوں کو دروازے پر راشن فراہم کیا۔ حتیٰ کہ طوفان امفان کے بعد بھی انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ خاندان عید باوقار طریقے سے منائیں۔

اجتماعی تعاون

ان کی کوششوں سے متاثر ہو کر کئی صنعتکار اور فلاحی شخصیات ساتھ آئیں۔ بالی پور کے شیخ اکرام الحق نے دفتر اور کمیونٹی ہال دیا اور 2021میں  10کسیجن سلنڈر خرید کر دیے۔ احمد آباد سے ان کے بچپن کے دوست میر سمرات نے تعاون کیا۔ شیخ امتیاز الحق باپی، شیخ مصباالحق، شیخ فضل، شیخ صلاح الدین ملک، شیخ ببلو علی، شیخ نور محمد، پروفیسر ڈاکٹر معین الحق اور معلم مرزا انیس الرحمن جیسے کئی لوگ تحریک سے جڑ گئے۔ شیخ فیروز علی نے مزید ایک لاکھ روپے عطیہ کر کے بلا سود قرض کا انتظام کیا تاکہ ضرورت مند خاندان خود مختار ہو سکیں۔

سہارا برائے عوام

بہارالاسلام کی قیادت میں سجاگ منچ ایک سہارا بن گیا۔ انہوں نے وبا کے دوران آکسیجن تقسیم کیا، خون عطیہ کیمپ منعقد کیے، تعلیمی مدد فراہم کی، تنازعات حل کروائے اور کمیونٹی ہیلتھ آفیسر انووارہ پروین کی سربراہی میں ماہانہ طبی جانچ کیمپ لگائے۔ صنعتکار شیخ الطاف الدین سرکار نے مفت امراضِ نسواں کے علاج کا انتظام کیا، جبکہ نادار طلباء کے لیے خصوصی کوچنگ بھی دی گئی۔بہارالاسلام کا ماننا ہے کہ حقیقی خدمت صرف جذبات سے نہیں بلکہ سماج کی سخت حقیقتوں کو سمجھنے سے آتی ہے۔ پچھلے سال کھنکول، مدنی پور اور ہوڑہ میں آنے والے سیلاب میں تنظیم نے تقریباً دو لاکھ روپے کا ریلیف فراہم کیا۔

خاندانی وابستگی

عوامی مصروفیات کے باوجود بہارالاسلام خاندانی اقدار میں جڑے ہوئے ہیں۔ تین بھائیوں اور ایک بہن میں بڑے ہونے کے ناتے وہ بیوی، والدین اور دو بچوں کی ذمہ داریاں بھی نبھاتے ہیں۔وہ کہتے ہیں، تنقید اور مزاحمت سماجی خدمت کے سفر کا حصہ ہیں: “مخالفت کی وجہ سے رک جانا بزدلی ہے۔ تنقید کا واحد جواب عمل ہے۔لیکن وہ میل جول اور مصالحت کے بھی قائل ہیں اور بڑے مقصد کے لیے ناقدین کو بھی گلے لگاتے ہیں۔

پیغامِ انسانیت

سجاگ منچ کے نعرے انسانیت کا ہاتھ بڑھاؤکی رہنمائی میں بہارالاسلام ایک سادہ مگر گہرا پیغام دیتے ہیں: “پیدائش اور موت کے بیچ جو وقت ہمیں ملا ہے، وہ دوسروں کی خدمت میں لگانا چاہیےکیونکہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں۔

تصاویر : کتب احمد