Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 11-11-2025
عذرا نقوی نے لہرایا اردو کے فروغ کا پرچم
آشا کھوسا/نئی دہلی
دہلی کی عذرا نقوی وہ نام ہیں جنہوں نے زندگی کے مختلف میدانوں میں کامیابیاں سمیٹنے کے باوجود اردو زبان سے اپنی وابستگی کبھی کم نہیں ہونے دی۔ وہ کہتی ہیں کہ اردو میری سانسوں میں ہے، میرے خیالات میں ہے، یہ میری شناخت اور میرے خمیر کا حصہ ہے۔ مختلف ممالک میں قیام اور متنوع پیشہ ورانہ تجربات کے باوجود ان کا دل ہمیشہ اردو کے لیے دھڑکتا رہا۔
سال 2017 میں دہلی واپسی کے بعد عذرا نقوی نے اپنے شوق کو عملی شکل دینے کے لیے ریختہ فاؤنڈیشن سے بطور کنسلٹنگ ایڈیٹر وابستگی اختیار کی ۔ وہ فاؤنڈیشن جو اردو زبان کے فروغ اور اس کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے۔ ریختہ نے اردو شاعری کا سب سے بڑا آن لائن ذخیرہ تیار کیا ہے، جس نے دنیا بھر کے قارئین کو ایک کلک پر اصل اردو ادب سے جوڑ دیا ہے۔ آج ریختہ کے قارئین 150 سے زیادہ ممالک میں موجود ہیں، اور اس ادارے نے اردو کی مقبولیت کو نئی زندگی بخشی ہے۔
عذرا نقوی کا نیا تجربہ : موبائل ایپ سے خواتین ادیباؤں کا عالمی نیٹ ورک
اردو زبان سے عشق رکھنے والی عذرا نقوی نے اپنے موبائل فون کے واٹس ایپ ایپلیکیشن کو ایک تخلیقی ذریعہ بنا لیا۔ انہوں نے دنیا بھر کی 200 خواتین ادیباؤں کو جوڑ کر ایک منفرد تنظیم بین الاقوامی نسائی ادبی تنظیم (بی اے این اے ٹی) قائم کی، جس کا مقصد خواتین ادیباؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا اور ان کے کام کو فروغ دینا ہے۔ واٹس ایپ کے ذریعے عذرا نقوی نے 40 خواتین لکھنے والیوں کی موضوعاتی تحریریں جمع کیں۔ وہ کہتی ہیں کہ گروپ میں سخت اصول ہے کہ مذہب یا غیر ادبی گفتگو نہیں ہوگی، صرف ادب پر بات ہوگی۔ ان تحریروں کو مختلف مرحلوں میں کتابی صورت دی جا رہی ہے۔ اب تک دو مجموعے "سب لوگ کیا کہیں گے" اور "یادوں کے جھروکے سے" اشاعت کے مراحل میں ہیں، جب کہ تیسرا مجموعہ "جو اکثر یاد آتے ہیں" ابتدائی تیاری میں ہے۔
ریختہ اور زبانوں کا پل
فی الحال عذرا نقوی ریختہ کے ایک لسانی منصوبے پر کام کر رہی ہیں، جس میں ہندی، اردو اور انگریزی پر مشتمل ایک کثیر لسانی لغت تیار کی جا رہی ہے، اور جلد ہی اس میں گرمکھی (پنجابی رسم الخط) بھی شامل کی جائے گی۔
زندگی کا سفر : ادب، علم اور احساس
عذرا نقوی 73 برس کی عمر میں بھی ایک بھرپور زندگی گزار رہی ہیں۔ اپنے شوہر کے انتقال کے بعد وہ نوئیڈا میں تنہا مگر مطمئن زندگی گزار رہی ہیں۔ وہ مسکراتے ہوئے کہتی ہیں کہ میں الفاظ کی ایک دلکش دنیا میں جی رہی ہوں، یہ دنیا لامحدود ہے اور امکانات سے بھری ہوئی ہے۔
ان کا یہ عشقِ زبان وراثت میں ملا۔ ان کے نانا جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بانیوں میں سے تھے، والد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ملازم تھے، اور والدہ خود ایک شاعرہ اور صاحبِ مطالعہ خاتون تھیں۔ عذرا نے اپنی تعلیم علی گڑھ میں حاصل کی اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) سے ایم فل اڈاپٹیو بایولوجی میں ڈگری مکمل کی، لیکن دل اردو کی تحریروں میں ہی بسا رہا۔
۔1976 میں ان کی شادی ایک کمپیوٹر سائنسدان سے ہوئی، جس کے بعد وہ عراق اور کینیڈا منتقل ہو گئیں۔ مونٹریال میں انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں ڈاکٹریٹ کے لیے داخلہ لیا، فرانسیسی زبان سیکھی، اور ایک کنڈرگارٹن اسکول میں تدریس بھی کی۔ کینیڈا میں 12 سال قیام کے دوران انہوں نے جنوبی ایشیائی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی کام کیا، انہیں فرانسیسی زبان اور ٹیکس سسٹم کی تربیت دی۔ بعد ازاں وہ کنگ سعود یونیورسٹی ریاض سے بھی منسلک رہیں۔
ادبی کارنامے
عذرا نقوی کی اردو سے وابستگی نے انہیں ایک مترجم، افسانہ نگار اور محقق کے طور پر ممتاز کر دیا۔ ان کی پہلی کتاب "سعودی قلمکار عورتوں کی منتخب کہانیاں" دراصل سعودی خواتین ادیباؤں کی انگریزی تحریروں کا اردو ترجمہ ہے۔ ان کا افسانوی مجموعہ "آنگن جب پردیس ہوا" ہجرت اور تہذیبی فرق پر مبنی ہے۔ اب تک وہ 11 اردو کتابیں لکھ چکی ہیں۔
عذرا نقوی آج بھی اردو کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں۔ وہ نئی نسل کو تلقین کرتی ہیں کہ ضروری ہے کہ لوگ اردو اور ہندی دونوں پڑھنا اور لکھنا سیکھیں۔ افسوس ہوتا ہے جب بچے اپنی زبان سے ناواقف ہوتے ہیں۔
عذرا نقوی نہ صرف اردو ادب کی خدمت کر رہی ہیں بلکہ اس زبان کے ذریعے خواتین کے احساس، علم اور تخلیقی طاقت کو بھی دنیا کے سامنے لا رہی ہیں ۔ وہ ثابت کرتی ہیں کہ اردو صرف ایک زبان نہیں، بلکہ ایک تہذیب اور ایک محبت کا انداز ہے۔