عائشہ عبدالباسط:جن کی نعت گوئی نے 80 ممالک کے دل جیت لیے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2025
عائشہ عبدالباسط:جن کی نعت گوئی نے 80 ممالک کے دل جیت لیے
عائشہ عبدالباسط:جن کی نعت گوئی نے 80 ممالک کے دل جیت لیے

 



 سری لتھا مینن / تریچور

عائشہ عبدالباسط اگرچہ کیرالہ سے تعلق رکھتی ہیں، لیکن آج وہ صرف اپنے صوبے میں نہیں بلکہ 80 ممالک میں اپنی اسلامی روحانی نعتوں کے ذریعے پسند کی جاتی ہیں۔

20 سالہ اس گلوکارہ کی فرشتہ صفت موجودگی اور دلکش آواز بچپن سے ہی لوگوں کو متاثر کرتی رہی ہے۔ ان کے والد نے جب فیس بک پر ان کی ریاضت کی چند ویڈیوز ڈالی تو لائکس کی بارش ہونے لگی۔ اس کے بعد انہوں نے 2013 میں یوٹیوب پر ان کا چینل بنایا۔ ان کی نعت حسبی ربی جل اللہ نے 80 ملین ویوز حاصل کیے۔ آج ان کے یوٹیوب چینل کے 37 ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں اور 583 ملین ویوز ہوچکے ہیں۔

ان کی زندگی نے اس وقت نیا موڑ لیا جب انہیں مشہور نعت خواں سامی یوسف کی صورت میں ایک رہنما ملا اور وہ ان کی کمپنی سے معاہدہ کر کے جڑ گئیں۔ اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

ایک پرانے انٹرویو میں عائشہ نے کہا تھا:“جب میں نے 2018 میں سامی یوسف کو سنا تو مجھے لگا کہ ان کی موسیقی شفا بخش ہے۔ اس نے مجھے یقین دلایا کہ روحانیت کا راستہ جو میں نے اختیار کیا وہ میرا بہترین فیصلہ تھا۔” اسی سال انہوں نے سامی یوسف کی کمپنی سے معاہدہ کیا۔ عائشہ کہتی ہیں، “وہ مجھے یقین دلاتے کہ تم صرف گا نہیں رہیں بلکہ سننے والوں کو شفا دے رہی ہو۔”

عائشہ کے لیے ان کا مذہب طاقت کا ذریعہ رہا ہے۔ انہی کی نعتوں نے انہیں دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا ہے۔ وہ مشہور موسیقاروں جیسے سلیم سلیمان کے ساتھ کام کر چکی ہیں اور اے آر رحمان جیسی عظیم ہستی بھی ان کی معترف ہے۔

جب وہ بارہویں جماعت میں 16 سال کی تھیں تو ایک ریڈیو انٹرویو میں انہوں نے اپنے والدین کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سپورٹ نے ہی بچپن سے ان کا ساتھ دیا۔ وہ بتاتی ہیں کہ ان کی سب سے بڑی تحریک سامی یوسف اور اے آر رحمان رہے ہیں۔فی الحال وہ سلیم سلیمان کے ساتھ سلام پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں جو 100 سے زائد فلموں کے لیے موسیقی بنا چکے ہیں، جن میں قربان، رب نے بنا دی جوڑی، فیشن اور بینڈ باجا بارات شامل ہیں۔اپنی ہم عمر نوجوانوں کو، خاص طور پر آرٹسٹس کو، عائشہ عاجزی اور انکساری کے ساتھ نصیحت کرتی ہیں:میں نصیحت نہیں دے سکتی کیونکہ میں خود ابھی سیکھ رہی ہوں۔ لیکن یہ ضرور کہوں گی کہ اپنے آپ پر قائم رہو، اور جو کچھ کرو، منفرد انداز میں کرو۔”

ان کی آواز ہر خاموشی کو چیرتے ہوئے ایک عجیب سی بلندی عطا کرتی ہے، ہر البم سننے والوں کو مسحور کر دیتا ہے۔ آج ان کے انسٹاگرام پر 5 لاکھ 71 ہزار فالوورز ہیں اور ہر پوسٹ پر 8 ہزار سے 37 ہزار تک ویوز آتے ہیں۔ان کے زیادہ تر گانے دعاؤں، محبت اور امن پر مبنی ہیں، جو نہ صرف دل کو سکون دیتے ہیں بلکہ کانوں کو بھی بھلے لگتے ہیں۔تھالیسور  (Thalassery) میں پیدا ہونے والی عائشہ آج کل ابوظہبی میں مقیم ہیں اور اپنے رہنما سامی یوسف کی رہنمائی میں اپنے میوزک کیریئر پر توجہ دے رہی ہیں۔ وہ اب تک عربی، ہندی اور ملیالم میں گانے گا چکی ہیں۔ان کی ویب سائٹ ان کی خواہش کو یوں بیان کرتی ہے

عائشہ کا مقصد اپنی روحانی آواز کے ذریعے دنیا بھر میں محبت اور امن کو پھیلانا ہے۔ ان کی شدید خواہش ہے کہ وہ ایسی موسیقی تیار کریں جو لوگوں کے دل و دماغ کو محبت اور امن سے بھر دے۔ ان کا یقین ہے کہ یہی وہ مضبوط ذریعہ ہے جس کے ذریعے ایک پُرامن معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔