نئی دہلی :آواز دی وائس
سماج کو بدل ڈالو - یہی نعرہ ہے جو کسی فرد یا افراد کو دنیا،ملک یا معاشرے میں ایک الگ پہچان دیتا ہے، اپنی آس پاس پھیلے اندھیرے کو دور کرنا ، اپنے ارد گرد پھیلی بے روزگاری کو ختم کرنا، مایوسی کو دور کرنا، نئی راہ نکالنا اور نئی راہ دکھانا، کچھ ایسا کرنا جو اپنے ساتھ ساتھ معاشرے میں دوسروں کو کچھ دے جائے ، خواہ وہ ایک سوچ ہو، ایک نظریہ ہو ، ایک راستہ ہو- ایسے لوگ معاشرے میں تبدیلی ساز کہلاتے ہیں جن کے سبب معاشرہ ایک نئی سوچ کے ساتھ نیا سفر طے کرنا شروع کرتا ہے، ایسے لوگ بے باک بھی ہوتے ہیں، بے لاگ بھی ہوتے ہیں، اور بے خوف بھی ہوتے ہیں، کیونکہ تبدیلی کی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے والے کو ہمیشہ قدم قدم پر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، ان حالات میں جو اپنا راستہ کاٹ کر خود بنائے وہ بہت خاص کہلاتا ہے- ہم' آواز 'میں تبدیلی سازوں کی باتیں کر رہے ہیں- آپ کو اس بار ملک کی ایک اہم ریاست ا سام کے ایسے چہروں اور ناموں سے ملوائیں گے جنہوں نے مختلف میدانوں میں تبدیلی ساز کا کردار نبھایا ہے اور نبھا رہے ہیں جو اپنی سماجی خدمات اور اپنے جوش و جذبے کے سبب سینکڑوں لوگوں کی زندگی میں بڑی تبدیلیاں لا رہے ہیں -آئیے ڈالتے ہیں ایسے ہی دس اہم لوگوں کی زندگی پر ایک نظر
عابد آزاد
ایک نوجوان بینک پروفیشنل جو اپنے آرام دہ دفتر میں بیٹھنے کے بجائے آسام کے مختلف علاقوں میں گھوم کر بھوکوں کو کھانا کھلاتے ہیں۔ کووِڈ-19 اور لاک ڈاؤن کے دنوں سے ہی آزاد نے سڑکوں، اسپتالوں اور ضرورت مندوں کو کھانا فراہم کرنا شروع کیا۔ گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال(GMCH) کے احاطے میں شام اور آدھی رات کے وقت مفت کھانا تقسیم کیا جاتا ہے جو مسلمانوں کے لیے افطار اور سحری بن جاتا ہے اور ہندو و دیگر مذاہب کے افراد کے لیے لذیذ کھانے۔
احمد علی
آسام سے تعلق رکھنے والے ایک ان پڑھ رکشہ چلانے والے احمد علی کی موجودگی نے 26 جنوری کو دہلی میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں سب کی توجہ حاصل کی۔ حکومت ہند نے انہیں سماجی خدمات پر خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا تھا۔ احمد علی نے اپنی محنت کی کمائی سے دیہی آسام میں متعدد اسکول قائم کیے تاکہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب ملے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں "من کی بات" میں ذکر کیا۔ احمد علی، جو جنوبی آسام کے سری بھومی ضلع کے رہائشی ہیں، نے اب تک 9 اسکول قائم کیے ہیں۔
نظرالحق -
حالیہ دنوں میں آسام کی حکومت کی جانب سے فِش فارمنگ اور روزگار پیدا کرنے کے لیے ان کی شاندار خدمات پر انہیں آسام گورَو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ محض 10,000 روپے کے ساتھ کاروبار شروع کرنے والے حق نے کئی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ماہی پروری کا کامیاب سلسلہ قائم کیا۔ ان کی محنت نے نہ صرف آسام میں ماہی پروری کے شعبے کو ترقی دی بلکہ سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا۔
نواب علی
جیسے دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ رامکانت آچریکر نے سچن ٹنڈولکر اور ان کے بیٹے ارجن کی تربیت کی، ویسے ہی آسام کے نواب علی نے سابق رنجی کپتان پراگ داس اور ان کے بیٹے ریان پراگ، جو ٹیم انڈیا میں شامل ہونے والے آسام کے پہلے کرکٹر بنے، کو تربیت دی۔ کرکٹ حلقوں میں انہیں محبت سے "نواب دا" کہا جاتا ہے۔ اگرچہ نواب علی نے خود زیادہ رنز نہیں بنائے، لیکن انہوں نے آسام اور بھارت کے لیے کئی باصلاحیت کرکٹرز تیار کیے۔
ڈاکٹر مصطفی اے. بربھوئیا
جنوبی آسام کے ضلع ہیلکاندی کے ایک دور افتادہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مصطفی اے. بربھوئیا کو امریکہ میں اس سال پیتھالوجی کے 100 بااثر ترین افراد میں شامل کیا گیا ہے، اور وہ ٹاپ 20 ہیروز آف پیتھالوجی میں بھی شامل ہیں۔
سیداللہ نونگرم
وہ میگھالیہ میں خاسی مسلمانوں کی آواز اور مختلف برادریوں کے درمیان پُل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے شیلانگ میں واقع مدینہ مسجد کی تعمیر کی قیادت کی، جو بھارت کی واحد اور ایشیا کی پہلی شیشے کی مسجد مانی جاتی ہے۔ اس عظیم مسجد میں عبادت کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمی مرکز، غریب بچوں کا اسکول، اور جدید سہولیات سے آراستہ ایک کالج بھی قائم ہے۔
ارسل اختر
ارسل اختر گوہاٹی میں سائیکلنگ کو عوامی اہمیت دلوانا چاہتے ہیں۔ مختلف شعبوں جیسے آئی ٹی، سافٹ ویئر، بینکنگ اور شیئر انویسٹنگ میں کام کرنے کے بعد 2018 میں انہیں گوہاٹی کا پہلا "بائسکل میئر" مقرر کیا گیا۔ وہ اپنی غیر منافع بخش تنظیموں "پیڈل فار اے چینج" اور "گرین لین فاؤنڈیشن" کے ذریعے شہری ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل تلاش کرتے ہیں۔ انہوں نے "بائسکل کاؤنسلرز آف گوہاٹی" نامی ایک فعال شہری گروپ تشکیل دیا ہے۔
ناہید آفرین
ناہید آفرین نے 2015 میں انڈین آئیڈل جونیئر میں تیسرے مقام پر آکر شہرت حاصل کی۔ 2016 میں انہوں نے فلم "اکیرا" کے لیے بالی ووڈ میں پلے بیک سنگنگ کی۔ 2024 میں ناہید کو یونیسف انڈیا کا یوتھ ایڈووکیٹ مقرر کیا گیا، جو ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ وہ اداکارہ کرینہ کپور خان کے ساتھ بطور قومی سفیر یونیسف کی نمائندگی کریں گی۔
مولانا نورالامین قاسمی
اس وقت جب اسلام سے متعلق کئی غلط فہمیاں معاشرے میں پائی جاتی ہیں، مولانا نورالامین قاسمی نے اسلامی تعلیمات کو وضاحت سے بیان کر کے ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ اسلامی اصولوں کو بہترین انداز میں پیش کرنے والے عالم دین ہیں۔
ڈاکٹر انورالدین چودھری
آسام حکومت کے کمشنر اور سیکرٹری کے عہدے سے ریٹائر ہونے والے ڈاکٹر انورالدین چودھری کو "برڈ مین آف آسام" کے لقب سے جانا جاتا ہے۔ وہ شمال مشرقی ریاستوں کے پرندوں پر کتابیں لکھنے والے آسام کے پہلے شخص ہیں۔ انہوں نے 28 کتابیں، 50 تحقیقی رپورٹس اور 900 سے زائد مضامین اور سائنسی مقالات تحریر کیے۔ 2003 میں انہوں نے "وائٹ وِنگڈ وُڈ ڈَک" کو ریاست آسام کا سرکاری پرندہ قرار دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔