عابد آزاد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2025
آسام : عابد آزاد کا مشن۔ کوئی بھوکا نہ سوئے
آسام : عابد آزاد کا مشن۔ کوئی بھوکا نہ سوئے

 



رپورٹ: دولت رحمان

بھوکوں کے لیے خوراک ہی خدا ہے۔۔۔ یہ قول مہاتما گاندھی سے منسوب ہے، جس کا مطلب ہے کہ جب کوئی شخص شدید بھوکا ہو، تو اس کے لیے خوراک ہی سب کچھ ہوتی ہے، اور وہی خدا کی عطا معلوم ہوتی ہے۔ آسام کے ایک نوجوان بینکر عابد آزاد ان الفاظ پر دل سے یقین رکھتے ہیں۔آسام میں ہزاروں افراد عابد آزاد سے پیسے لینے کے لیے بینک نہیں جاتے بلکہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور اسپتالوں پر ان سے صحت مند اور مزیدار کھانے حاصل کرنے آتے ہیں تاکہ اپنی بھوک مٹا سکیں۔2020 میں جب کووِڈ-19 کی وبا اور لاک ڈاؤن نے دنیا کو مفلوج کر دیا تھا، عابد آزاد اور ان کی ٹیم نے گوہاٹی شہر کے مختلف علاقوں میں غریبوں، ضرورت مندوں اور مریضوں کو مفت کھانا فراہم کرنا شروع کیا۔ تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شہر گوہاٹی میں جہاں اکثر لوگ غریبوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں، وہیں عابد آزاد ان کے لیے امید اور تبدیلی کی علامت بن کر ابھرے ہیں۔

عابد آزاد نے ’آواز – دی وائس‘ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ مفت کھانے کی تقسیم کا خیال کورونا وبا کے دوران آیا، جب لاک ڈاؤن کی وجہ سے دکانیں اور ہوٹل بند ہو گئے تھے۔ خاص طور پر گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں مریضوں کے تیماردار بنیادی ضروریات، خاص طور پر خوراک کے لیے ترسنے لگے تھے۔

یہ مشن آسان نہیں تھا۔ عابد کے قریبی دوست اس وبا کا شکار ہوئے، کچھ نے اپنی جان بھی گنوائی۔ لیکن حوصلہ نہیں ہارا۔ چند دوستوں نے مل کر یہ عہد کیا کہ وہ بھوک مٹانے کے لیے کچھ کریں گے۔اسی جذبے سے "رین ڈراپس انیشی ایٹو آسام" نامی این جی او کی بنیاد پڑی۔

عابد آزاد بتاتے ہیں کہ ہم نے ابتدا میں کووِڈ متاثرہ خاندانوں کے گھروں تک کھانا پہنچانا شروع کیا۔ بعد میں جب مانگ بڑھی، تو ہم نے جی ایم سی ایچ کیمپس میں سیکڑوں تیمارداروں کو کھانا فراہم کرنا شروع کیا، جو دور دراز علاقوں سے آئے تھے اور مالی طور پر کمزور تھے۔جب وبا کا زور ٹوٹنے لگا، لاک ڈاؤن ختم ہوا اور زندگی معمول پر آنے لگی، تب بھی انہوں نے دیکھا کہ بہت سے خاندان اب بھی مالی مشکلات سے دوچار ہیں، خاص طور پر اسپتال کے اخراجات کے دوران۔اسی لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ روزانہ شام کو جی ایم سی ایچ کے قریب کھانا فراہم کرتے رہیں گے۔

عابد کہتے ہیں کہ رمضان کے مہینے میں ہمیں احساس ہوا کہ جی ایم سی ایچ میں روزہ رکھنے والوں کے لیے سحری کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ ہم نے سحری اور افطار دونوں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ کام ہم تین سال سے مسلسل کر رہے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم کھانا کسی مذہب یا ذات کی تفریق کے بغیر عوامی جگہ پر تقسیم کرتے ہیں — مستفید ہونے والوں میں ہندو، مسلمان، عیسائی اور دیگر سب شامل ہوتے ہیں۔ یہ روحانی طور پر بہت اطمینان بخش تجربہ ہے۔رمضان 2025 کے دوران ایک بھی دن ایسا نہیں گزرا جب عابد آزاد نے سحری اور افطار تقسیم نہ کی ہو۔سب سے بڑی مشکل فنڈز کا انتظام ہے۔ زیادہ تر مدد عوامی چندہ(crowd-funding) سے کی جاتی ہے۔ بہت سے لوگ اپنے خاص دن جیسے سالگرہ یا برسی پر کھانے کے اخراجات اٹھاتے ہیں۔


عابد کہتے ہیں کہ کبھی کبھی جب فنڈز کم پڑ جاتے ہیں، تو ہم اپنی جیب سے خرچ کرتے ہیں۔ بعض اوقات شادی کی تقریبات سے بچے ہوئے کھانے کو اگلے دن بانٹتے ہیں۔ ان سب مشکلات کے باوجود یہ سفر ہمارے لیے بہت بامعنی اور سکون بخش رہا ہے۔عابد کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم میں پیشہ ور افراد، کاروباری حضرات اور ریٹائرڈ افراد شامل ہیں، جو وقت نکال کر اس کارِ خیر میں حصہ لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ آسام بھر سے ہزاروں افراد کسی نہ کسی صورت میں ’’رین ڈراپس انیشی ایٹو" کی مدد کرتے ہیں، چاہے مالی ہو، لاجسٹک ہو یا اخلاقی۔

متیع الرحمٰن، جو جی ایم سی ایچ میں ایک مریض کے تیماردار ہیں، نے بتایاکہ میں مریض کو ضلع موری گاؤں سے لے کر آیا تھا۔ 10 مارچ 2025 کو رات 2:30 بجے رمضان کے مہینے میں یہاں پہنچا۔ نہ کوئی ہوٹل کھلا تھا، نہ اچھا کھانا دستیاب تھا۔ پھر میں نے دیکھا کہ عابد آزاد اور ان کی ٹیم سحری تقسیم کر رہے ہیں۔ سحری کے ساتھ افطار بھی یہاں ملا۔ میں نے رمضان کے 10ویں دن سے سحری و افطار یہاں کیا ہے۔

مونو گوگوئی، جو جی ایم سی ایچ ایمرجنسی وارڈ میں ایک مریض کے ساتھ آئے تھے، نے کہا کہ میں 19 مارچ 2025 کو رات 1 بجے مریض کو لے کر آیا۔ جب مریض کی حالت کچھ سنبھلی، تو میں بھوک سے نڈھال ہو گیا۔ اسپتال کے آس پاس کوئی ہوٹل کھلا نہیں تھا۔ آخرکار ’رین ڈراپس انیشی ایٹو‘ والوں کے پاس جا کر کھانا ملا۔

صرف کھانے کی تقسیم ہی نہیں، رین ڈراپس انیشی ایٹو آسام مختلف سماجی خدمات بھی انجام دے رہا ہے۔
عابد آزاد بتاتے ہیں کہ جی ایم سی ایچ میں کئی مریض مہنگی دوائیں خریدتے ہیں، مگر دورانِ علاج ان کا انتقال ہو جاتا ہے۔ ہم ان کے رشتہ داروں سے رابطہ کرتے ہیں اور ان کی بچی ہوئی دوائیں واپس ڈاکٹروں کے ذریعے دوسرے غریب مریضوں تک پہنچاتے ہیں۔وقت کے ساتھ ساتھ یہ تحریک بڑھی ہے۔ نئی نسل اس مشن سے جڑ رہی ہے، تازہ توانائی اور خیالات کے ساتھ۔اب ہم نے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہےدرخت لگانے کی مہم۔
ہم لوگوں کو اپنے والدین، اساتذہ، بچوں یا دوستوں کے نام پر درخت تحفے میں دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔ اس کا نتیجہ بہت شاندار رہا ، ہم نے کالج، اسکول، یونیورسٹی کیمپسوں میں ہزاروں درخت لگائے ہیں، اور ان کی دیکھ بھال کا بھی بندوبست کیا ہے۔عابد آزاد نہ صرف بھوک مٹانے کا ذریعہ بنے ہیں، بلکہ انسانیت کا روشن چہرہ بھی۔