تبدیلی ساز: راجستھان کے وہ 10 ستارے جنہوں نے سماج کو روشن کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2025
تبدیلی ساز: راجستھان کے وہ 10 ستارے جنہوں نے سماج کو روشن کیا
تبدیلی ساز: راجستھان کے وہ 10 ستارے جنہوں نے سماج کو روشن کیا

 



آواز دی وائس بیورو، جے پور

راجستھان اپنی ریگستانی سرزمین، تاریخی قلعوں اور زندہ دل ثقافت کے لیے جانا جاتا ہے، لیکن اس کی اصل پہچان وہ لوگ ہیں جو خاموشی سے سماج میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔ آواز دی وائس کی مشہور سیریز دی چینج میکرز کے تحت ہم آپ کو راجستھان کی ایسی دس شخصیات سے روشناس کرا رہے ہیں، جنہوں نے اپنے غیر معمولی کاموں سے نہ صرف لوگوں کو متاثر کیا بلکہ اپنی محنت اور لگن سے ملک اور دنیا میں راجستھان کا نام روشن کیا۔ ان کہانیوں میں راجستھان کی مٹی کی خوشبو ہے جو آپ کو بھی متاثر کیے بغیر نہیں رہے گی۔

بتول بیگم: سُروں کی وراث
جے پور کی گلیوں میں گونجنے والا ایک نام ہے بتول بیگم۔ راجستھان کی مٹی میں جنم لینے والی یہ غیر معمولی گلوکارہ ملک کی  کلاسیکی موسیقی کی ایک زندہ وراثت ہیں۔ ناگور ضلع کے کِیراپ گاؤں کے میراثی برادری کے ایک مسلم خاندان سے تعلق رکھنے والی بتول نے سماجی اور معاشی چیلنجوں کے باوجود بچپن ہی سے موسیقی کے لیے گہرا شوق پیدا کر لیا۔ ان کی سریلی آواز اور لگن نے انہیں ایک منفرد فنکار کے طور پر پہچان دلائی اور یہ ثابت کیا کہ صلاحیت کسی رکاوٹ کی محتاج نہیں۔ ان کی فنکارانہ زندگی ان کے برادری اور پورے راجستھان کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔

2. عبدالسلام جوہر: لاکھ کی چوڑیاں اور عالمی پہچان
جے پور کی گلابی فضا اور رنگین گلیوں میں صرف خوشبو ہی نہیں بلکہ اس ہنر کی روح بھی بسی ہے جو اس شہر کی پہچان ہے۔ انہی گلیوں میں لاکھ کی چوڑیاں بنتی ہیں جو ہزاروں ہاتھوں کی محنت کا نتیجہ ہیں۔ اسی فن سے ابھرنے والا ایک نام ہے عبدالسلام جوہر، جنہوں نے نہ صرف اس فن کو عالمی سطح تک پہنچایا بلکہ سماجی اصلاح میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
منیہار برادری سے تعلق رکھنے والے جوہر نے اپنے دادا حافظ محمد اسماعیل اور والدین کی جدوجہد سے محنت اور سماجی خدمت کا سبق سیکھا۔ جے پور کے تریپولیہ بازار سے شروع ہونے والا ان کا کاروبار آج ’جوہر ڈیزائن‘، ’جوہر کِنگ‘ اور ’انڈین کرافٹس‘ جیسے عالمی برانڈز تک جا پہنچا ہے۔ وہ ایک کامیاب صنعت کار ہونے کے ساتھ ساتھ برادری کی ترقی کے علمبردار بھی ہیں۔

3. عبد اللطیف ’آرکو‘: تجارت اور سماجی خدمت کا سنگم
جے پور کے رہائشی عبد اللطیف، جنہیں پورے راجستھان میں ’آرکو‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، 1946 میں چومو کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ محنت اور دیانت ان کی زندگی کا اصول رہا۔
ان کی کمپنی عبد الرزاق اینڈ کمپنی (آرکو) بجلی کے آلات میں ایک معروف نام ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کا ہوٹل آرکو پیلس بھی ان کی محنت اور وژن کی علامت ہے۔ ان کی زندگی اس بات کی مثال ہے کہ تجارت اور سماجی خدمت کو ملا کر سماج میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

4. خاتون قاضی نشاط حسین: رُوایت شکن صدا
جے پور کے جوہری بازار کی تنگ گلیوں میں ایک چھوٹے دفتر سے اُٹھنے والی آواز آج پورے سماج کو بدلنے کی تحریک دے رہی ہے۔ یہ آواز ہے نشاط حسین کی—راجستھان کی پہلی مسلم خاتون قاضی، سماجی کارکن اور مسلم خواتین کے حقوق کی علمبردار۔
کرولی ضلع میں پیدا ہونے والی نشاط اپنے علاقے کی پہلی مسلم لڑکی تھیں جنہوں نے دسویں جماعت پاس کی۔ آج وہ ہزاروں خواتین کے لیے رہنمائی اور حوصلے کا چراغ ہیں۔

5. کیپٹن مرزا محتشم بیگ اور روبی خان: سماجی خدمت کی متاثر کن جوڑی
کیپٹن مرزا، راجستھان کے پہلے مسلم پائلٹ ہیں اور گزشتہ 25 سال سے قومی و بین الاقوامی پروازیں چلا رہے ہیں۔ ان کی شریکِ حیات روبی خان ایک سرگرم سماجی کارکن اور سیاستدان ہیں۔دونوں نے مل کر میڈیکل کیمپ، مفت راشن تقسیم، اور لڑکیوں کی شادی میں مدد جیسے کئی سماجی منصوبے شروع کیے ہیں۔ یہ جوڑی اس بات کی مثال ہے کہ مل کر کام کرنے سے بڑا سماجی بدلاؤ لایا جا سکتا ہے۔

6. ڈاکٹر عارف خان: گاؤں کا سائنس داں جس نے تاریخ رقم کی

ہنومان گڑھ ضلع کے گاؤں مسانی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عارف خان نے اپنی محنت سے حیاتیاتی سائنس کے میدان میں نمایاں مقام بنایا۔ دودھ اور غذائی اشیاء پر ان کی تحقیق نے اہم تبدیلیاں لائیں اور وہ اپنے گاؤں اور ملک دونوں کے لیے فخر کا باعث بنے۔

7. میمنہ نرگس: آرٹ کنزرویٹر کے میدان میں پہلی شیعہ مسلم خاتون
میمنہ نرگس بھارت کی پہلی شیعہ مسلم خاتون ہیں جنہوں نے آرٹ کنزرویٹر کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فائن آرٹس کی تعلیم اور میوزیالوجی میں ڈپلوما کے بعد انہوں نے تاریخ اور ورثے کو محفوظ کرنے میں اپنی زندگی وقف کر دی۔ آج راجستھان ان کا دوسرا گھر ہے۔

8. یوگا گرو نعیم خان: موسیقی سے یوگا تک کا عالمی سفر
جودھپور میں پیدا ہونے والے نعیم خان کا تعلق ایک موسیقی سے بھرپور خاندان سے تھا۔ لیکن بعد میں انہوں نے یوگا کو اپنایا اور اسے ایک عالمی پلیٹ فارم تک پہنچایا۔ ان کی زندگی اس بات کی علامت ہے کہ یوگا مذہب، ثقافت اور سرحدوں سے بالاتر ایک آفاقی توانائی ہے۔

9. پدم شری شاکر علی: منی ایچر پینٹنگ کے محافظ
پدم شری ایوارڈ یافتہ سید شاکر علی نہ صرف ایک ماہر مصور ہیں بلکہ راجستھان کی ثقافتی شناخت لو تصویری فن کے محافظ بھی ہیں۔ انہوں نے اس فن کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا اور نئی نسل کو اس ورثے سے جوڑنے کا بیڑا اٹھایا۔

10. سید انور شاہ: تعلیم کی مشعل، ہزاروں بیٹیوں کے لیے
تیس سال پہلے جے پور کے ایک چھوٹے کمرے میں سید انور شاہ نے ایک خواب دیکھا—بیٹیوں کی تعلیم کا خواب۔ اسی خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انہوں نے الجامعۃ العالیہ قائم کیا، جو آج نہ صرف بھارت بلکہ بیرون ملک بھی علم اور اخلاق کا پیغام پہنچا رہا ہے۔ ان کی محنت نے ہزاروں خاندانوں کو نئی راہیں دکھائی ہیں۔