Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 15-11-2025
دہلی کی وراثت کی محافظ ایک معلمہ: ڈاکٹر آمنہ مرزا
ودوشی گور۔نئی دہلی
دہلی کے دل میں، جہاں تاریخ اور جدیدیت ایک دوسرے سے گلے ملتی ہیں، وہاں ایک ایسی شخصیت اُبھرتی ہے جو صرف علم نہیں بانٹتی بلکہ ذہنوں کو نئی سمت عطا کرتی ہے۔ یہ شخصیت ہے ڈاکٹر آمنہ مرزا ایک ممتاز ماہرِ سیاسیات، دانشور، سماجی کارکن، اور دہلی کی ثقافتی روح سے جڑی ہوئی ایک ایسی استاد، جو تعلیم کو کتابوں کے دائرے سے نکال کر زندگی کے تجربات میں ڈھال دیتی ہیں۔
پیشہ کے لحاظ سے وہ سیاسیات کی پروفیسر ہیں، مگر ان کی فطرت میں تبدیلی کا جذبہ رچا بسا ہے۔ ڈاکٹر مرزا نہ صرف ایک ماہرِ تعلیم بلکہ ایک رہنما، سماجی خدمت گزار، ثقافتی ورثے کی محافظ، اور سب سے بڑھ کر ایک فخر سے کہی جانے والی دہلی کی بیٹی ہیں، جو اس یقین پر قائم ہیں کہ قوم کی اصل روح اس کے عوام اور اس کی رنگارنگ تہذیب میں بسی ہوتی ہے۔
ڈاکٹر آمنہ مرزا کی تدریس محض نصابی حدود تک محدود نہیں۔ ان کے لیکچرز میں اُردو شاعری، ہندوستانی تاریخ، اور موجودہ معاشرتی حقیقتوں کا حسین امتزاج جھلکتا ہے۔ وہ دہلی یونیورسٹی میں پڑھاتی ہیں، ایک ایسا ادارہ جو ان کے نزدیک محض تعلیم کا مرکز نہیں بلکہ جمہوری مکالمے کی روح ہے۔ ان کی کلاسیں ان کے نظریات کی طرح جامع اور سب کو شامل کرنے والی ہیں۔ ان کے نزدیک "تعلیم صرف ڈگری نہیں، وقار ہے۔" وہ خاص طور پر اُن طلبہ کی رہنمائی پر فخر محسوس کرتی ہیں جو پہلی نسل کے تعلیم یافتہ ہیں۔ وہ اکثر اپنے طلبہ سے کہتی ہیں کہ دو طرح سے پہچان بنتی ہے چپل گھسنے سے یا تلوے چاٹنے سے۔ یعنی کامیابی کی راہ صرف محنت سے گزرتا ہے، خوشامد سے نہیں۔
ڈاکٹر مرزا کے لیکچرز میں کبھی غالب کی نرمی ہوتی ہے تو کبھی کبیر کی سادگی۔ وہ ایسے گھرانے میں پلی بڑھیں جہاں ادب، علم، اور سیکولر اقدار کا غلبہ تھا۔ ان کے نزدیک زبان اور ثقافت ہی امن و ہم آہنگی کے سب سے مؤثر وسیلے ہیں۔ ان کی تحقیق اور تحریریں اکثر "گنگا-جمنا تہذیب" پر مرکوز رہتی ہیں وہ تہذیب جو دہلی، لکھنؤ اور شمالی ہندوستان میں صدیوں سے ہندو مسلم اتحاد کی علامت رہی ہے۔
ڈاکٹر مرزا کہتی ہیں کہ دہلی میں آپ کو صوفی درگاہ کے پہلو میں مندر مل جائے گا۔ یہ صرف جغرافیہ نہیں، یہ مشترکہ تاریخ ہے۔ وہ پرانے دہلی میں مشاعروں، بین المذاہب مکالموں، اور ثقافتی واکس کے ذریعے اس ہم آہنگ تہذیب کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اکیڈمک دنیا سے باہر بھی وہ معاشرتی فلاح کے کاموں میں سرگرم ہیں۔ ان کا یقین ہے کہ کوئی طوفان ہمیشہ نہیں رہتا "بس چلتے رہو، اور تبدیلی کی سمت دیکھتے رہو۔" یہ ان کا فلسفہ ہے جو ان کی تعلیم اور خدمت دونوں میں جھلکتا ہے۔
کووِڈ-19 لاک ڈاؤن کے دوران جب دنیا رک گئی تھی، ڈاکٹر مرزا نے رضاکاروں کے گروپ تشکیل دیے جو خوراک، طبی امداد، اور آن لائن تعلیم کی سہولتیں مہیا کرتے تھے۔ ان کا منصوبہ " بوکس فار آل" ۔ دہلی کے غریب محلوں میں چھوٹی لائبریریاں قائم کرنے کا ایک خاموش مگر انقلابی قدم ہے۔ وہ خواتین کے حقوق، تعلیم، اور اقلیتوں سے متعلق مباحثوں میں بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دانشور کا کردار صرف بولنا نہیں بلکہ معاشرے کا اخلاقی رہنما بننا ہے۔
ان کی پسندیدہ نظم سوہن لال دویدی کی ہے
لہروں سے ڈر کر ناؤ پار نہیں ہوتی،
کوشش کرنے والوں کی کبھی ہار نہیں ہوتی۔
یہ اشعار ان کی زندگی کا عکس ہیں جہاں ہر چیلنج ایک نئے عزم کی پکار ہے۔ اگرچہ ڈاکٹر آمنہ مرزا نے دنیا کے کئی ممالک کا سفر کیا، مگر ان کا دل ہمیشہ دہلی میں بسا ہے۔ وہ دہلی کو ہندوستانی تہذیب کا زندہ ذخیرہ" کہتی ہیں۔ ان کی روزمرہ زندگی لودھی گارڈن کی سیر، دِلی ہاٹ کے مقامی کاریگروں کی حوصلہ افزائی، یا محلے کی تعلیمی مہمات سب اسی محبت کی جھلک ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ دہلی نے مجھے یہ سکھایا کہ تاریخ کے قدموں کی آہٹ سنو، مگر مستقبل کی طرف بڑھو۔ڈاکٹر آمنہ مرزا کی زندگی اس بات کی روشن مثال ہے کہ ایک استاد کا کردار صرف کلاس روم یا کتاب تک محدود نہیں ہوتا ۔ وہ گلیوں، بستیوں، اور دلوں تک پھیلتا ہے۔