افروز شاہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2025
افروز شاہ: دنیا میں ساحل سمندر کی سب سے بڑی صفائی مہم کا ہیرو
افروز شاہ: دنیا میں ساحل سمندر کی سب سے بڑی صفائی مہم کا ہیرو

 



بھکتی چالک

افروز شاہ آج دنیا بھر میں عوامی سطح پر ہونے والی ماحولیاتی مہمات کا  ایک اہم کردار بن چکے ہیں۔ 2015 میں جب انہوں نے ممبئی کے ورسوا بیچ پر صفائی کی مہم شروع کی تو کسی کو اندازہ نہ تھا کہ یہ تاریخ کی سب سے بڑی ساحلی صفائی مہم بن جائے گی۔ یہ صرف ایک ماحولیاتی اقدام نہیں تھا بلکہ محبت، غصے اور ذمے داری سے جنم لینے والا انقلاب تھا جس نے نہ صرف ورسوا بیچ بلکہ دنیا بھر میں کمیونٹی ایکشن کے تصور کو بدل کر رکھ دیا۔

بچپن کی یادیں، آلودگی کا صدمہ

ملک کی مغربی ساحل پر پرورش پانے والے افروز کو یاد ہے جب تالاب شفاف، مینگرووز سرسبز اور ساحل صاف ہوا کرتے تھے۔ مگر جوانی تک پہنچتے پہنچتے یہ منظر دھندلا چکا تھا۔ ورسوا بیچ، جو ان کا بچپن کا ٹھکانہ تھا، اب پلاسٹک کے کچرے کے ڈھیر میں بدل چکا تھا۔ افروز نے بتایا کہ پلاسٹک میرے گھر تک پہنچ چکا تھا۔یہی لمحہ تھا جب انہوں نے فیصلہ کیا کہ کچھ کرنا ہوگا،وہ بھی اور فوری طور پر۔

آغاز ایک ہمسائے کے ساتھ

اکتوبر 2015 میں، 42 سالہ افروز شاہ نے جب ورسوا بیچ کے سامنے ایک فلیٹ میں رہائش اختیار کی تو کچرے کا منظر ناقابلِ برداشت تھا۔ وہ حکومت کا انتظار نہیں کرنا چاہتے تھے۔ دستانے پہنے، حوصلہ جمع کیا،اپنے 83 سالہ پڑوسی ہربنش متھّر کے ساتھ صفائی شروع کر دی۔وہ کہتے ہیں کہ یہ میری دنیا ہے، میری زمین ہے، میرا سمندر، اور مجھے ہی اسے صاف کرنا ہے،۔مہینوں تک یہ جدوجہد صرف دو افراد کی تھی۔ لیکن پھر ان کی لگن نے لوگوں کی توجہ کھینچ لی۔ آہستہ آہستہ طالبعلم، ماہی گیر، پیشہ ور افراد اور جھگیوں میں رہنے والے شہری اس مہم کا حصہ بننے لگے۔

صفائی سے انقلاب تک

افروز پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں، اس لیے انہیں قوانین اور نظام کی پیچیدگیاں بخوبی سمجھ ہیں۔ ان کی قیادت میں یہ مہم صرف صفائی تک محدود نہ رہی بلکہ عوام میں شعور بیدار کرنے، تربیت دینے اور اجتماعی عمل کی طاقت اجاگر کرنے کا ذریعہ بن گئی۔صرف 85 ہفتوں میں 50 لاکھ کلوگرام سے زیادہ کچرا بیچ سے ہٹا دیا گیا۔ تصاویر نے دنیا کو حیران کر دیا، اور 2016 میں اقوام متحدہ نے اس مہم کو "دنیا کی سب سے بڑی بیچ کلین اپ" قرار دیا۔اسی سال اقوام متحدہ نے افروز شاہ کو اپنا سب سے بڑا ماحولیاتی اعزاز "چیمپئنز آف دی ارتھ" دیا،یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی بنے۔

ستائش، مگر مقصد برقرار

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے "من کی بات" میں ان کی تعریف کی، اور اداکاروں، سیاستدانوں، برانڈز (جیسا کہ Adidas اور Dow) نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔ افروز کو CNN-News18 انڈین آف دی ایئر، CNN ہیرو، GQ ایکو واریر جیسے کئی اعزازات ملے۔
مگر وہ ہمیشہ کہتے ہیں۔۔یہ صرف بیچ صاف کرنے کی بات نہیں، یہ سمندر کے پیٹ میں جانے والے پلاسٹک کو روکنے کی جدوجہد ہے۔"

افروز شاہ فاؤنڈیشن: ایک نیا ماڈل

سال2023 میں انہوں نے ’افروز شاہ فاؤنڈیشن‘ کی بنیاد رکھی تاکہ صفائی سے آگے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی اصلاح کا تین نکاتی ماڈل اپنایا جائے

پری-لٹر (Pre-Litter): صارفین کو اضافی پیکنگ سے بچنے کی ترغیب

لٹر (Litter): کمیونٹی سطح پر الگ تھلگ کرکے ری سائیکلنگ کا نظام

پوسٹ-لٹر (Post-Litter): ساحل، مینگرووز اور سمندر کی مستقل صفائی

یہ فاؤنڈیشن اب ممبئی میں 4 لاکھ سے زائد لوگوں کو شامل کر چکی ہے، 25 دیہاتوں میں مہم چلا رہی ہے، اور 200 مزید دیہاتوں کو شامل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔ 200 سے زیادہ اسکولوں اور کالجوں میں نوجوانوں کو پلاسٹک کے استعمال پر شعور دیا جا رہا ہے۔

قانون، عمل اور تبدیلی

بطور وکیل افروز شاہ ہندوستان میں پلاسٹک پر پابندی اور EPR (Extended Producer Responsibility) کی ناکامیوں پر کھل کر بات کرتے ہیں۔
"قوانین زمینی حقائق سے کٹے ہوئے ہیں۔ مائیکرو لیول کی تفصیلات پر کام کرو اور قابلِ عمل قانون بناؤ،" وہ تجویز دیتے ہیں۔افروز چاہتے ہیں کہ ماحولیات کو آئین کی "مشترکہ فہرست (Concurrent List)" میں شامل کیا جائے تاکہ مرکز اور ریاستیں واضح طور پر قانون سازی کر سکیں۔

سفارتی تقریبات نہیں، ٹھوس کام

افروز عالمی پلاسٹک معاہدوں کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتے ہیں ۔یہ معاہدے سفارتی دعووں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، ڈیٹا سے کم، وہ کہتے ہیں کہ ان کی تجویز ہے کہ ایک سالہ مستقل کمیٹیاں بنا کر سنجیدہ قانونی عمل تیار کیا جائے، جیسا کہ ہندوستان کے آئین کے وقت ہوا تھا۔

حکومت نہیں، ہم گندگی پھیلا رہے ہیں

افروز کا پیغام واضح ہےکہ ہم ہمیشہ حکومت کو الزام دیتے ہیں، لیکن گندگی حکومت نہیں پھیلا رہی—ہم خود ہیں۔وہ نمائشی ماحولیاتی مہمات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں,"کچھ لوگ بس کیمرے کے سامنے قلم کاغذ لے کر بیٹھے رہتے ہیں، دس سال بعد بھی مسئلہ وہی کا وہی ہوتا ہے۔

ایک امید، ایک عمل، ایک سبق

افروز شاہ کا سفر ثابت کرتا ہے کہ تبدیلی کے لیے نہ تو سیاسی طاقت ضروری ہے اور نہ ہی بھاری فنڈنگ۔ بس دل، عادت اور ریت پر ہاتھوں کا نشان درکار ہے