امریکی ٹیرف کا الٹا وار، امریکی میڈیسن صنعت پر ضرب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2025
امریکی ٹیرف کا الٹا وار، امریکی میڈیسن  صنعت  پر ضرب
امریکی ٹیرف کا الٹا وار، امریکی میڈیسن صنعت پر ضرب

 



راجیو نرائن

بمشکل چند ہفتے بعد ہی جب واشنگٹن نے ہندوستانی درآمدات پر 25 فی صد محصول عائد کیا،اور اسے نئی دہلی کی روسی خام تیل کی خریداری پر بطور سزا 50 فی صد تک دگنا کر دیا ، تو اس کا الٹا اثر ہندوستان پر نہیں بلکہ امریکہ کی فارمیسیوں میں محسوس ہونے لگا۔ پہیہ گھوم چکا ہے، اور اس کی تیز دھار امریکی مریضوں کو کاٹ رہی ہے۔ شیلف خالی ہو رہے ہیں، قلت بڑھ رہی ہے اور جو دوائیاں دستیاب ہیں وہ بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ یہ ستم ظریفی جتنی نمایاں ہے اتنی ہی ظالمانہ بھی ہے؛ ہندوستان کو دبانے کی کوشش میں امریکہ نے اپنے ہی ہیلتھ کیئر نظام کو جکڑ دیا ہے۔

سادہ حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان امریکی دواؤں کی سپلائی چین میں محض ایک عام برآمد کنندہ نہیں ہے۔ یہ کم قیمت ادویات کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کیونکہ امریکہ میں استعمال ہونے والی ایک تہائی جنیرک دوائیں ہندوستان میں تیار ہوتی ہیں۔ امریکی فارمیسیوں میں بھری جانے والی کل نسخوں میں تقریباً 90 فی صد جنیرکس ہوتے ہیں، جو ہندوستان کو امریکی صحت کے لیے ناگزیر بناتا ہے۔ ہندوستانی لیبارٹریوں اور کارخانوں کی کم لاگت ادویات کے بغیر امریکی مریض یا تو قلت کا شکار ہیں یا بھاری بلوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن(FDA) کے اپنے اعداد و شمار اس انحصار کی نزاکت کو واضح کرتے ہیں۔ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں، FDA نے 323 ادویات کو فعال قلت میں درج کیا۔ ان میں 70 فی صد سے زیادہ جنیرکس تھیں، جن میں اینٹی بایوٹکس، کینسر کی دوائیں اور اہم ادویات شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کو متبادل تلاش کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ اب محصولات نے اس پہلے سے ناتواں نظام کو توڑنے کے قریب پہنچا دیا ہے۔

ہندوستانی اور امریکی ردعمل

ہندوستان کے دواسازی کے شعبے نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے محصولات کے اعلان کے بعد سے ایسے منظرنامے کی پیش گوئی کی تھی۔ فارما ایکسل(Pharmexcil) کے چیئرمین نامت جوشی نے کہا کہ امریکی مارکیٹ ہندوستانی اور چینی سپلائی پر منحصر ہے۔ ہندوستان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ ہم اب یورپ اور دیگر منڈیوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ ہم سخت سے سخت حالات میں زندہ رہ سکتے ہیں اور واپس ابھریں گے۔

ڈاکٹر جی وی پرساد، ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز کے مینیجنگ ڈائریکٹر، نے بھی خبردار کیا کہ ہندوستان کو نئی منڈیاں اور مواقع مل جائیں گے۔ قیمت امریکی صارفین کو ہی ادا کرنی پڑے گی۔ اصل کاروباری حقیقت یہ ہے کہ دواسازی کی پیداوار امریکہ منتقل کرنا نہ تو عملی ہے اور نہ ہی لاگت کے لحاظ سے موزوں۔ دہائیوں سے امریکی ہیلتھ کیئر ہندوستانی پیمانے، استعداد اور کم لاگت پر انحصار کرتا آیا ہے۔ اسے راتوں رات دہرانا ممکن نہیں، چاہے محصولات لگائے جائیں یا نہ لگائے جائیں۔

امریکی طبی ماہرین بھی سخت تنقید کر رہے ہیں۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی ڈاکٹر ماریانا سوکل نے کہاکہ محصولات کا مطلب ہے زیادہ مہنگی دوائیں اور قلت، خاص طور پر جنیرکس میں۔آئی این جی کے ہیلتھ کیئر سربراہ اسٹیفن فیرلی نے تو اعداد بھی دیے،کینسر کی دواؤں کا 24 ہفتوں کا کورس امریکی مریضوں کو نئے محصولات کے تحت 8,000-10,000 ڈالر (7.5 سے 8 لاکھ روپے) زیادہ مہنگا پڑے گا۔مارک کیوبن، کوسٹ پلس ڈرگز کے شریک بانی، جو آن لائن دوائیں بیچتے ہیں، نے کہاکہ ان نئے محصولات کے بعد قیمتوں کو برداشت کرنے کی کوئی گنجائش نہیں بچی اور ہر ڈالر براہِ راست مریض پر پڑے گا۔

اعداد و شمار جھوٹ نہیں بولتے

امریکہ کے جنیرکس پر انحصار کی وسعت بہت زیادہ ہے۔ صرف پچھلے سال ہندوستان نے 7 ارب ڈالر (60,000 کروڑ روپے سے زائد) کی دوائیں امریکہ کو برآمد کیں، جو سستی دواؤں کے ذخیرے کا بڑا حصہ تھیں۔ اب محصولات کی وجہ سے برآمدات کم ہو رہی ہیں اور مریض متاثر ہو رہے ہیں۔فارما ایکسل کے نامت جوشی بتاتے ہیں کہ امریکہ کو ہندوستان کے پیمانے کا جزوی متبادل بنانے میں بھی کم از کم تین سال لگیں گے۔ یہ خلا قلیل مدت میں پر نہیں کیا جا سکتا۔ اس دوران ہر سپلائی میں رکاوٹ،چاہے وہ کینسر، اینٹی بایوٹکس یا عام درد کی دوا ہو،امریکی خاندانوں پر براہِ راست اثر ڈالے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ کی حکمتِ عملی زیادہ تر سیاسی تماشے پر مبنی لگتی ہے نہ کہ عوامی صحت کے منطق پر۔ ہندوستانی دواؤں پر محصولات عائد کر کے واشنگٹن اپنی تجارتی سختی دکھانا چاہتا ہے۔ لیکن یہ حساب کتاب سختی سے غلط ہے، کیونکہ ان محصولات سے ہندوستانی فارما انڈسٹری کو زیادہ نقصان نہیں ہو رہا، جو اب یورپ، افریقہ اور مشرق وسطیٰ کی طرف متوجہ ہو رہی ہے۔ اس کے برعکس، یہ اقدامات امریکی دوائیوں کی سستی تک رسائی پر براہِ راست وار ہیں۔انڈین فارماسیوٹیکل الائنس کے سیکرٹری جنرل سدھارتھ جین کہتے ہیں،ہندوستانی دوائیں شروع میں سخت ترین محصولاتی زمرے سے بچی رہیں کیونکہ وہ امریکہ میں سستی ہیلتھ کیئر کے لیے اہم تھیں۔” انہیں بڑھا کر امریکہ نے مریضوں کی حفاظت اور بجٹ کے ساتھ جوا کھیلا ہے۔

ایک جاری بحران

ادویات کی قلت کوئی نظریاتی بات نہیں ہے۔ یہ ملک بھر کی امریکی فارمیسیوں میں دیکھی جا رہی ہے۔ آنکولوجی مریضوں کو متبادل طریقۂ علاج پر منتقل کیا جا رہا ہے کیونکہ اہم کیموتھراپی دوائیں دستیاب نہیں۔ بچوں کے ہسپتالوں میں اینٹی بایوٹکس اور انجیکشن محدود کر کے دیے جا رہے ہیں۔ یہ محض تکالیف نہیں، بلکہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔ محصولات، جو پہلے سے موجود قلت پر مزید بوجھ ڈالتے ہیں، بحران کو بڑھا رہے ہیں۔ ہسپتال کم سپلائی کے لیے زیادہ ادائیگی پر مجبور ہیں۔ فارمیسیاں یا تو یہ قیمتیں مریضوں پر ڈال رہی ہیں یا شیلف خالی چھوڑ رہی ہیں۔ انشورنس کچھ حد تک فرق پورا کر رہی ہے، لیکن سب نہیں۔ اس سے سب سے زیادہ نقصان بغیر انشورنس یا کم انشورنس والے مریضوں کو پہنچ رہا ہے۔

اس تجارتی تصادم کے پیچھے جغرافیائی سیاست ہے۔ ہندوستان پر 25 فی صد سزا کے طور پر عائد محصول نے امریکی مریضوں کو ڈونالڈ ٹرمپ کے عالمی توانائی تجارت پر سیاسی بیان کی قیمت ادا کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ہندوستان کی فارما برآمدات کو تیل کے معاملے پر سزا دینا نہ صرف بے جا ہے بلکہ نقصان دہ بھی ہے۔ یہ ایک شراکت دار ملک کو بدظن کرتا ہے اور امریکہ کے اندرونی بحران کو بھی گہرا کرتا ہے۔

اپنی طرف سے ہندوستان پہلے ہی دواسازی کے کاروبار کو نئے سرے سے ترتیب دے رہا ہے۔ برآمد کنندگان نے خلیج، افریقہ اور لاطینی امریکہ کو سپلائی بڑھا دی ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے امریکی منڈی کا نقصان تکلیف دہ ہے لیکن جان لیوا نہیں۔ اصل نقصان امریکی صارف کو ہے، جو سپلائی کے ذرائع اتنی آسانی سے تبدیل نہیں کر سکتا۔

مریض ہی قیمت چکاتا ہے

جب تجارتی جنگیں صحت کے شعبے میں داخل ہوتی ہیں تو مریض کو ہی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ اس معاملے میں یہ قیمت صرف ڈالرز میں نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے،کینسر کے مریضوں کا علاج میں تاخیر کرنا، ذیابیطس کے مریضوں کا دوائیوں کو محدود کر کے استعمال کرنا، ہسپتالوں کا بغیر انشورنس مریضوں کو واپس بھیج دینا۔ یہ وہ متوقع نتائج ہیں جو اس محصولاتی پالیسی سے جنم لیتے ہیں جو دوا کو ہتھیار بنا دیتی ہے۔ امریکی حکام اس دلیل کے پیچھے چھپ سکتے ہیں کہ وہ گھریلو صنعت کا تحفظ کر رہے ہیں، لیکن حقیقت سخت ہے،امریکہ کے پاس کوئی گھریلو فارما انڈسٹری تیار نہیں ہے جو فوری طور پر قدم بڑھا سکے۔ ایسی صنعت کی تعمیر میں سالوں، اربوں ڈالرز اور بڑے پیمانے پر ضابطہ جاتی نرمی درکار ہوگی۔ تب تک محصولات صرف بیماری اور بدحالی کو بڑھائیں گے۔

پیغام دونوں طرف یکساں ہے۔چاہے وہ حیدرآباد کے پرساد ہوں یا بالٹی مور کی سوکل، دہلی کے جوشی ہوں یا لندن کے فیرلی،سب کی وارننگ ایک ہے… امریکی محصولات زیادہ قیمتوں، شدید قلت اور غیر ضروری تکالیف کا نسخہ ہیں۔ امریکہ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا وہ تجارتی سیاست کے تماشے کو اپنے شہریوں کی صحت پر ترجیح دیتا ہے۔ ثبوت تو پہلے ہی ملک بھر کی فارمیسیوں میں واضح ہیں،خالی شیلف، بڑھے ہوئے بل اور پریشان مریض اس حقیقت کی گواہی دے رہے ہیں کہ صحت کو جغرافیائی سیاست کا مہرہ بنانے کی حماقت مہنگی پڑ رہی ہے۔

مصنف ایک سینئر صحافی اور کمیونیکیشن اسپیشلسٹ ہیں۔