ٹرمپ کا ہندوستان پر ٹیکس حملہ،اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-07-2025
ٹرمپ کا ہندوستان  پر ٹیکس حملہ،اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ
ٹرمپ کا ہندوستان پر ٹیکس حملہ،اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
امریکہ کی جانب سے یہ اعلان کیے جانے کے بعد کہ وہ 1 اگست سے ہندوستان سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف اور جرمانہ عائد کرے گا، آج صبح (31 جولائی 2025) ہندوستانی شیئر بازار جمعرات کو گراوٹ کے ساتھ کھلا۔ دونوں اہم انڈیکس بی ایس ای سینسیکس اور این ایس ای نفٹی 50 سرخ نشان پر کاروبار کرتے نظر آئے۔
صبح 9:17 بجے تک نفٹی 50 میں 0.66 فیصد کی گراوٹ آئی اور یہ 24,699.1 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جبکہ بی ایس ای سینسیکس 0.71 فیصد گرتے ہوئے 80,888.01 پوائنٹس پر آ گیا۔ بازار کھلتے ہی تمام 16 بڑے سیکٹرز کو نقصان ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ اسمال-کیپ اور مڈ-کیپ انڈیکس میں بھی تقریباً 1.25 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔
۔25 فیصد کا یہ ٹیرف دیگر بڑے تجارتی شراکت داروں کے مقابلے میں ہندوستان کو زیادہ سنگین طور پر متاثر کرے گا، اور دونوں ملکوں کے درمیان کئی مہینوں سے جاری مذاکرات کے بگڑنے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔ ٹیرف کے اعلان کے بعد صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اب بھی ہندوستان کے ساتھ تجارت پر بات چیت کر رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ٹیکسٹائل، دواسازی اور آٹوموٹیو پرزہ جات جیسے شعبے — جو امریکہ میں اہم ہندوستانی برآمدات میں شامل ہیں ۔ ان بھاری ٹیرف سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔