نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی شیئر بازار میں آج کا آغاز ملا جلا رہا۔ دونوں اہم انڈیکس، بی ایس ای سینسیکس اور این ایس ای نفٹی، ابتدائی کاروبار میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ تقریباً سپاٹ نظر آئے۔ بازار کے ریگولیٹری ادارے کی جانب سے ’جین اسٹریٹ‘ کو ہندوستانی ایکویٹی بازاروں سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد جمعے کے کاروباری سیشن کی شروعات قدرے سست رہی۔
بی ایس ای سینسیکس 67.34 پوائنٹس کی بڑھت کے ساتھ 83,306.81 پر جبکہ این ایس ای نفٹی 23.55 پوائنٹس بڑھ کر 25,428.85 پر پہنچا۔ تاہم، بعد میں دونوں انڈیکس میں اتار چڑھاؤ جاری رہا اور وہ تقریباً سپاٹ کاروبار کرنے لگے۔ سینسیکس 13.55 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 83,221.65 پر بند ہوا، جبکہ نفٹی 4.15 پوائنٹس گر کر 25,400.40 پر آ گیا۔
مجموعی مارکیٹ کا حال
بینک نفٹی میں 70 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 56,861 پر پہنچ گیا۔ البتہ اسمال کیپ اور مڈ کیپ انڈیکسز میں محتاط کاروبار دیکھنے کو ملا۔ نفٹی مڈ کیپ 100 انڈیکس 34 پوائنٹس یا 0.06 فیصد کی کمی کے ساتھ 59,649 پر کھلا۔
ابتدائی کاروبار میں سرِفہرست شیئرز
سینسیکس میں ابتدائی کاروبار کے دوران بجاج فنانس، بجاج فِن سرو، ویپرو، شری رام فنانس جیسے شیئرز سرِ فہرست رہے۔ دوسری طرف، سینسیکس میں شامل کمزور کارکردگی دکھانے والے شیئرز میں ٹرینٹ، ٹاٹا اسٹیل، ایس بی آئی لائف انشورنس، آئشر موٹرز اور ماروتی سوزوکی شامل رہے۔
۔30 بڑی کمپنیوں کی کارکردگی
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں بجاج فنانس، بجاج فن سرو، بھارت الیکٹرانکس، ہندوستان یونی لیور، ایچ ڈی ایف سی بینک اور کوٹک مہندرا بینک کے شیئرز منافع میں رہے، جبکہ ٹرینٹ، ٹاٹا اسٹیل، ٹیک مہندرا اور ماروتی کے شیئرز میں کمی دیکھی گئی۔
ایشیا اور عالمی بازاروں کا حال
ایشیائی بازاروں میں جاپان کا نِکّی 225 اور چین کا شنگھائی ایس ایس ای کمپوزٹ فائدے میں رہے، جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ نقصان میں رہے۔ امریکہ کے بازار 3 جولائی 2025 کو مثبت انداز میں بند ہوئے تھے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت
عالمی معیار کے برینٹ کروڈ میں 0.42 فیصد کی کمی درج کی گئی اور اس کی قیمت 68.51 ڈالر فی بیرل رہی۔
سرمایہ کاروں کا رجحان
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار (ایف آئی آئی) جمعرات کو فروخت کنندہ بنے رہے اور انہوں نے خالص طور پر 1,481.19 کروڑ روپے کے شیئرز فروخت کیے۔ دوسری جانب، ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ڈی آئی آئی) نے 1,333.06 کروڑ روپے کے شیئرز کی خریداری کی۔