ممبئی / آواز دی وائس
شیئر بازار میں جمعرات کو لگاتار چھٹے کاروباری سیشن میں تیزی برقرار رہی اور بی ایس ای سینسیکس 143 پوائنٹس بڑھ کر 82,000 پوائنٹس کی سطح کو پار کر گیا۔ خاص طور پر آئی سی آئی سی آئی بینک، ریلائنس انڈسٹریز جیسی بڑی کمپنیوں کے شیئرز میں خریداری سے بازار میں اچھال دیکھنے کو ملا۔
محدود کاروبار میں 30 شیئرز پر مبنی بی ایس ای سینسیکس 142.87 پوائنٹس یعنی 0.17 فیصد بڑھ کر 82,000.71 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 373.33 پوائنٹس تک چڑھ گیا تھا۔ سینسیکس کے 14 شیئرز فائدے میں بند ہوئے، جبکہ 16 میں گراوٹ رہی۔
پچاس شیئرز والا این ایس ای نفٹی 33.20 پوائنٹس یعنی 0.13 فیصد بڑھ کر 25,083.75 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں بجاج فن سرو، آئی سی آئی سی آئی بینک، ریلائنس انڈسٹریز، بجاج فنانس، لارسن اینڈ ٹوبرو اور ہندوستان الیکٹرانکس نمایاں طور پر فائدے میں رہیں۔
دوسری طرف، نقصان میں رہنے والے شیئرز میں پاور گرڈ، اٹیرنل، ہندستان یونی لیور اور اڈانی پورٹس شامل ہیں۔
بازار ماہرین نے کہا کہ مجوزہ جی ایس ٹی اصلاحات اور حال ہی میں ایس اینڈ پی کی جانب سے ریٹنگ بڑھائے جانے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔ ریاستوں کے وزرائے گروپ نے جی ایس ٹی شرحوں کو معقول بنانے پر مرکز کی پانچ اور 18 فیصد کی دو سطحی ڈھانچے کو اپنانے کی تجویز قبول کر لی ہے۔ جی ایس ٹی کونسل اگلے مہینے اس تجویز پر حتمی فیصلہ لے سکتی ہے۔
فی الحال مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کا چار سطحی ڈھانچہ ہے۔ 5، 12، 18 اور 28 فیصد۔ غذائی اشیاء پر یا تو صفر یا پانچ فیصد ٹیکس لگتا ہے، جبکہ تعیشاتی اور نقصان دہ اشیاء پر 28 فیصد ٹیکس ہے۔
سرمایہ کاروں کی توجہ جیکسن ہال سمپوزیم میں امریکی فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیرو م پاوَل کے بیان پر بھی مرکوز ہے۔ ایشیا کی دیگر منڈیوں میں جنوبی کوریا کا کوسپی اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ بڑھت میں رہے، جبکہ جاپان کا نکیئی اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔
یورپ کی بڑی منڈیوں میں دوپہر کے کاروبار میں گراوٹ کا رجحان رہا۔ امریکہ کی زیادہ تر منڈیاں بدھ کو گراوٹ کے ساتھ بند ہوئی تھیں۔ شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے بدھ کو 1,100.09 کروڑ روپے کے شیئرز بیچے، جبکہ ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے 1,806.34 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے۔
عالمی تیل بینچ مارک برینٹ کروڈ 0.90 فیصد بڑھ کر 67.44 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
چھ دن کی تیزی میں سینسیکس 1,765 پوائنٹس یعنی 2.14 فیصد اور نفٹی 596 پوائنٹس یعنی 2.4 فیصد بڑھ چکا ہے۔