اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز رہی تیزی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-06-2025
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز رہی تیزی
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز رہی تیزی

 



ممبئی/ آواز دی وائس
غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور آئی سی آئی سی آئی بینک و ریلائنس انڈسٹریز میں خریداری کی وجہ سے جمعہ کو مقامی شیئر بازار لگاتار چوتھے کاروباری دن اضافہ کے ساتھ بند ہوا۔ سینسیکس میں 303 پوائنٹس اور نفٹی میں 89 پوائنٹس کی تیزی درج کی گئی۔ ماہرین کے مطابق، امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی مضبوطی اور بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی سے بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔
بی ایس ای کا 30 حصص پر مبنی معیاری انڈیکس سینسیکس 303.03 پوائنٹس یعنی 0.36 فیصد بڑھ کر ایک بار پھر 84,000 کی سطح کو عبور کرتے ہوئے 84,058.90 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران سینسیکس ایک وقت میں 333.48 پوائنٹس بڑھ کر 84,089.35 پر پہنچ گیا تھا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا معیاری انڈیکس نفٹی 88.80 پوائنٹس یعنی 0.35 فیصد کی تیزی کے ساتھ 25,637.80 پوائنٹس پر بند ہوا۔سینسیکس کے گروپ میں شامل کمپنیوں میں ایشیئن پینٹس، الٹرا ٹیک سیمنٹ، پاور گرڈ، آئی سی آئی سی آئی بینک، ریلائنس انڈسٹریز، ہندوستان یونی لیور، بھارت الیکٹرانکس اور سن فارما کے شیئرز میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔
دوسری طرف ٹریںٹ، ایٹرنل، ایکسس بینک اور ٹائٹن کے شیئرز میں کمی دیکھی گئی۔شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے جمعرات کو 12,594.38 کروڑ روپے مالیت کے شیئرز کی خالص خریداری کی۔جیو جیت انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ ونود نائر نے کہا، "مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور وقت سے پہلے تجارتی کشیدگی میں کمی کی امید نے سرمایہ کاروں کی بے یقینی کو دور کیا ہے۔ ایف آئی آئیز جو کئی دنوں سے فروخت کر رہے تھے، اب خالص خریدار بن گئے ہیں، جس سے مستقبل قریب میں بازار کی استحکام بہتر ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور ڈالر کے مقابلے روپے کی مضبوطی نے سرمایہ کاروں کو گھریلو ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ترغیب دی ہے۔ایشیائی بازاروں میں جاپان کا نکی انڈیکس تیزی کے ساتھ بند ہوا، جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی، چین کا شنگھائی کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ نقصان میں رہے۔ یورپ کے بڑے بازاروں میں دوپہر کے کاروبار میں تیزی دیکھی گئی۔ امریکی بازار جمعرات کو مثبت دائرے میں بند ہوئے تھے۔
اسی دوران، ریزرو بینک کے ایک بلیٹن میں تمام بینکوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پالیسی ریپو ریٹ میں کی گئی کٹوتی کا پورا فائدہ قرض لینے والے صارفین تک جلد از جلد پہنچانے کی کوشش کریں۔
عالمی تیل کا معیار برینٹ کروڈ 0.72 فیصد بڑھ کر 68.20 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
سینسیکس جمعرات کو 1,000.36 پوائنٹس بڑھ کر 83,755.87 اور نفٹی 304.25 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 25,549 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔