گراوٹ کے ساتھ ہوا اسٹاک مارکیٹ کا آغاز

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-01-2026
گراوٹ کے ساتھ ہوا اسٹاک مارکیٹ کا آغاز
گراوٹ کے ساتھ ہوا اسٹاک مارکیٹ کا آغاز

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
شیئر بازار میں آج ایک بار پھر توقع کے مطابق گراوٹ کے ساتھ شروعات ہوئی۔ دونوں بڑے اشاریے بی ایس ای سینسیکس اور این ایس ای نفٹی سرخ نشان میں کھلے۔ ہندوستانی ایکویٹی اشاریوں نے بدھ کے کاروبار کی شروعات مسلسل دوسرے سیشن میں بھی کمی کے ساتھ کی۔ ابتدائی کاروبار میں بی ایس ای سینسیکس 169.64 پوائنٹس ٹوٹ کر 84,909.30 پوائنٹس پر آ گیا، جبکہ این ایس ای نفٹی 42.35 پوائنٹس پھسل کر 26,128.90 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے درمیان بدھ کو ابتدائی کاروبار میں سینسیکس اور نفٹی میں گراوٹ درج کی گئی۔ غیر ملکی سرمائے کی مسلسل نکاسی کے سبب بھی شروعاتی کاروبار میں بازاروں پر سستی چھائی رہی۔ سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے ٹاٹا موٹرز پیسنجر وہیکلز، بھارٹی ایئرٹیل، ایچ ڈی ایف سی بینک، بجاج فن سرو، بجاج فنانس اور ماروتی کے شیئرز کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ تاہم ٹائٹن، انفوسس، ایچ سی ایل ٹیک، ٹیک مہندرا اور ریلائنس انڈسٹریز کے شیئرز میں تیزی دیکھی گئی۔
ایشیائی بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی اور چین کا ایس ایس ای کمپوزٹ بڑھت میں رہے، جبکہ جاپان کا نکّی 225 اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ نقصان میں رہے۔ امریکی بازار منگل کو تیزی کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ بین الاقوامی معیار برینٹ کروڈ 0.87 فیصد کی کمی کے ساتھ 60.17 ڈالر فی بیرل پر رہا۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) نے منگل کو فروخت کا رجحان برقرار رکھا اور مجموعی طور پر 107.63 کروڑ روپے کے شیئرز بیچے۔ دوسری جانب، گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے 1,749.35 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے۔
اس سے قبل منگل کو این ایس ای نفٹی 50 سیشن 72 پوائنٹس یا 0.27 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 26,179 پر بند ہوا تھا، جبکہ بی ایس ای سینسیکس 376 پوائنٹس یا 0.44 فیصد کی کمی کے ساتھ 85,063 پر بند ہوا تھا۔