اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز تیزی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-06-2025
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز تیزی
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز تیزی

 



ممبئی/ آواز دی وائس
سیاسی کشیدگی میں کمی اور منتخب بڑی کمپنیوں کے شیئرز میں خریداری کی وجہ سے مقامی شیئر بازار جمعرات کو مسلسل تیسرے کاروباری دن میں تیزی کے ساتھ بند ہوا۔ سینسیکس میں 1,000 پوائنٹس کی زبردست اچھال دیکھی گئی، جبکہ نفٹی بھی 304 پوائنٹس اوپر چلا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے کم ہونے اور گھریلو سطح پر پیدا ہونے والی پرامیدی نے سرمایہ کاروں کے جذبے کو تقویت دی۔ اس کے علاوہ امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی مضبوطی سے بھی مارکیٹ کو سہارا ملا۔
بی ایس ای کا 30 حصص پر مبنی معیاری انڈیکس سینسیکس 1,000.36 پوائنٹس یعنی 1.21 فیصد بڑھ کر 83,755.87 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر یہ 1,056.58 پوائنٹس چڑھ کر 83,812.09 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا 50 حصص پر مشتمل انڈیکس نفٹی بھی 304.25 پوائنٹس یعنی 1.21 فیصد بڑھ کر 25,549 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی کمپنیوں میں ٹاٹا اسٹیل، بجاج فنانس، بھارت ایئریل، اڈانی پورٹس، اٹیرنل، بجاج فِن سرو، این ٹی پی سی، ایچ ڈی ایف سی بینک، ریلائنس انڈسٹریز اور ایکسس بینک کے شیئرز میں نمایاں تیزی رہی۔ اس کے برعکس ٹرینٹ، ہندوستانی اسٹیٹ بینک، ٹیک مہندرا، ماروتی اور مہندرا اینڈ مہندرا کے شیئرز میں گراوٹ دیکھنے کو ملی۔
جیو جیت انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ ونود نائر نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جنگ بندی کے بعد معیاری انڈیکس نے سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کی عکاسی کی۔ حالانکہ، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی فروخت جاری ہے، لیکن گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کار ملک میں کھپت کے بڑھنے اور نقدی کی صورتحال میں بہتری کے سبب نیٹ خریدار بنے ہوئے ہیں۔
وسیع منڈی میں بی ایس ای مڈ کیپ انڈیکس میں 0.56 فیصد اور اسمال کیپ میں 0.12 فیصد کی تیزی رہی۔
شعبہ وار انڈیکسز میں دھات کے شعبے میں سب سے زیادہ 2.28 فیصد، تیل و گیس میں 1.88 فیصد اور توانائی کے شعبے میں 1.68 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔
بی ایس ای پر درج 2,097 حصص میں تیزی، 1,900 حصص میں گراوٹ اور 156 کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
ریلیگیر بروکنگ لمیٹڈ کے سینئر نائب صدر (تحقیقات) اجیت مشرا نے کہا کہ ماہانہ فیوچر معاہدوں کی سیٹلمنٹ کے دن بازار میں ایک فیصد سے زیادہ کی تیزی دیکھی گئی۔ سیشن کی شروعات سے ہی مثبت کاروبار ہوا جس کے پیچھے عالمی سطح کے بہتر اشارے کارفرما رہے۔ منتخب بڑی کمپنیوں میں خریداری سے تیزی کو مزید تقویت ملی۔
ایشیا کی دیگر منڈیوں میں جاپان کا نِکئی انڈیکس بڑھت کے ساتھ بند ہوا، جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی، چین کا شنگھائی کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ یورپی منڈیاں دوپہر کے سیشن میں بڑھت کے ساتھ کاروبار کر رہی تھیں۔ بدھ کو امریکی بازاروں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔
عالمی تیل کا معیار برینٹ کروڈ 0.18 فیصد بڑھ کر 67.80 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، بدھ کو غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) نے 2,427.74 کروڑ روپے کے شیئرز فروخت کیے، جبکہ گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ڈی آئی آئی) نے 2,372.96 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے۔
بدھ کو سینسیکس 700.40 پوائنٹس بڑھ کر 82,755.51 پوائنٹس اور نفٹی 200.40 پوائنٹس چڑھ کر 25,244.75 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔