اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز گراوٹ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز گراوٹ
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز گراوٹ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
اعلیٰ امریکی محصولات سے پیدا دباؤ اور غیر ملکی سرمایہ کی مسلسل نکاسی کے درمیان مقامی حصص بازار جمعہ کو لگاتار تیسرے دن گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ سینسیکس میں 271 پوائنٹ اور نفٹی میں 74 پوائنٹ کی گراوٹ درج کی گئی۔
ماہرین نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ہندوستانی مصنوعات پر 27 اگست سے 50 فیصد محصول عائد کیے جانے کے بعد سے ہی سرمایہ کاروں کا رجحان منفی رہا ہے۔
بی ایس ای کا 30 حصص پر مشتمل معیاری اشاریہ سینسیکس 270.92 پوائنٹ یعنی 0.34 فیصد گر کر 79,809.65 پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 338.81 پوائنٹ کی گراوٹ کے ساتھ 79,741.76 پر آ گیا تھا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا 50 حصص پر مشتمل معیاری اشاریہ نفٹی 74.05 پوائنٹ یعنی 0.30 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 24,426.85 پر بند ہوا۔ سینسیکس کی کمپنیوں میں مہندرا اینڈ مہندرا میں سب سے زیادہ 2.96 فیصد کی گراوٹ آئی جبکہ ریلائنس انڈسٹریز میں 2.21 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ انفوسس، این ٹی پی سی، ٹاٹا موٹرز اور ٹیک مہندرا بھی پیچھے رہ گئے۔
البتہ، آئی ٹی سی، ہندوستان الیکٹرانکس، ٹرینٹ اور لارسن اینڈ ٹوبرو کے حصص نمایاں طور پر فائدے میں رہے۔ اسی دوران، ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے 2026 کی پہلی ششماہی میں ریلائنس جیو کا ابتدائی عوامی اجراء  لانے کا اعلان کیا۔ جیو اب بیرونِ ملک اپنے آپریشنز کے توسیع کے علاوہ اپنی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی بھی تیار کرے گی۔
یہ حصص بازار میں گراوٹ کا مسلسل تیسرا سیشن رہا۔ گزشتہ تین سیشنز میں سینسیکس کُل 1,826.26 پوائنٹ یعنی 2.23 فیصد ٹوٹ چکا ہے جبکہ نفٹی میں 540.9 پوائنٹ یعنی 2.16 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔
جیو جِت انویسٹمنٹس لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ ونود نائر نے کہا کہ امریکی محصولات کے پورے اثرات کو سمجھنے کی کوششوں کے درمیان سرمایہ کاروں کا رجحان محتاط رہا۔ اس مسئلے کے برقرار رہنے سے کچھ شعبوں میں ہندوستان کی برآمدات کی مستقبل کی مسابقتی صلاحیت پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔